1
عدالت نے 31 مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کیلئے بشریٰ بی بی کی درخواست قبول کرلی۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی پر 26 نومبر کے بعد درج 31 مقدمات کی سماعت کی جس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ اس دوران 31 مقدمات کے تفتیشی افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے کی بھی عدالت سے درخواست کی جس کے بعد عدالت نے ایس او پی کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے ملاقات کا حکم دے دیا۔بعد ازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے بشریٰ بی بی کے 31 مقدمات کی سماعت 7مارچ تک ملتوی کردی۔
2
پاکستان مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنے میں کامیاب،وزارت خزانہ کی جانب سے موجودہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے اخراجات و آمدن کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق پاکستان پہلے 6 ماہ میں آئی ایم ایف کی بڑی شرائط پوری کرنے میں کامیاب رہا۔
رپورٹ کے مطابق 2900 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے پرائمری سرپلس 3600 ارب روپے تک پہنچ گیا، چاروں صوبوں نے 750 ارب ہدف کے مقابلے 776 ارب سرپلس بجٹ دیا، صوبوں نے 376 ارب ریونیو ہدف کے مقابلے 442 ارب ٹیکس جمع کیا۔
وزارت خزانہ کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے 6 ماہ میں ایف بی آر کو ٹیکس ریونیو میں 384 ارب شارٹ فال کا سامنا ہوا، 6009 ارب ہدف کے مقابلے 5624 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا، تاہم کہ زرعی آمدن پر ٹیکس پر عمل درآمد سے ریونیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق تاجر دوست اسکیم کے تحت 23.4 ارب ٹیکس جمع کرنے کا ہدف بھی پورا نہ ہوا، وفاقی حکومت کی خالص آمدن 5887 ارب روپے رہی جبکہ وفاقی حکومت کے اخراجات 8200 ارب سے تجاوز کر گئے۔
3
پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی ششماہی میں سب سے زیادہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا انکشاف،جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 549 ارب 41کروڑ روپے سے زائد رہی جس سے رواں مالی سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔
وصولی کا ہدف 1281ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور فی لیٹر پیٹرول پر60 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیاد پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 76 ارب 64 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
4
وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت ہے اور وہیں دھاندلی کا رونا بھی رو رہے ہیں۔8 فروری کے جلسے کے لیے عوام کا پیسہ اور حکومتی وسائل استعمال کیے جارہے ہيں، جلسہ گاہ بھرنے کے لیے سرکاری ملازمین استعمال ہوسکتے ہيں۔
احتجاجی جلسہ کرنا ہے تو آئيں پنجاب، سندھ یا بلوچستان میں کریں جہاں آپ کا دعویٰ ہے کہ آپ کے ساتھ زيادتی ہوئی، ان صوبوں میں تو آپ کی لیڈر شپ بھی روپوش ہوجاتی ہے۔
5
ایس ایس پی رخصت پر چلے گئے، حیدر آباد میں 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا ختم،صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حیدر آباد میں تین روز سے جاری وکلا کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔
ڈی آئی جی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی حیدر آباد فخر لنجار کی چھٹیاں منظور کر لی گئی ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان کو اضافی چارج دیا گیا ہے۔
6
سہ افریقی سیریز کا افتتاحی میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔جمعہ کو تینوں ٹیموں کے کپتانوں کے ہمراہ سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔
میچ سے قبل نیوزی لینڈ نے لاہور میں پریکٹس کی۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹرافی کے ہمراہ تصویر بنوائی اور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین ملکی سیریز اہم ہے ۔ پہلی بار لاہور آئے ہیں ، قذافی اسٹیڈیم بہت خوب صورت لگا۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سہ فریقی سیریزکے افتتاحی کیلئے قومی ٹیم کی فائنل الیون میں بابر اعظم اور فخر زمان اننگز شروع کریں گے ۔
7
پشاور میں معروف خاتون ٹک ٹاکر سیماگل عرف سائیکو ارباب کی لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق ورسک روڈ پر واقع ارباب فلیٹس سے خاتون ٹک ٹاکر کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت سیما گل عرف سائیکو ارباب کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ٹک ٹاکر کی موت زائد مقدار میں نشہ آور گولیاں کھانے سے ہوئی۔
پولیس نے سیما گل کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دی۔ پولیس نے ٹک ٹاکر کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔


