1
وزیراعظم شہبازشریف کی اسپیکر ایازصادق کے گھر آمد کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم اسپیکر ایازصادق کی خصوصی دعوت پر ان کے گھرآئے جہاں پیپلز پارٹی کے رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان تلخیاں کم کرنے پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم سے ملاقات میں شازیہ مری نے نہروں کا معاملہ اٹھایا، خورشید شاہ اور اعجاز جکھرانی نے پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو ساتھ لے کر چلنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، چھوٹے چھوٹے سیاسی معاملات کو حل کرلیں گے، اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ایازصادق ہم سے زیادہ آپ کے دوست ہیں یہ حل کروا دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایاز صادق نے توپی ٹی آئی سے بھی مذاکرات جاری رکھنےکی پوری کوشش کی، پیپلزپارٹی اور ہماری جمہوریت کے لیے جدوجہد ایک جیسی ہے، بات چیت اور مذاکرات سے تمام مسائل حل کرلیں گے۔
2
ایڈیشنل رجسٹراراسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامی کمیٹی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امر فاروق انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ سینیئرترین جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو انتظامی کمیٹی کے رکن ہونگے۔اس کے علاوہ چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کردی۔
3
وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ دسمبر تک مکمل کرنےکی ہدایت کردی۔لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے، ن لیگ کے ارکان ان کی طاقت اور عزت ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12سے 14روپے میں مل رہی ہے، ہماری کارکردگی پر سب سے بڑا چیک عوام اور نوازشریف ہیں۔
4
شاہد خاقان عباسی کی جماعت عوام پاکستان پارٹی کو انتخابی نشان مل گیا۔الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کوانتخابی نشان گھڑیال الاٹ کردیا ہے، عوام پاکستان پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کروائے تھے۔الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم کرلیا۔
5
پاکستانی باکسرعثمان وزیرنے اپنی 15 باوٹ بھی جیت لی۔ پاکستان ، افغانستان، تنزانیہ ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے باکسر مقابلے کے لیے رنگ میں اترے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور تنزانیہ کے باکسر البانو کلائیمٹ کے درمیان تھا، جس میں عثمان وزیر فاتح رہے۔ ڈبلیو بی او کے یوتھ چیمپئن ، ڈبلیو بی سی کے مڈل ایسٹ چیمپئن اور ڈبلیو بی اے کے ایشین چیمپئن عثمان وزیر کی یہ لگاتار پندرہویں فتح ہے۔ عثمان وزیر جنھیں حکومت پاکستان نے باکسنگ میں ان کی اعلیٰ کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے نوازا ہے، ان کی باکسنگ ایرینا میں مسلسل 15ویں فتح کے بعد پاکستان میں باکسنگ کے حوالے سے اب ایک نمایاں اور اہم نام بن کر ابھرے ہیں ۔