1
سپریم کورٹ کے باہر احتجاج، پی ٹی آئی کے حامی وکلا کی ضمانت میں توسیع،سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے حامی وکلا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز ،لطیف کھوسہ ،سردار محمد مصروف، نیاز اللہ نیازی اور دیگرعدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کردی۔
2
پی ٹی آئی کارکنان پر احتجاج اور جلاو گھیراؤ کی دفعات کے تحت درج مقدم میں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ملزمان پورے نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی۔
انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہرعباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں موجود ملزمان کی حاضری کے بعد کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
ملزمان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، علی بخاری ایڈووکیٹ اور آمنہ علی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی آئندہ سماعت 12 فروری کو ہوگی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔
3
حکومت سندھ کا منافع خوروں کے لئے الگ تھانوں کے قیام کا فیصلہ،سندھ حکومت کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر ضابطے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت معاون خاص برائے سی ایم آئی آٹی وقارمہدی اور معاون خاص بیورو آف سپلائی عثمان ہنگورو نے کی۔
اجلاس میں سیکریٹری زراعت سہیل احمد قریشی، ڈی جی بیورو آف سپلائی پرائسزشاکر قیوم خانزادہ، مینیجر لیگل نیشنل فوڈز اور دیگر افسران شریک تھے.اجلاس میں سیکریٹری زراعت سہیل احمد قریشی اور ڈی جی بیورو آف سپلائی کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی، وقارمہدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کے کےلئے تھانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشوں کو روکنا ہے۔
سندھ بھر کی مارکیٹوں کی نگرانی کے لئے خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں، عام لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا اورانہیں انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیع ہے۔اجلاس میں کراچی کی بچت بازاروں میں سستی نرخوں پر مصالحہ جات کے اسٹالز لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، فروٹ اور ویجیٹیبلز کی پرائز لسٹ تمام دکانداروں اور ٹھیلے والوں کو رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
4
صدر مملکت چار روزہ سرکاری دورے پر آج چین روانہ ہوں گے.صدر آصف علی زرداری یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدر زرداری بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی چیانگ اور دیگر اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون، انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) سمیت دیگر مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی جائے گی۔ صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی چین روانہ ہوگا، جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل ہوں گے۔
5
چیمپئینز ٹرافی؛ پاکستان کا 3 ٹیمیں بنانے کا فیصلہ،چیمپئینز ٹرافی میں شریک مہمان ٹیموں کو میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل پریکٹس کا موقع دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ شاہینز کے تین الگ الگ اسکواڈ تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز کی ٹیمیں چیمپئینز ٹرافی میں شرکت کرنیوالی ٹیموں کے خلاف میدان میں اُتریں گی، جس کے باعث ڈومیسٹک پلئیرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹرز کیساتھ کھیلنے کا تجربہ ملے گا جبکہ مہمان ٹیم اپنی پریکٹس بھی کرسکے گی۔
بورڈ کے منصوبے کے مطابق پاکستان شاہینز کی ایک ٹیم کراچی، دوسری لاہور اور تیسری دبئی میں پریکٹس میچز کھیلے گی۔
6
ریلوے ملازمین کیخلاف ایف آئی آر کیلیے متعلقہ افسر کی اجازت لازمی قرار،ریلوے انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ کسی بھی ریلوے ملازم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے قبل متعلقہ مجاز افسر کی اجازت لازمی ہوگی۔
اب کسی بھی ریلوے ملازم خاص طور پر کمرشل اسٹاف کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے پہلے مجاز افسر سے باقاعدہ منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو غیر ضروری قانونی کارروائیوں سے بچانا اور ان کے کام کے ماحول کو مزید محفوظ بنانا ہے۔پریم یونین کے رہنماؤں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ریلوے ملازمین کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
7
رہنما تحریک انصاف علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہم نے تو ہمیشہ تصادم کو روکنے کی کوشش کی ہے، عمران خان صاحب کی مذاکرات کی جو کوشش تھی، یہ بھی کوشش تھی کہ سیاسی قوتیں ، سرجوڑ کر بیٹھیں اور خود مسائل کا حل نکالنے کی سعی کریں۔
میں سمجھتا ہوں کہ دو تین چیزوں نے معاملہ بڑا خراب کیا، ایک تو خان صاحب سے ہماری مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا نہ ہونااور بار بار اس میں تعطل ہونا ، دوسرا اس دوران جو خان صاحب کو سزا سنا دی گئی۔
8
رہنما مسلم لیگ (ن) میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ جہاں تک پارٹی ڈیمج کنٹرول کی بات ہے تو اس کو ٹائم لگے گا مگر ہو سکتا ہے کہ نواز شریف کے ایکٹو ہونے سے اور حقائق قوم تک پہنچانے سے چیزیں کنٹرول ہوسکتی ہیں۔ آپ نے بڑی اچھی بات کی مگر پھر مجھے یہ بھی کہنے کی اجازت دے دیں کہ یہ کیسی پی ٹی آئی دشمنی تھی کہ خیبر پختونخوا میں ان کو دوتہائی سے زیادہ اکثریت دیدی گئی۔
میں نے حکومت کے کیس فیصلے کی حمایت نہیں کی آئین کی حمایت کی ہے، میں نے آئین کے متعلق کہا ہے کہ دستور پاکستان کا آرٹیکل 200صدر پاکستان کو اس بات کا اختیار دیتا ہے وہ کسی بھی ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں کسی بھی جج کو اس کی رضامندی سے ٹرانسفر کر سکتا ہے تبادلہ کر سکتا ہے لیکن اس کے لیے اسے چیف جسٹس آف پاکستان سے مشاورت اور جو متعلقہ عدالتیں ہیں کے چیف جسٹسز سے مشاورت کرنا ضروری ہے۔صدر سپریم کورٹ بار میاں رؤف عطا
9
جولائی تا جنوری، تجارتی خسارہ 13 ارب 48 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔سالانہ بنیادوں پر برآمدات 4.59 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر0.31 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد جنوری میں برآمدات 2 ارب 92 کروڑ ڈالرز رہیں۔
اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کر دہ اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے7 ماہ میں برآمدات 9.98 فیصد بڑھ کر19 ارب 55 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم دسمبر 2024 ء کے مقابلے میں جنوری 2025 میں درآمدات میں کمی ہوئی، جنوری میں درآمدات کا حجم 5 ارب 23 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا۔
پاکستان ادارہ شماریات نے بتایا کہ جنوری 2025ء میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 17.78 فیصد بڑھا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 5.47 فیصد کم ہوا، جس کے بعد اس کا حجم 2 ارب31 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔