1
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے بھی بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھے جانے کی تصدیق کر دی۔خط کو پارٹی پالیسی میں تبدیلی نہ سمجھا جائے اور عمران خان نے بطور سابق وزیراعظم لکھا ہے کہ کچھ وجوہات کی بنا پر فوج اورعوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں جبکہ خط میں سپہ سالار سے پالیسیوں پر نظرثانی کی درخواست کی گئی ہے۔
پیر کے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو، بانی پی ٹی آئی نے خط میں لکھا ہے کہ فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنی چاہیئے جبکہ سپہ سالار سے پالیسیوں پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔عمران خان کا آرمی چیف کو خط پارٹی پالیسی میں تبدیلی نہیں اور انہوں نے بطور سابق وزیراعظم خط لکھا ہے جس میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات لکھی ہیں۔
2
بجٹ 26-2025ء کیلئے مشاورت شروع کردی، تمام چیمبرز اور صنعت کاروں سے 8 فروری تک تجاویز مانگی ہیں، برآمدات سے معاشی نمو حاصل کرنا چاہتے ہیں، زرعی ٹیکس سے متعلق پنجاب، کے پی اور سندھ میں بل منظور ہوگئے، ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے آج ملاقات ہوئی ہے، چیف جسٹس سے ٹیکس کیسز پر جلد فیصلوں کی درخواست کروں گا، ٹیکسوں سے متعلق امور اور تصفیہ طلب معاملات حل کرائیں گے۔
3
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت دس فروری تک ملتوی،بانی پی ٹی آئی کےوکیل کی مزید ایک اور گواہ پرجرح مکمل،مجموعی تعداد سات ہوگئی۔آئندہ سماعت پر آٹھویں گواہ پرجرح کی جائے گی،استغاثہ کےگواہ محمدفہیم اورعمرصدیق کے بیان پر وکیل صفائی نے جرح کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بیرسٹر گوہر، فیصل چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے،اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے سماعت 10فروری تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت پربانی ہی ٹی آئی کے وکیل 8 ویں گواہ پر جرح شروع کریں گے۔
4
پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ازسرنو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ،رواں ماہ اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ آئی ایم ایف سے پی آئی اے کے علاوہ دیگر ائیرلائنز کو جہازوں پر ٹیکس چھوٹ دینے کی بھی اجازت مل گئی۔نجکاری کمیٹی نے فیصل آباد، گوجرانوالہ اوراسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کیلئے بھی ٹائم لائن طلب کرلی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بریفنگ میں بتایا کہ قومی ایئر لائن کی ازسر نو نجکاری کا عمل شروع کرنے کیلئے رواں ماہ اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جا سکتی ہیں۔
حتمی فیصلہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگاچیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے پی آئی اے کے ملازمین کو 5 سال تحفظ دینے پر زور دیا۔ جس پر سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جائے۔ بڈنگ سے پہلے اس پر حتمی بات چیت کی جائے گی۔
5
آل پاکستان لائرز کنونشن میں وکلا نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کرنے اور دیگر صوبوں سے لائے گئے ججز کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس میں آل پاکستان لائرز کنونشن کا انعقاد ہوا جس میں وکلا نے عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 10 فروری کو ہونے والا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کیا جائے۔
وکلا کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں سے لائے گئے ججز کو واپس لیا جائے اور آئینی ترامیم پر موجودہ 16 ججز پر مشتمل فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔وکلا نے پنجاب بار کی پریس ریلیز پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پیکا ایکٹ میں کی گئی ترمیم کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں گی۔
6
چینی مافیا بے لگام، نرخ میں فی کلو 15 سے 20 روپے تک کا اضافہ،ملتان میں دو ہفتے پہلے 135 روپے فی کلو ملنےوالی چینی اب 150 سے 160 روپے میں فروخت کی جانے لگی جبکہ پچاس کلو کا تھیلا 7 ہزار 200 روپے میں ملنے لگا۔فیصل آباد میں چینی ایکس مل ریٹ 146 روپے جبکہ مارکیٹ میں 160 روپے تک میں فروخت ہونے لگی۔
جھنگ، سیالکوٹ ، سرگودھا اور پاکپتن میں بھی 15 سے 20 روپے اضافے کے بعد اب چینی 155 سے 160 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔حیدرآباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چینی 20 روپے اضافے کے بعد اب 150 روپے میں مل رہی ہے۔
7
پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ نے پاور پلانٹس پرسالانہ فکسڈ فیس کے از سرنو جائزے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا۔پرائیویٹ پاور انفرا اسٹرکچر بورڈ کے ذریعے مکمل ہونے والے پاور پلانٹس سالانہ 300 ڈالر فی میگاواٹ فیس کے پابند ہیں اور پاور پلانٹس مالکان کا موقف ہے کہ یہ رقم صارفین سے ریفنڈ کروائی جائےنیپرا نے کافی عرصے سے پی پی آئی بی کو فیس وصولی سے روک رکھا ہے اور فیس وصولی سے صارفین پر فی یونٹ اضافی بوجھ پڑتا ہے۔نیپرا 13 فروری کو اعداد وشمار کے جائزے کے بعد فیصلہ کرے گی
8
ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کے روز فی تولہ قیمت میں مزید 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آج فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 400 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔10 گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ سامنے آیا اور 171 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار 685 روپے ہوگئی۔
9
مالاکنڈ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔مردان، سوات، چترال اور دیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت سے شہری خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔