1
آرمی ایکٹ میں ترامیم کا کیس: عمران خان کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے شعیب شاہین عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ بتایا جائے ترامیم کیخلاف پہلے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا گیا؟جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 184/3 کے تحت قوانین کیخلاف درخواستیں مرضی سے ہی سنتی رہی ہے، جو کیس دل کیا سن لیا جو نہ دل کیا کہہ دیا پہلے ہائی کورٹ جائیں، براہ راست درخواستیں سنتے رہے تو آرٹیکل 199 غیرمؤثر ہو جائے گا۔
بعدازاں آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار دے دیئے اور رجسٹرار آفس کو آئینی درخواست کو باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔
2
پنجاب اسمبلی میں ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء کی پہلی کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ( سی پی اے )کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔سی پی اے کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور پاکستان سمیت 20 اسمبلیوں کے 100 سے زائد نمائندے شریک ہیں، شرکاء میں 13 سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہیں، برانچ سیکرٹریٹ کی میٹنگ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب اور سی پی اے ریجنل سیکرٹری مسز کشانی انوشا کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی۔
کانفرنس کا ایجنڈا پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب پر مبنی ہے، سپیکر ملک محمد احمد خان نے تقریب میں شریک مہمانوں کو سوینئر پیش کیے، کانفرنس میں علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی کا بھی اجلاس شروع ہوگا کمیٹی کی منظوری کے بعد علاقائی ترجیحات پر تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی پر خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی جائے گی، کانفرنس کے آغازپرچیئرپرسن آف دی سی پی اے ایگزیکٹو کمیٹی ڈاکٹر کرسٹوفر خلیلا ریمارکس دیں گے، کانفرنس سے ملائشین پارلیمنٹ کے سینیٹر پیلے پیٹرٹنگ گوم خطاب کریں گے۔
3
علی امین کی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت طلب،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پرعلی امین گنڈا پور کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔
4
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں متحرک قبائل کے درمیان اسلحہ حوالگی پرتاحال ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپرکرم کےقبائل اسلحہ حکومت کی بجائےقبائلی عمائدین کے پاس جمع کرانے پر زوردے رہے ہیں، لوئرکرم کے قبائل کا اصرارہےکہ اسلحہ سکیورٹی فورسزکےحوالے کیا جائے، دونوں متحارب قبائل کی تجاویزکواعلیٰ حکومتی افسران کےسامنے پیش کیا جائےگا۔
لوئرکرم بگن بازارمیں تعمیر نوکےساتھ معاوضے کی ادائیگی شروع کی جائے، ٹل پاراچنارروڈ پرفائرنگ میں لوئرکرم کےقبائل نہیں بلکہ تیسرا فریق ملوث ہے۔ مرکزی شاہراہ کوکھولنےکیلئے 4 ہزارسےزائد سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پرغورجاری ہے،لوئراورسنٹرل کرم کے بعد اپرکرم میں بھی بنکرزمسماری کاعمل جاری ہے، اب تک 48 بنکرزمسمار کیے جا چکے ہیں، اتواریا پیرکو تجاویز مرتب کرکے دوبارہ جرگہ طلب کیا جائےگا۔
5
9 مئی مقدمات: عمر ایوب و دیگر پر آج بھی فرد جرم کی کارروائی مؤخر،سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچڑ، بلال اعجاز چٹھہ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ آج پیش نہ ہو سکے۔
ملزمان کے وکلاء نے عدم حاضری پر معافی کی درخواست دائر کی جو عدالت نے قبول کرلی ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدم حاضری کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، عدالت نے آئندہ پیشی پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کا حکم جاری کردیا۔بعدازاں عدالت نے تھانہ موسیٰ خیل اور کمر مشانی کے مقدمات کی سماعت 14 فروری جبکہ تھانہ سٹی میانوالی میں درج مقدمات کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔
6
اینکرز ایسوسی ایشن نے پیکا ترمیمی ایکٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔پیکا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف درخواست سینئر اینکر پرسن حامد میر، نسیم زہرہ، عدنان حیدر اور امیر عباس نے دائر کی، درخواست صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد اور عمران شفیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں پیکا ایکٹ میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
7
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 10 فروری کو طلب کر لیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 10 فروری کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا ایجنڈا ایک روز قبل اتوار کو جاری کیا جائے گا۔
8
سندھ ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کے روبرو پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ درخواست میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی دو شقوں 2 آر اور 26 اے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی شق 2 آر اور 26 اے آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 میں شامل دفعہ 2 آر مکمل طور پر غیر آئینی ہے اور ملک کے آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کیخلاف ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی شق 26 اے معلومات کی ترسیل اور حصول کو غلط اور جعلی قرار دے کر جرم قرار دیتا ہے، آئین کا آرٹیکل 19 اور 19 اے ملک کے ہر شہری کو مناسب حدود میں مکمل آزادی اظہار کا حق دیتا ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی دفعہ جی اور ایچ میں انتہائی مبہم طریقے سے فالس، فیک اور ایزپرژن کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔
9
رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 26ویں آئینی ترمیم میں ووٹ دیا یہ انکی سیاست ہے ، ہم آج بھی 26 ویں ترمیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ہماری ضمانتیں چلتی رہتی ہیں یہ ایک تلوار انہوں نے لٹکائی ہوئی ہے ہم مقابلہ کرتے رہیں گے ،یہ جھوٹے کیسز ہیں ،کل ہم صوابی جائیں گے ہر یونین کونسل میں لوگ احتجاج کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، ہمیں امید ہے مولانا فضل الرحمان عوام کیساتھ کھڑے ہوں گے ، عوام اس فسطائیت کیخلاف ہیں، مولانا فضل الرحمان اس فسطائیت کیخلاف عوام کیساتھ کھڑے ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان نے 26ویں ترمیم میں ووٹ دیا یہ انکی سیاست ہے، ہم نے ترمیم کی مخالفت کی آج بھی کرتے ہیں ، جہاں ہمارا تعاون ہو سکتا ہے وہاں مولانا کا تعاون لیں گے۔اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو
10
لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت، اوگرا اور وفاقی وزارت پٹرولیم سے جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی، جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ حکومت نے ابھی تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا میکنزم نہیں بنایا، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں، حکومت نے عالمی مارکیٹ کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں ہے، پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔بعدازاں عدالت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت، اوگرا اور وفاقی وزارت پٹرولیم سے جواب طلب کرلیا۔
11
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی رپورٹ پیش کیے جانے پر درخواست نمٹا دی۔عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب نے رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف لاہور میں 3، قصور میں 7، گوجرانوالہ میں ایک، راولپنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں جبکہ عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی اے میں بھی ایک مقدمہ درج ہے۔
12
ڈی چوک احتجاج: بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی قیادت کی عبوری ضمانتوں میں توسیع،تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 17 فروری تک توسیع کر دی گئی، ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیاء نے درخواست پر سماعت کی، جبکہ وکیل انصر کیانی نے ملزمہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ہو کر سینٹرل جیل اڈیالہ میں قید ہیں لہٰذا رمنا پولیس کو انہیں جیل میں شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع دیتے ہوئے مزید کارروائی 17 فروری تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے دوران درج مقدمات کی سماعت ہوئی، مجموعی طور پر 86 عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی جبکہ مختلف تھانوں میں درج 15 مقدمات پر کارروائی کی گئی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی، عالیہ حمزہ، زرتاج گل اور دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں، بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں جیل میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو تعاون کی ہدایت دی جائے۔
13
صدرمملکت آصف علی زرداری دورہ چین کے دوران ہاربن پہنچ گئے، آج 9 ویں ونٹر ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔صدر مملکت مختلف ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں دیئے جانے والے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے جبکہ پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے انسداد دہشتگردی، سی پیک کی ترقی میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کیخلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا گیا ہے۔صدر آصف زرداری اور چینی صدر کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق سی پیک کو اپ گریڈ کر کے جدید ترقیاتی راہداری بنایا جائے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
پاکستان اور چین نے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا جبکہ صدر زرداری نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
14
غزہ میں سیز فائر کے باوجود اسرائیلی جارحیت نہ تھمی، 24گھنٹے میں مزید دو فلسطینی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ملبے سے مزید28لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کی گئیں، شہید فلسطینیوں کی تعداد47ہزار583تک پہنچ گئی، غزہ میں طوفان نے فلسطینیوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا، سیوریج اور بارش کا پانی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپوں میں داخل ہوگیا۔
جبالیہ میں غذائی قلت اور پانی کی شدید کمی ہوگئی، 30پانی کے کنوؤں میں سے 25 اسرائیل نے تباہ کر دیئے، بےگھرفلسطینی ملبہ ہٹاکر نئے کنویں کھودنے پرمجبور ہوگئے۔
15
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس سے زائد پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 111 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 10 ہزار 413 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔
کاروبار کےد وران ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار 848 پوائنٹس پر بھی گیا جبکہ آج کے روز انڈیکس کی کم سے کم سطح ایک لاکھ 10 ہزار 233 پوائنٹس رہی۔


