1
یوم یکجہتی کشمیر پر حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، شہر شہر جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کر کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا، سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزراء، دفترخارجہ کے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد اور سویٹ ہوم کے بچوں نے شرکت کی، شرکاء نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
کشمیر جنت نظیر وادی ہے جس کا قدرتی حسن لاجواب ہے، کشمیر کی ہر وادی، ہر درخت اور ہر جنگل جنت کا آئینہ ہے بھارت نے اپنے ظلم و جبر سے جنت جیسی وادی کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔ بھارت نے حق خود ارادیت، زندہ رہنے کا حق کشمیریوں سے چھین لیا، بھارت کی بربریت کی وجہ سے پورا ریجن تباہی کی طرف چلا گیا، ہم بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وقت آگیا ہے، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ڈی چوک میں وفاقی وزیر توانائی مصدق ملک کاخطاب
2
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جیل روڈ پر نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ حاجی محمد قاسم رئیسانی جیل سے اپنی گاڑی میں گھر کی طرف روانہ ہوئے جیل روڈ پر مرک مارکر فیکٹری کے قریب سپیڈ بریکر پر جونہی گاڑی آہستہ ہوئی تو نامعلوم مُسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شدید زخمی ہوگئے تاہم ڈپٹی سپرنٹیڈنٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
3
سہ فریقی سیریز کیلئے ٹکٹوں کا حصول، کوریئر سینٹرز میدان جنگ میں تبدیل،کراچی اور لاہور میں ٹی سی ایس کے متعدد مراکز پر توڑ پھوڑ کی گئی، یہ مراکز پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کے لیے قائم کیے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی سی ایس کے یہ مراکز شائقین کی سہولت کے لیے قائم کیے تھے جنہیں توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شیشے توڑ دیئے گئے اور عملے کو بھی زدوکوب کیا گیا تاہم حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو طلب کرنا پڑا، ان واقعات کے بعد ان سینٹرز پر کام روک دیا گیا اور ٹکٹوں کی فروخت بھی روک دی گئی ہے۔
4
صدر مملکت آصف علی زرداری سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر چین کے وزیرِ خزانہ لان فوآن، چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چینی سفیر چیانگ زائے ڈونگ نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔
آصف علی زرداری 4 سے 8 فروری تک دورہ چین پر ہیں، صدر مملکت کا دورہ چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔صدر مملکت کا دورہ چین دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، دورے کے دوران صدر مملکت چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
آصف علی زرداری اپنے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، صدر مملکت چین کی سٹیٹ کونسل کے پریمیئر لی چیانگ سے بھی ملیں گے۔
5
خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے پیش نظر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیئے۔صوبائی حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز کو میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے کا حکم دیتے ہوئے امتحانات رمضان کے بعد اپریل میں لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
امتحانات ماہ رمضان کے بعد لیے جائیں گے، امتحانات ملتوی کرنے کا مقصد رمضان کے دوران طلبہ کو سہولت دینا ہے۔صوبے میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 5 مارچ کو شیڈول تھے تاہم اب التوا کے بعد میٹرک کے سالانہ امتحانات اب 8 اپریل کو شروع ہوں گے۔
اعلامیہ تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کے اجلاس میں اسی ہفتے جاری کر دیا جائے گا، خیبرپختونخوا میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اب 10 اپریل کے بجائے 7 مئی کو شروع ہوں گے۔چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ نصراللہ خان
6
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے مسافر کوچ سروس معطل کر دی گئی۔کوچ مالکان نے اپنی کوچز ایئر پورٹ پر کھڑی کر دیں۔ قومی شاہراہوں پر بھتہ خوری اور بے امنی کے باعث کوچ سروس معطل کی ہے، شیرانی میں کوچ کو جلا گیا، حکومت معاوضہ ادا کرے اور مطالبات تسلیم کرے۔
7
کشمیری ڈرپوک نہیں نڈر قوم ہے، کشمیری کبھی نہیں جھکیں گے۔کشمیریوں کا سب سے بڑا ہتھیار شہدا کا خون ہے، شہداء کی قربانی ہمیں توانائی دیتی ہے کہ ہم حق اور سچ کیلئے کھڑے رہیں۔بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، حال ہی میں میری والدہ کو بھارت نے اپنے دہشت گرد نیٹ ورک کے ذریعے سلو پوائزنگ سے شہید کروایا۔یوم یکجہتی کشمیر پر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا پیغام
8
کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ہے، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامال کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔
جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا، تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کبھی زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔یومِ یکجہتی کشمیر پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاپیغام
9
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا نوٹس لے۔5 فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے۔
انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کشمیر کیلئے کب حرکت میں آئے گی؟ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بھارت کے مظالم تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، عالمی طاقتیں بھارتی ظلم پر کب بولیں گی؟ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
10
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام اورحکومت کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آزادی کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے۔
ہم آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی ،سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں۔یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کا پیغام
11
اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔اعلامیے کے مطابق 88 سالہ پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا، پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے، انکی نماز جنازہ اور تدفین بھی لزبن میں ہی کی جائے گی، تاریخ اور وقت کا اعلان انتظامات کو حتمی شکل دیئے جانے پر کیا جائے گا۔
اسماعیلی امامت کے دیوان کے مطابق پرنس کریم آغا خان اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے 49 ویں امام یعنی روحانی لیڈر تھے، وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی حضرت بی بی فاطمہ اور پیغمبر اسلام کے کزن حضرت علی علیہ سلام کی نسل سے تھے۔
12
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر کے اپنی ملکیت بنائیں گے جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ فلسطینی غزہ کو چھوڑ دیں، تعمیر نو کا کوئی کام نہیں ہوگا،ہم علاقے کے لوگوں کیلئے ملازمتیں دیں گے، شہریوں کو بسائیں گے، مجھے امید ہے کہ جنگ بندی سے خونریزی ختم ہو جائے گی، بہت سے ممالک جلد ہی ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے۔
میں اسرائیل، غزہ اور سعودیہ کا دورہ کروں گا، سعودی عرب بہت مددگار ثابت ہوگا،،نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں ہم نے حماس کے خاتمے کو یقینی بنانے کے طریقے پر تبادلہ خیال کیا،ایران پر سخت پابندیاں عائد کریں گے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس
13
سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرے گا، فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق سعودی عرب کا مؤقف مضبوط اور غیر متز لزل ہے۔
سعودی عرب کے ولی عہد سلطنت کے مؤقف کی کھلے اور دوٹوک انداز سے تصدیق کرتے ہیں، سعودی عرب کے مؤقف کی کسی بھی حالات میں کسی تشریح کی اجازت نہیں۔فلسطینیوں سے متعلق سعودی عرب کے مؤقف پر گفت وشنید کی ہی نہیں جا سکتی۔سعودی وزارت خارجہ


