1
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 نئے ججز آنے سے انتظامی طور پر بڑی تبدیلیاں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی منظوری سے آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کو ہٹا کر جسٹس سرفراز ڈوگر کو اے ٹی سی اور احتساب عدالتوں کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس اعظم خان کو ڈسٹرکٹ کورٹس ویسٹ کا انتظامی جج تعینات کر دیا گیا۔آفس آرڈر کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر ایف آئی اے کورٹس کے انتظامی جج اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بینکنگ کورٹس کی انتظامی جج تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ جسٹس راجہ انعام امین منہاس سیشن کورٹس ایسٹ کے انتظامی جج ہوں گے۔
2
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے، چاروں صوبوں نے وفاق کے ساتھ مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور فیصلے کئےملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، جمروت میں پولیو ٹیم پر حملہ افسوسناک ہے۔
ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 23 خوارج کو جہنم واصل کیا، خوارج سے لڑتے ہوئے 18 جوان جام شہادت نوش کر گئے، بلوچستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی، زخمی جوانوں سے ملاقات کی تو ان کے حوصلے بلند تھے۔جوانوں کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی پوری قوم معترف ہے، ملک وقوم کیلئے قربانیاں دینے والے قوم کے ہیروز ہیں، افواج پاکستان اور عوام دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے شانہ بشانہ ہیں۔
نئے سال کے آغاز پر مہنگائی کی شرح مزید کم ہوئی، جنوری 2025 میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں، سال 2024 کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی 4.1 فیصد تک کم ہوئی، جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.5 فیصد پر آ چکی ہے۔
مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو
3
سینیٹ کمیٹی میں بھکاریوں سے متعلق سزاؤں میں اضافے کا بل منظور،سینیٹر فیصل سلیم کی صدرات میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگرنٹس بل پیش کیا گیا۔سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ انسانی سمگلنگ بہت زیادہ ہو گئی ہے اس حوالے سے یہ بل اہم ہے، بل میں کنوکشن اور سزاؤں کے حوالے سے اقدامات کا کہا گیا ہے۔
سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سزائیں بڑھانے کا مقصد یہ ہے کہ ملزمان کی ضمانتیں جلد نہ ہو سکیں، اس بل کو پاس کر دینا چاہیے، سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ پہلے اس میں سب سے زیادہ سزا 7 سال تھی اب اس کو 10سال تک بڑھایا جائے گا۔اس کے بعد بھکاریوں کے حوالے سے سزاوں میں اضافہ کرنے کے حوالے سے بل بھی کمیٹی میں پیش کیا گیا۔
وزارت قانون نے کہا کہ بل میں بھکاریوں کی معاونت کرنے والوں اور سہولت کاروں کی سزاؤں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، اب بھکاریوں کے سہولت کاری کرنے والوں اور بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کو 10 سال سزا ہوگی۔
4
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی ملاقات،ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران عدالتی امور اور ججز نامزدگی پر گفتگو ہوئی۔چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے چیف جسٹس پاکستان سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔
5
پرویز الہٰی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت 18 فروری تک ملتوی،لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار اقبال ڈوگر نے پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الہٰی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت شریک ملزمان محمد خان بھٹی، مختار، سمیع اللہ، زوہیب، عاطف، محمد امین سمیت دیگر عدالت پیش ہوئے جبکہ پرویز الہٰی کی جانب سے ان کے وکیل نے میڈیکل عدالت میں پیش کیا۔اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے ریمارکس دیئے کہ یہ میڈیکل ایسے ہی ہے، سرکاری ہسپتال کا میڈیکل پیش کریں، آئندہ اگر حاضری معافی ہوئی تو سرکاری ہسپتال کا میڈیکل پیش کریں۔
جج سردار اقبال ڈوگر نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیس کو چلنے دیں، اتنے لوگ آتے ہیں اور متاثر ہو رہے ہیں۔بعدازاں لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔
6
گوجرانوالہ: ملازمت کاجھانسہ دیکر شہریوں سے رقم ہتھیانے والے دو ملزمان گرفتار،ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت عاشق حسین اور محمد اظہر کے نام سے ہوئی ،گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں گجرات سے گرفتار کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم عاشق حسین نے شہری کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ روپے بٹورے، ملزم کے خلاف سال 2024 سے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا ،ملزم محمد اظہر نے متعدد شہریوں کو یونان بھجوانے کے لیے مجموعی طور پر 34 لاکھ 70 ہزار روپے بٹورے۔ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے ،
7
ایف بی آر نے ایک ارب کی ہیرا پھیری اور کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑ لی۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ایکسپورٹ سہولت سکیم کی آڑ میں97کروڑ 70لاکھ روپے کا بڑافراڈپکڑلیا، دو جعلساز کمپنیوں نے گٹھ جوڑ کر کے قیمتی دھات کے سانچوں کی درآمد میں ای ایف سی کا غلط استعمال کیا۔
ایف بی آر کے مطابق جعلساز کمپنیزنے قیمتی دھات کے47 کنٹینرز درآمد کیے،ایک ہزار560 میٹرک ٹن مال غائب کرکے صرف 111 میٹرک ٹن مال ظاہر کیا ،جعلساز کمپنیوں نے ملی بھگت سے ایک ارب 60 کروڑ روپے درآمد شدہ مال میں ہیرا پھیری کی ۔


