1
سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشتگردی میں ملوث افغان شہری ہلاک،سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے جنرل علاقے دتہ خیل میں آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن افغان شہری مارا گیا، ہلاک افغان شہری پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث نکلا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک افغان کی شناخت لقمان خان عرف نصرت ولد کمال خان کے نام سے ہوئی۔ لقمان خان ضلع سپیرا، صوبہ خوست، افغانستان کا رہائشی تھا، ہلاک دہشتگرد کی نعش کی حوالگی کیلئے عبوری افغان حکومت کے حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔یسے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، امید ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی،
2
بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق بنوں میں واقع پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئے دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے، شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ضیاء اللہ اور رحیم اللہ شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں کا یہ تیسرا حملہ ہے۔فتح خیل پولیس چوکی حملہ میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ اقبال شہید لائن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آر پی او سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔آر پی او کا کہنا تھا کہ ایسے حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پولیس کے جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
3
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد سے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ملاقات کی۔ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام رجسٹرڈ مستحقین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جانے کے فیصلے پر غور کیا گیا، روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقلی کیلئے سنجیدہ ہے تاکہ خواتین کو رقم کی تقسیم صاف وشفاف طریقے سے یقینی بنائی جا سکے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت سے مستحق خواتین کو ان کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت خواتین کو رقم کی وصولی میں آسانی ہوگی اور حق داروں کو ان کا حق شفاف اور باعزت طریقے سے مل سکے گا۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے عمل میں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔
4
سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران ایک خارجی سمیت 15 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 143 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 15 دہشت گرد گرفتار کیے، کارروائیاں لاہور، سیالکوٹ، گجرات، اٹک، سرگودھا، بہاولپور، جھنگ، میانوالی، چنیوٹ اور اٹک میں کی گئیں۔ لاہور سے فتنہ الخوارج کے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، دہشت گرد کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 6 ڈیٹونیٹرز، 18 فٹ حفاظتی فیوز تار، اشتعال انگیز پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی، دہشت گردوں کی شناخت مدثر خان، سجاد احمد ،عاشق، اجمل خان، عمیر اقبال، محمد اعجاز، سہیل احمد اور عیسیٰ خان وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
5
صدر مملکت آصف علی زرداری 5 روزہ دورہ چین مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے۔ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین کے دورے میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ اور پریمیئر لی چیانگ سے ملاقاتیں کیں، پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
صدر مملکت نے چینی شہر ہاربن میں 9 ویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔صدر آصف علی زرداری نے یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر کیا جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
6
حیدر آباد میں مقدمے کے تنازع پر 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا ختم کر دیا گیا۔صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حیدر آباد میں 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ختم کرنے کا اعلان کیا۔وکلاء کے مطالبے پر ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار کا تبادلہ کر دیا گیا۔ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار کے تبادلے کے بعد وکلاء نے قومی شاہراہ پر جاری دھرنا ختم کر دیا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوگئی۔
7
مہنگی بجلی کے باعث صارفین نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی خریداری کم کردی۔سال 2023 کے مقابلے میں 2024 کے دوران سولر نیٹ میٹرنگ میں سو فیصد اضافہ ہوا، سال 2024 میں نیٹ میٹرنگ 2500 میگاواٹ پر پہنچ گئی جو 2023 میں 1309 میگاواٹ تھی۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 844 پر پہنچ گئی جو سال 2023 میں 75 ہزار 724 تھی، سال 2022 میں نیٹ میٹرنگ 715 میگاواٹ تھی۔نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران نیٹ میٹرنگ میں اضافہ نیشنل گرڈ پر انحصار ختم کرنے کو ظاہر کرتا ہے۔
8
پی ٹی آئی، سول سوسائٹی اور صحافتی تنظیم نے پیکا ایکٹ چیلنج کردیا۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر سمیت دیگر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی ، دائر درخواست میں صوبائی حکومت ،چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے کہا گیا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت صحافیوں کو خبر کا سورس بتانا پڑے گا ، صحافی سے خبر کا سورس نہیں پوچھا جا سکتا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ پیکا ترمیمی ایکٹ کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت کارروائیوں کو روکنے کا حکم دے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ آئین کے آرٹیکل 19 اے کی خلاف ورزی ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ میں فیک نیوز کی تعریف نہیں بتائی گئی ، اس ایکٹ کی آڑ میں ہر خبر کو فیک نیوز بنا کر سیاسی بنیادوں پر کارروائیاں ہوں گی۔
9
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں پاور شو کرے گی۔ تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا سٹیج بنا دیا گیا، پنڈال میں لائٹس لگ چکی، پنڈال میں 8 ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی، جلسے کی سکیورٹی کیلئے 1400 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
جلسے میں مرکزی و صوبائی قائدین کارکنوں سے خطاب کریں گے، پشاور میں ہر حلقے سے مقامی قیادت کی زیر نگرانی قافلے صوابی پہنچیں گے۔آج یوم سیاہ پر صوابی میں بھرپور احتجاج کریں گے۔مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے 26 ویں ترمیم میں ووٹ دیا یہ ان کی سیاست ہے، جہاں ہو سکتا ہے وہاں مولانا کا تعاون لیں گے۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ
10
چیمپئنز ٹرافی سےقبل ٹرائی نیشن سیریز کا آج سے لاہور میں آغاز ہو گا، قذافی سٹیڈیم آج سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ کی میزبانی کرے گا۔پہلا میچ پاکستان اور نیوزی کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ دوپہر 2 بجے شروع ہو گا، ایونٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہیں،گزشتہ روز تینوں کپتانوں کےہمراہ ٹرافی کی رونمائی کی، کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
اس حوالے سے قومی کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پوری ٹیم متحد ہے، قوم کو اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے،بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ،لازمی نہیں تبدیلی ہو، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف اچھی فارم میں ہیں، ابرار احمد پہلی ترجیح ہے اس لیے دوسرے سپنرز کا نہیں سوچا، دیکھیں گے قذافی سٹیڈیم کی پچ کیسی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل سیریز بہت اہم ہے، قذافی سٹیڈیم بہت حسین ہے، سیریز کیلئے اچھی تیاری کیساتھ آئے ہیں، فخر زمان ہمارے لیے بڑا خطرہ ہیں، چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور اور کراچی میں میچز کھیلنے سے فائدہ ہو گا۔کیوی کپتان مچل سینٹنر


