1
اسرائیلی فوج کی غزہ میں 15 ماہ سے زائد عرصے سے جاری بمباری میں 61 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ حکام کی رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے بعد عمارتوں کے ملبے سے ہزاروں شہدا کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور مزید 14 ہزار سے زائد لاشیں اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا امکان ہے۔اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں بھی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں جہاں گزشتہ ایک ماہ میں 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔
2
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان فضائی سروس جلد بحال ہونے کا امکان، پاکستان کی نجی ائیر لائن اور بنگلا دیشی نجی ائیر لائن کی جانب سے کراچی سے ڈھاکا روٹ پر براہ راست پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں دونوں ملکوں نے آمادگی ظاہر کردی ہے جب کہ بنگلا دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں اجازت دے دی ہے۔ بنگلا دیش کی شہری ہوا بازی اور سیاحت کی وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالناصر خان نے کہا کہ انہیں پاکستان کی نجی ائیر لائن نے ڈھاکا سے کراچی روٹ پر پروازوں کی تجویز دی جسے منظور کر لیا گیا ہے اور پروازوں کے لیے ائیر لائن سے معاہدہ جلد متوقع ہے۔
3
پی آئی اے کی نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کرنےکا فیصلہ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا جس میں بتایا گیا کہ پچھلے دور میں بولی دہندگان نے نئے طیاروں کی شمولیت اور بیڑے کی توسیع پر حکومت کی طرف سے عائد کردہ 18 فیصد جی ایس ٹی کو معاف کرنے کی سفارش کی تھی، ان کا خیال تھا کہ اس ٹیکس کو ہٹانے سے نئے طیاروں کے حصول میں آسانی ہوگی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے واجبات 45 ارب روپے ہیں جن میں ایف بی آر کے 26 ارب روپے ٹیکس واجبات ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 10 ارب روپے واجب الادا ہیں اور باقی رقم پنشن واجبات پر مشتمل ہے۔آئی ایم ایف نے اتفاق کیا کہ اگر پی آئی اے کی نجکاری کی جاتی ہے تو نئے طیاروں میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے 18 فیصد جی ایس ٹی کو ہٹایا جاسکتا ہے۔
4
کرم میں قیام امن کیلئے جرگہ، سڑکیں کھولنے اور مزید جرگے کرنے پر اتفاق،کرم امن معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق فریقین کی 14 ، 14 اراکین پر مشتمل کمیٹی کا پشاور میں جرگہ ہوا ۔ جرگے میں سڑکیں کھولنے اور جرگہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔جرگہ اراکین نے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔جرگے میں بنکرزکی مسماری اور اسلحہ جمع کرانے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے ۔
اس کے علاوہ جرگہ عمائدین نے حکومت سے متاثرین کے نقصانات کے جلد ازالہ کا بھی مطالبہ کیا۔ جرگہ اراکین نے میڈيا کو بتایاکہ سڑکیں کھولنے کا معاملہ انتہائی اہم ہے ، اسلحہ اور بنکرز کی مسماری سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
5
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام خط کا مقصد فوج اور عوام میں فرق ڈالنا ہے۔رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کا مقصد ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان فرق ڈالا جائے یا فوج اور اُس کی کمانڈ کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جائیں۔
کیا یہ خط جیل سے لکھے جارہے ہیں؟ یہ کہاں سے آتے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی جدوجہد کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں۔جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو،مزید کہاجسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق جہانگیری کی تعیناتی رکوانے کے لیے پی ٹی آئی کی حکومت سر کے بل کھڑی ہو گئی تھی۔ کیا متعلقہ چیف جسٹس اور جج غلط ہیں اور جنہوں نے خط لکھا ہے وہ ٹھیک ہیں؟