1
پاکستان کی چین سے 3.4ارب ڈالر قرض ری شیڈول کرنے کی درخواست,جس پر چینی حکام نے مثبت رویے کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کو 5 بلین ڈالر بیرونی فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف کے تین سالہ پروگرام کے لیے فنانسنگ ذرائع کی نشاندہی کرنے کی ضرورت اور امید ہے چین درخواست قبول کرلے گا۔
پاکستان نے ایک بار پھر چین سے درخواست کی ہے کہ وہ 3.4 بلین ڈالر کے قرض کو 2سال کے لیے ری شیڈول کر دے تاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی طرف سے نشاندہی کی گئی غیر ملکی فنڈنگ میں آنے والے گیپ کو پورا کیا جا سکے۔ اس اقدام کی کامیابی سے پروگرام کے آنے والے جائزہ مذاکرات سے قبل بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے خدشات کو بڑی حد تک دور کر لیا جائے گا۔
2
ایک ہفتہ قبل آراے بازار کے علاقے میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، جس میں مدعیہ مقدمہ، اس کی سہیلی اور 2 ساتھی ہی ملوث نکلے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے چاروں ملزمان میں صائقہ، سمیرا، عمیر اور منیب شامل ہیں، جن سے 8 لاکھ 53 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ملزمہ صائقہ کو اس کی سہیلی نے زیورات فروخت کے لیے دیے، جس کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے ملزمہ نے واردات کا ڈراما رچایا۔
ملزمہ نے اپنی سہیلی سمیرا اور ساتھیوں عمیر اور منیب کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی اور جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس سے تفتیش کی تو مدعیہ مقدمہ خود ہی واردات میں ملوث نکلی۔
3
اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان،ترجمان ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر پہلے سے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔ اس قانون کے تحت شہر میں ہر قسم کے اجتماع اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں حصہ لینے سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
4
بشری بی بی کا حالیہ احتجاج کے 20 مقدمات کی تفتیش میں پولیس کو جوابات دینے سے انکار،راولپنڈی بشری بی بی کو راولپنڈی میں درج 20 مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کے لئے پولیس ٹیمیں جیل پہنچیں اور حالیہ احتجاج کے مقدمات میں انہیں باضابطہ طور پر شامل تفتیش کر لیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے 20 تفتیشی افسران نے اڈیالہ جیل کے ایڈمن بلاک میں بشری بی بی کو شامل تفتیش کیا گیا، بشری بی بی نے پولیس سوالوں کے جوابات بانی پی ٹی آئی سے مشاورت سے مشروط کردیے۔بشری بی بی نے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں بیان دینے سے انکار کردیا، تفتیشی افسران میں انسپکٹرز افضل، یعقوب شاہ، راشد کیانی، ممتاز اور ور دیگر شامل تھے۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل میں 26 نومبر کے بعد درج ہونے والے 31 مقدمات کی سماعت کے دوران بشری بی بی کو جج امجد علی شاہ نے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
5
جسٹس بابرستار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے اقدامات کو غیرقانونی قرار دے دیا۔جسٹس بابرستار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کے ٹرانسفر تین ججوں سے متعلق اقدامات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے تفصیلی خط لکھ دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ٹرانسفر ہونے والے 3 ججوں کے معاملے چیف جسٹس عامر فاروق کو 6 صفحات پر مشتمل خط لکھ دیا۔جسٹس بابر ستار نے ٹرانسفر ججوں کی سینیارٹی لسٹ جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا اور خط میں چیف جسٹس عامر فاروق کے ہائی کورٹ ایڈمنسٹریشن کمیٹی تبدیلی کو بھی غیر قانونی کہہ دیا۔
6
پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم،ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے تمام ریجنل پاسپورٹ دفاتر کو یومیہ مانیٹرنگ رپورٹ ہیڈکوارٹرز جمع کروانے کی ہدایت جاری کردی۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ دفاتر کے باہر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایجنٹس پرکڑی نظر رکھنے کے لیے ہیڈکوارٹرز کی خصوصی ٹیم بھی سرپرائز وزٹ کرے گی، جب کہ روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
لاہور کے گارڈن پاسپورٹ دفتر کے باہر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
7
منشیات فروشی میں ملوث باپ بیٹی گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جن سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی گئی۔ترجمان کے مطابق پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی چرس برآمد کرکے باپ بیٹی گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔ لاہور میں موبائلز اسکواڈ ناکا پر شیرا کوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گیارہ کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم خاتون (بیٹی) کی آڑ میں پشاور سے لاہور چرس کی سپلائی دینے آ رہا تھا کہ ناکا شیرا کوٹ پر موجود اہل کاروں نے مشکوک گاڑی کو چیک کیا، جس میں سے گیارہ کلوگرام چرس کے پیکٹ برآمد ہوئے۔
کارروائی کے ذریعے ملزمان کی پشاور سے لاہور منشیات کی سپلائی کو ناکام بنا دیا گیا۔ ملزمان میں حیات اللہ اور اس کی بیٹی رومیشہ شامل ہیں، جنہیں تھانہ شیراکوٹ منتقل کر دیا گیا
8
امریکا اسرائیل کو 7 ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فروخت کرے گا۔امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے محکمہ خارجہ نے اسرائیل کو 7 اعشاریہ 4 بلین ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ڈیموکریٹک ارکان کانگریس نے ٹرمپ انتظامیہ سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کو روکنے کی درخواست کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کانگریس کو ہتھیاروں کی 2 الگ الگ کھیپوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں سے ایک چھ اعشاریہ 75 ارب ڈالر کی ہے۔ اس میں گولہ بارود، گائیڈنس کِٹس اور دیگر متعلقہ سامان کے ساتھ ساتھ چھوٹے قطر کے 166 بم ، پانچ پاؤنڈ وزن کے 2800 بم وغیرہ شامل ہیں۔ ان ہتھیاروں کی فراہمی رواں برس شروع ہو جائے گی۔
9
کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا 14 فروری سے پنجاب بھر چینی کی فروخت بند کرنے کا اعلان،چینی کی فی کلو قیمت میں تین روپے کا اضافہ منظور نہیں۔
مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو مسترد کرتی ہے۔چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ایف بی آر کی ناقص پالیسی کا نتیجہ ہے، 4 روپے کا ،75مائیکرون کے بیگ پیکنگ لیبر سمیت دس روپے فی کلو چینی پر خرچہ پڑتا ہے۔سرپرست اعلی مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب حاجی پرویز بٹ