1
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط،اس معاہدے کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، دیگر اعلیٰ حکام اور سعودی وفد نے شرکت کی۔
معاہدوں کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی پر تیل کی درآمد کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ مانسہرہ میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض دیا جائے گا۔
2
اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی تبدیل کر دی گئی، چیف جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین مقرر ہو گئے۔سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو انتظامی کمیٹی کے ممبران مقرر ہو گئے، چیف جسٹس کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کر دی، نئی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ہوگی۔چیف جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار اعجاز احمد نے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
3
سرگنگارام ہسپتال کی دوسری منزل سے گرکر خاتون جاں بحق ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالی خاتون کی شناخت صائمہ کے نام سے ہوئی جو ایف جے بلاک کی دوسری منزل کی کھڑکی میں بیٹھی تھی۔واقعہ حادثہ ہے یا خودکشی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے واقعے کا نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دے دیا، واقعہ کی تحقیقات کیلئے وائس چانسلر اور ایم ایس کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
4
شام میں ایک کار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے شہر منبج میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔رپورٹ کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 14 خواتین اور 1 مرد شامل ہے جبکہ زخمی ہونی والی تمام خواتین ہیں۔
5
برطانوی وزیراعظم سر کیر سٹارمر یورپی یونین کے تمام 27 رہنماؤں کے ساتھ یورپی دفاع کے حوالے سے بات چیت کرنے کےلیے تیار ہیں۔تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان ماہی گیری کے حقوق سے متعلق جاری تنازع کو حل کرنے کی ضرورت کی وجہ سے ممکنہ سیکیورٹی معاہدہ پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
سر کیر سٹارمر کو ماہی گیری کے حقوق سے متعلق مسائل کی وجہ سے یورپی یونین کے ساتھ دفاعی اور سلامتی کا معاہدہ قائم کرنے میں ممکنہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔برطانوی وزیراعظم یورپی یونین کے 27 سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ ایک اہم عشائیہ کےلیے برسلز روانہ ہوں گے تاکہ یورپی یونین اور برطانیہ کے دفاع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، جو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد زیادہ اہمیت کا حامل موضوع ہے۔


