1
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ہے کہ آرمی ایکٹ کے مطابق فوجی عدالتوں کے کیا اختیارات ہیں؟سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کر رہا ہے ، سزا یافتہ ملزم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل جاری ہیں۔
دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایف بی علی کیس کا 1962 کے آئین کے مطابق فیصلہ ہوا اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ ایکٹ کے مطابق فوجی عدالتوں کے کیا اختیارات ہیں؟ کوئی شخص جو فوج کا حصہ نہ ہو صرف جرم کی بنیاد پر فوجی عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے؟سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ ایف بی علی کیس میں بھی کہا گیا ہے کہ سویلینز کا ٹرائل بنیادی حقوق پورے کرنے کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ ایف بی علی خود بھی ایک سویلین ہی تھے، ان کا کورٹ مارشل کیسے ہوا؟سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ عدالت نے قرار دیا تھا کہ بنیادی حقوق کی فراہمی ضروری ہے، عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی،اسی لیے ایوب خان کے دور میں حبیب جالب نے نظم لکھی میں نہیں مانتا، ایسے دستور کو میں نہیں مانتا، ایف بی علی بعد میں کینیڈا شفٹ ہوئے جہاں وہ کینیڈین آرمی کے ممبر بن گئے۔بعدازاں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کردیا گیا۔
2
رہنما تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک رکا اور پیچھے کی طرف جارہا ہے۔ عوام کے مینڈیٹ کو چرایا نہ جائے، سیاسی کیسز کا مقصد لیڈرشپ اور ورکروں کو ہراساں کرنا ہے ،عمران خان ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر ہیں اور بانی پی ٹی آئی ملکی صورتحال پر پریشان ہیں۔
عمران خان کو ملک کی فکر ہے، بانی کو حکومت کے منفی اقدامات اور دہشت گردی کے واقعات پر بھی تشویش ہے، اس سب کا نزلہ سکیورٹی اداروں پر گررہا ہے، عوامی حمایت کے بغیر فوج اقدامات نہیں کرتی۔ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو خط لکھا کیونکہ وہ قومی لیڈر کے طور پر پریشان ہیں انکو ملک کی فکر ہے، بانی پی ٹی آئی نے خط میں ملکی صورتحال کا پورا جائزہ دیا ہے جب معاملات اس نہج پر پہنچ جاتے ہیں پھر خاموش رہنا ٹھیک نہیں ہوتا۔
انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے معاملے پر درج مقدمہ میں شبلی فراز ،لطیف کھوسہ ،سردار محمد مصروف، نیاز اللہ نیازی و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
3
کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک پاکستان نامکمل ہے۔یوم یکجہتی کشمیر پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، تحریک آزادی کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جد وجہد کر رہے ہیں، بھارتی مظالم کیخلاف بھر پور آواز بلند کریں گے، کشمیری عوام کو استصواب رائے کا بنیادی حق دیا جائے، یہ دن پاکستان کی جانب سے سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی حمایت کا اظہار ہے۔مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے، کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملنے تک پاکستان نامکمل ہے، مقبوضہ کشمیر میں زیادتیوں پر ہم بین الاقوامی برادری کی آواز کے منتظر ہیں۔
15 اگست کو کشمیریوں کے حقوق پامال کیے گئے، ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یوم یکجہتی کشمیر کو روایتی انداز سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس بار شاہراہ دستور پر ایک بڑی واک منعقد کی جائے گی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طارق فضل چودھری کی پریس کانفرنس
4
تحریک انصاف کی مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست پر فریقین سے جواب طلب،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنا یا گیا کہ 8 فروری کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی لاہورکو درخواست دی، 29 جنوری کو درخواست دائر کی گئی مگر تاحال ڈی سی آفس میں کوئی بھی شنوائی نہیں ہوئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی جب بھی جلسے کی اجازت مانگتی ہے تو امن و امان کا مسئلہ بنا لیا جاتا ہے، عالیہ حمزہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو ہدایت کی جائے کہ 8 فروری کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دیں، پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنان کو ہراساں کرنے اور اغوا کرنے سے روکا جائے۔
5
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت اعظم سواتی کے وکیل چودھری عدنان کلار نے پانچ مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اعظم خان سواتی دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں ، اعظم سواتی مانسہرہ میں زیر علاج ہیں وہ سفر نہیں کر سکتے حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
جج منظر گل نے اعظم خان سواتی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور ملزم کو حاضری کا آخری موقع دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ چار پانچ دن کی تاریخ دے رہا ہوں آئندہ لازمی پیش کریں۔بعدازاں عدالت نے سانحہ نو مئی کے پانچ مقدمات میں اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت میں 12 فروری تک توسیع کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
6
سندھ حکومت کامنافع خوروں کے لئے الگ نئے تھانوں کے قیام کا فیصلہ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر ضابطے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کے لیے الگ تھانوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
تھانوں کا دائرہ اختیار پورے سندھ میں ہوگا اور یہ تھانے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے، نئے قائم کردہ تھانوں میں محکمہ بیورو آف سپلائی اور پولیس کا عملہ شامل ہوگا۔ہ تمام گڈاؤنز کو رمضان سےپہلے رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بچت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کےخصوصی سٹالز اور پھلوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔
7
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی کاز لسٹ کینسل،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان آج دستیاب نہیں ہوں گے، کاز لسٹ کینسل ہونے کا نوٹس عدالت کے باہر آویزاں کر دیا گیا۔اس کے علاوہ گزشتہ روز کی ہڑتال کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے دیگر ججز کی عدالتوں میں کیسز کی سماعت معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ٹرانسفر ہونے والے تینوں ججز نے بھی آج معمول کے مطابق کیسوں کی سماعت کی، سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر نے سنگل بنچ میں 10 کیس سنے، جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں ڈویژن بنچ میں چھ کیس بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں۔جسٹس خادم حسین سومرو نے آج 9 کیسوں کی سماعت کی، جسٹس محمد آصف نے 6 کیسوں کی سماعت کی، گزشتہ روز ہڑتال کے باعث کئی کیسز التواء کا شکار ہوگئے تھے۔
8
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرم میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈا پور نے ہسپتال انتظامیہ سے سعید منان کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ نامساعد حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر کرم کی ضلعی انتظامیہ خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔
9
20 سال بعد پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں میچ کروانے پر غور،پولیس حکام کے مطابق پی ایس ایل میچ کروانے کے لیے آئی سی سی کی ٹیم نے ارباب نیاز سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ آئی سی سی کی ٹیم نے غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے گراؤنڈ، پویلین، ایریا روٹ اور ہوٹل روٹ کا سروے کیا، پشاور پولیس چیف نے آئی سی سی کی ٹیم کو سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔
شائقین کے لیے شٹل سروس، ڈرون کیمرا مانیٹرنگ اور سٹیڈیم کے قریب ہیلی پیڈ بنایا جائے گا، پی سی بی اپریل میں پی ایس ایل کے 2 میچز پشاور میں کروانے پر غور کر رہا ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے تسلی بخش انتظامات کیے جائیں گے۔
10
3 ارب کی جعلی پنشن کا سکینڈل، عدالت نے 3 ملزموں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے امداد میمن، محمد اشرف مزنانی اور انوپ کمار کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے حکم دیا کہ تینوں ملزموں پر جتنی کرپشن کا الزام ہے اتنی ہی رقم بطور ضمانت جمع کروائیں۔وکیل بیرسٹر حسن خورشید نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزموں پر 66، 66 ملین روپے کی کرپشن کا الزام ہے، ملزم امداد میمن گردے کی تکلیف کے عارضے میں مبتلا ہے۔
وکیل کے مطابق ملزم امداد میمن کا جیل میں علاج ممکن نہیں ہے، میڈیکل بورڈ نے بھی تصدیق کی ہے، ملزم اشرف مزنانی کی اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے علاج جاری ہے۔وکیل احمد شاہ میر نے کہا کہ ملزم انوپ کمار گردوں کے مرض میں مبتلا ہے۔
11
خیبر پختونخونخوا کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں دو گروپوں میں تصادم سے 5افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ڈی آئی خان کے علاقے تمن کھوسہ میں پیش آیا، جہاں دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں پانچ افراد زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
12
پولیس کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، انتہائی مطلوب خوارج ریحان اللہ ہلاک،آپریشن کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم کا مقامی کمانڈر انتہائی مطلوب خوارج ریحان اللّٰہ المعروف منتظر اشناء ہلاک ہو گیا۔ہلاک دہشت گرد لیفٹیننٹ عارف اللہ خان کو مسجد کے اندر شہید کرنے سمیت پولیس پر حملوں میں ملوث تھا۔
ڈی پی او لکی مروت محمد جواد اسحاق کے مطابق ہلاک ملزم بھتہ خوری، اغواء، ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین مقدمات میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف ، میگزین اور ہینڈگرنیڈ بھی برآمد ہوا۔
13
حکومت بھی سستی پیدا ہونے والی بجلی مہنگی خریدنے میں ملوث،دستاویزات میں ہوا سے بننے والی بجلی 47 روپے، سولر سسٹم سے پیدا ہونے والی بجلی 48 روپے فی یونٹ خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔حکومت نے ونڈ پاور پلانٹس سے 47 روپے فی یونٹ تک بجلی خریدی جبکہ سولر سے پیدا ہونے والی بجلی 48 روپے فی یونٹ میں خریدی گئی، ونڈ پاور کے صرف 8 پاور پلانٹس سے 40 روپے سے زائد فی یونٹ بجلی خریدی گئی۔


