1
کوئٹہ سے دیگر صوبوں میں جانے کیلئے مسافر کوچ سروس معطل کر دی گئی۔کوچ مالکان نے کوئٹہ سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے مسافرکوچ سروس معطل کرتے ہوئے اپنی کوچز ائیرپورٹ پرکھڑی کردیں۔
کوچ مالکان کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پربھتہ خوری اور بےامنی کے باعث سروس معطل کی گئی ہے۔ شیرانی میں کوچ کو جلایا گیا جس کا حکومت معاوضہ ادا کرے اور ہمارے مطالبات تسلیم کرے۔
2
لاہور میں غیر قانونی طور پر3 نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے پر 5 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔رائیونڈ کے رہائشی ماجد اقبال خان کی جانب سے ایف آئی اے میں درج مقدمے کے مطابق 3 بھانجوں کو اٹلی بھجوانےکے لیے 5 ملزمان کو 90 لاکھ روپے دیے تھے۔
مقدمے کے مطابق ملزمان نے سہیل، ارسلان اور خرم کوپڑوسی ملک لےجاکر مزید رقم طلب کی اور انسانی اسمگلروں نے نوجوانوں کو اغوا کاروں کو فروخت کر دیا جس پر اغواکاروں نے نوجوانوں کو تشددکا نشانہ بنایا اور ان کی ویڈیوزبناکر گھر والوں کو بھیج دیں۔مقدمے میں مزید بتایا گیا کہ اغوا کاروں نے نوجوانوں کی رہائی کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے مانگے ہیں۔
3
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا امکان ہے۔پیٹ کمنز ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہیں اور تاحال انہوں نے بولنگ شروع نہیں کی، ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں اسٹیو اسمتھ کپتانی کر رہے ہیں۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے شدید خدشے کا اظہار کر دیا اور کپتانی کے لیے ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ سے بات چیت کی بھی تصدیق کر دی۔اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز نے ابھی بولنگ کا آغاز نہیں کیا ہے، ان کی انجری کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا قوی امکان ہے۔
4
پاکستان کا چین سے پولیس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات لینے کا فیصلہ،محسن نقوی نے دورہ چین کے موقع پر چینی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر کیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس کے علاوہ پیرا ملٹری فورسز کے لیے بارڈرز کو محفوظ کرنےکیلئے تعاون سمیت پولیس اور پیرا ملٹری فورسزکی جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے، ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بات چیت ہوئی ہے اوربیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانےکا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
5
کراچی تا پشاور ریلوے اپ گریڈیشن منصوبے میں اہم پیشرفت، منصوبہ جلد شروع ہونیکا امکان،چینی ماہرین کا وفد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا جس دوران ایم ایل ون منصوبے کے مالیاتی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، بڈنگ کے بعد منصوبے پر فوری کام کا آغاز کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے لیے 85فیصد یا 5 ارب 70 کروڑ ڈالرز فنڈز چین کی جانب سے فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔وفاقی کابینہ نے اگست2024 میں ایم ایل ون منصوبے کے پہلے مرحلے پر مالیاتی یقین دہانی کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔
6
ٹرمپ کے غزہ کا کنٹرول لینے کے اعلان پر آسٹریلوی وزیراعظم کا سخت ردعمل،امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔انتھونی البانیز کا کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر کنٹرول کرنے کے اعلان سے انہیں دھچکا لگا۔
7
روس سے جنگ، یوکرین کا 45 ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے اپنے ایک انٹرویو میں جنگ میں ہونے والی انسانی جانوں کے نقصان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فروری 2022 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں یوکرین کے 45 ہزار 100 فوجی میدان جنگ میں اپنی زندگی ہار چکے ہیں۔
تین سالہ جنگ میں 3 لاکھ 90 ہزار کے قریب فوجی زخمی ہوئے، زخمی فوجیوں کی اصل تعداد اس لیے کم ہے کہ کچھ فوجیوں کو الگ الگ واقعات کے دوران متعدد زخم آئے۔ زیلینسکی نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اس وقت کتنے ہزار مرد جنگی قیدی ہیں جو کارروائی میں لاپتا ہیں۔