1
نوجوان کی محبت میں کراچی آئی امریکی خاتون کو علاج کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔امریکی خاتون اونیجا جناح اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں زیرعلاج ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کو گزشتہ شب جناح اسپتال میں لایا گیا تھا۔اسپتال ذرائع کے مطابق اونیجا کو پولیس لےکر آئی تھی، اونیجا کے پیروں میں بہت سوجن ہے اور وہ عجیب باتیں کررہی ہے، اونیجا کے مختلف ٹیسٹ کیےجائیں گے۔
2
لاس اینجلس میں خوفناک آگ پر3ہفتوں بعدقابو پالیاگیا، نقصانات کا تخمینہ 275 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہےکہ 7 جنوری 2025 کو لگنے والی آگ پر اب مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔
کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے 37,000 ایکڑ سے زیادہ رقبہ اور 10,000 سے زائد گھر جل گئے جس سے تقریباً 30 افراد ہلاک اور ہزاروں بےگھر ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق آگ سے نقصانات کا تخمینہ 250 سے 275 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔
3
قومی کرکٹر امام الحق نے سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام دیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں امام الحق کا کہنا تھاکہ نتیجہ میری توقع کے مطابق نہیں ہے لیکن سفر ابھی ختم نہیں ہوا یہی زندگی ہے۔سب کچھ یہی ہے کہ ہر مشکل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور خود کو مضبوط بنانا ہے اورسب سے اہم صبر اور اللہ پر بھروسہ ہے۔
امام الحق نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام لکھا، امام الحق ون ڈے اسکواڈ کے لیے امیدوار سمجھے جا رہے تھے لیکن انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
4
پختونخوا حکومت نے کرم جرگے سے اسسٹنٹ کمشنر پرحملہ کرنے والوں کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پرفائرنگ کامقصد کوہاٹ میں گرینڈ جرگے کو ناکام بنانا تھا لیکن گزشتہ روزجرگہ کامیابی سےمنعقد ہوا اور اس حوالے سے فریقین نے حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
امن معاہدے کےتحت فریقین اور امن کمیٹی نےقیام امن کی ضمانت دی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرپرحملہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ معاہدے کے تحت فریقین شرپسندوں کےخلاف کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔
5
مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 15 پاکستانی گھروں کو پہنچ گئے۔پاکستانیوں کو مراکش بھجوانے والے انسانی اسمگلرز کی بھی شناخت ہوگئی ہے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایف آئی اے کا بتانا ہےکہ واپس آنے والوں میں 3 افراد گجرات اور ایک منڈی بہاءالدین کا رہائشی ہے جب کہ واپس پہنچنے والوں میں حافظ آباد، گوجرانوالہ اورسیالکوٹ کا بھی ایک ایک نوجوان شامل ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق منڈی بہاءالدین کے شعیب ظفر کو عثمان نامی ایجنٹ نے مراکش بھجوایا تھا اور گجرات کے مدثر حسین کو بھجوانے میں انسانی اسمگلر علی رضا ملوث ہے جب کہ گجرات کے عزیر اور عمران اقبال کو بھجوانے میں انسانی اسمگلر فادی گجر، حافظ آباد کے آصف کو بھجوانے میں لاہور کا رہائشی انسانی اسمگلر عثمان ملوث ہے۔
6
ابف بی آر کو رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 468 ارب روپے خسارے کا سامنا،کیونکہ ٹیکس مشینری مقررہ ہدف 6964ارب روپے کے مقابلے میں صرف 6496 ارب روپے جمع کر سکی۔ مالی سال کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران ریونیو خسارہ 384 ارب روپے تھا جو جنوری 2025 میں مزید 84ارب روپے کے اضافے کے ساتھ بڑھ گیا۔
اس طرح پہلے سات ماہ میں مجموعی خسارہ بڑھ کر 468 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔872 ارب روپے کی ریونیو وصولی کے ساتھ ایف بی آر نے ماہانہ بنیادوں پر 29 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے۔
7
کسٹمز میں متعارف کرائے گئے فیس لیس سسٹم کو ناکام بنانے والے کسٹمز افسر کو معطل کر دیا گیا۔
کسٹمز سے کرپشن کے خاتمے اور کلیئرنس کے نظام کو شفاف اور تیزرفتار بنانے کے لئے وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف بی آر نےکسٹمز میں فیس لیس سسٹم متعارف کرایا ہے، کچھ ہفتے قبل وزیر اعظم پاکستان نے کراچی آکر اس کا افتتاح کیا تھا، اس سسٹم کے تحت کسٹمز اپریزر افسران کا درآمد کندگان اور ایجنٹ کا براہ راست رابطہ ختم کر دیا گیا جس سے کرپٹ افسران اور ان کے معاون کسٹمز ایجنٹس پریشان تھے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق فیس لیس سسٹم میں تعینات ہونے والے اپریزر نے ایک جانب اچھی شہرت رکھنے والی کمپنیوں کی کنسائمنٹ کلیئرنس میں دانستہ تاخیر کرنا شروع کردی۔


