1
علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ طلب،جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف علی امین گنڈا پور کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 12 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
2
اٹک میں 3 نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔حضرو کے علاقہ بہادر خان کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو پولیس رائیڈرز ٹیمیں موٹر سائیکلز پر گشت کررہی تھیں اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر کانسٹیبل قدیر خان موقع پر شہید جبکہ کانسٹیبل نصرت خان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔زخمی کانسٹیبل نصرت خان کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگے۔
3
ڈسکہ میں گھر میں گیس سلنڈر دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچی بھی شامل ہے۔ڈسکہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 2 خواتین، 4 مرد اور ایک دو سالہ بچی شامل ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونیوالوں میں انعم، سائرہ، مقدس، مشتاق، عمیر، شعیب اور ذوالقرنین شامل ہیں، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
4
سیکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب آپریشن کیا جس کے دوران 3 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔تینوں خوارج خواتین کا برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ علاقےمیں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظرسینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ وہ دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
5
فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 سے حکام نے تحویل میں لے لیا۔فیصل چوہدری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے اندر سے واپس باہر آئے تھے۔
6
وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری شعبے کی مکمل بحالی کیلئے جامع اصلاحاتی منصوبے کی منظوری دے دی۔جامع اصلاحاتی منصوبے کے تحت پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی عملدرآمد کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔عملدرآمد کمیٹی کی سربراہی وزیردفاع کرینگے جبکہ اس میں دیگر اداروں کےاعلیٰ افسران بھی شامل ہیں، کمیٹی کا اجلاس ہر 15روز بعد ہوگا جس میں تمام منظور شدہ اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کی جائیگی۔
7
ترک دارالحکومت انقرہ میں زہریلی شراب پینے سے 33 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں زہریلی شراب پینے سے 33 افراد ہلاک اور متعدد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔
انقرہ کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ زہریلی شراب پینے سے متاثر ہونے والے 20 افراد تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق حکام نے واقعے کے بعد زہریلی شراب بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا اور 102 ٹن شراب قبضے میں لے لی، پولیس نے 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔
8
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے ، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 1.02 فیصد کی کم سطح پر آ گئی ، برائلر مرغی 17 روپے 75 پیسے فی کلو سستی جبکہ چینی 2.68 روپے مہنگی ہوئی ۔
ملک میں چینی کی قیتموں میں مسلسل اضافہ جاری رہا، ایک ہفتےمیں ملک میں چینی 2 روپے68 پیسے فی کلو مزید بڑھ گئی اور قیمت 153 روپے 11 پیسے فی کلو پر پہنچ چکی ہے ۔حالیہ ہفتے کیلے 4 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے،لہسن 3روپے 5 پیسے، جلانے والی لکڑی 3 روپے فی من ، باسمتی چاول، 390 گرام دودھ کے پیکٹ سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوئیں ۔


