1
پاکستان اور چین کا انٹیلیجنس شئیرنگ مزید بہتر کرنے پر اتفاق ، ملاقات کے دوران انٹیلیجنس شئیرنگ کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں پیرا ملٹری فورسز کے لئے بارڈرز کو محفوظ کرنے کے لیے تعاون پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر پولیس اور پیرا ملٹری فورسزکی جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے پولیس کے لئے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے چین سے حصول کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چین سے پولیس کے لئے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے۔ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی گئی اور بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
2
کچھ بھی کرلو، غزہ نہیں چھوڑیں گے، امریکی صدر کے قبضے کے اعلان پر فلسطینیوں کا رد عمل،غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر فلسطینیوں کی طرح غزہ کے جنوبی شہر رفح کے رہائشی حاتم عزام نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا کہ غزہ کے رہائشیوں کو مصر یا اردن منتقل ہو جانا چاہیے۔
3
8 فروری جلسہ؛ علی امین گنڈاپور سے پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر کی ملاقات، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے صوبائی صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر خان نے ملاقات کی ہے، جس میں 8 فروری کے صوابی جلسے کے حوالے سے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے جنید اکبر کو جلسے کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 8 فروری کو صوابی انٹرچینج کے قریب خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
4
پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے قائم مقام افغان سفیر سے ملاقات کی ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے افغانستان کے پاکستان میں قائم مقام سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی، اس موقع پر سینئر سیاستدان محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمان خلیل بھی شریک تھے۔
بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے افغانستان کی قیادت کے لیے خصوصی پیغام بھی سفیر مولوی سردار احمد شکیب کے حوالے کیا ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے افغانستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں اور برادرانہ خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان خوشگوار، باہمی بااعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔بیرسٹر سیف نے قائم مقام افغان سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی و سیاسی عمائدین اور علما کا وفد افغانستان لانا چاہتے ہیں۔
5
طالبان کے سینئر وزیر لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت پر افغانستان چھوڑنے پر مجبور،افغانستان کے سینئر وزیر نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پیغمر محمدﷺ کے دوران میں مرد اور خواتین دونوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھلے ہوئے تھے، کئی عظیم خواتین تھیں جنہوں نے شان دار خدمات انجام دیں اور اگر میں بیان کرنے لگ جاؤں تو بڑا وقت لگے گا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس تقریر کے بعد طالبان کے سپریم لیڈر ہبت اللہ اخونزادہ نے مبینہ طور پر نائب وزیرخارجہ کی گرفتاری کا حکم دیا اور بیرون ملک جانے پر پابندی کے احکامات جاری کردیے۔
مزید بتایا گیا کہ سپریم لیڈر کے ان احکامات کی وجہ سے محمد عباس استنکزئی کو افغانستان چھوڑ کر متحدہ عرب امارات منتقل ہونا پڑا۔رپورٹ کے مطابق محمد عباس استنکزئی نے مقامی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ وہ دوبئی جاچکے ہیں لیکن بتایا کہ وہ طبی مسائل کی وجہ سے یہاں منتقل ہوگئے ہیں۔
6
اپوزیشن کی بڑی بیٹھک، اکٹھے چلنے کا فیصلہ، ایجنڈے کیلیے کمیٹی قائم،اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے قومی ایجنڈے کی تیاری کیلیے کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کرتے ہوئے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے. مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ الیکشن کی پیداوار ہے جو عوام کی نمائندہ نہیں، یہ حکومت اور الیکشن کمیشن فوری مستعفی ہو جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کے گھراپوزیشن رہنماؤں کا اکٹھ،دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا. اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے آئندہ مل کر چلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ایجنڈے کی تیاری کیلئے کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا.
7
کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت 97کروڑ روپے مالیت کی ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کے ایک اور بڑے فراڈ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے موصولہ خفیہ اطلاع پر میسرز ایم ڈی انڈسٹریز اور میسرز دینار انڈسٹریز کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔
کمپنیوں کی جانب سے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کے تحت درآمد ہونے والے ایک ہزار 550 میٹرک ٹن لیڈانگٹس میں سے صرف 111 میٹرک ٹن برآمد کیے گئے، اس طرح سے ای ایف ایس کے تحت درآمد ہونے والے باقی ماندہ خام مال کو مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کیا گیا۔ بعد از کلیئرنس آڈٹ کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ درآمد ہونے والے 2 ہزار 751 میٹرک ٹن خام مال میں سے صرف 307 میٹرک ٹن کے ذخائر کمپنی کے گودام میں موجود پائے گئے، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک کمپنی اپنے برانڈ سے سیسے کی انگوٹھیاں تیار کررہی تھی، جسے بعدازاں دوسری کمپنیوں کے نام سے برآمد کیا گیا۔
8
مریدکے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں سی آئی اے کے سب انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے سب انسپکٹر مراد علی سی آئی اے آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور ہیڈکوارٹر میں تعینات تھے۔
وہ اپنے دوست ذکاء کے ہمراہ شیخوپورہ جا رہے تھے کہ مریدکے جی ٹی روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ گاڑی کے ڈرائیور نے جان بچانے کے لیے رفتار بڑھا دی، تاہم گاڑی بے قابو ہو کر کھمبے سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں سب انسپکٹر مراتب علی اور ان کے دوست ذکاء موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ شدید زخمی ڈرائیور کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ تھانہ صدر مریدکے پولیس نے مقتول کے بھائی بشارت علی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔