کوئٹہ (ای پی آئی )سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی روڈ بلاک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔ سییکورٹی فورسز کے 18 جوان شہید۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے بلوچستان کے امن کو خراب کرنا تھا۔ دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی کے پس پردہ دشمن قوتوں کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اس دوران علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

صدرمملکت آصف زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نےقلات میں دہشتگردی کے واقعے میں 18 سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔صدراوروزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں جامِ شہادت نوش کرنے پرشہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرنے شہدا کیلئے بلندی درجات اوراہل خانہ کیلئےصبرجمیل کی دعا کی۔صدرمملکت آصف زرداری نے کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پرسیکیورٹی فورسزکو سراہا۔

اپنے پیغام میں صدرآصف زرداری نے کہا کہ دہشتگردعناصربلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، ملک دشمن عناصرکی سرکوبی کیلئےسیکیورٹی فورسزکی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستانی عوام ملک کا امن خراب کرنے والے عناصرکومسترد کرتے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسزکے ساتھ ہے۔