1
پی ٹی آئی احتجاج : شاہ محمود قریشی کی بیٹی متعدد کارکنوں سمیت گرفتار، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت ہرقسم کے جلسے، جلوس احتجاج اور ریلی پر پابندی عائد ہے۔تحریک انصاف کی طرف سے دی گئی آج احتجاج کی کال کے پیش نظر چوک گھنٹہ گھر، چونگی
نمبر 9، نواں شہر چوک اور چوک کچہری سمیت مختلف چوک پر پولیس کی نفری تعینات رہی، مختلف چوراہوں پر قیدی وینز بھی موجود رہیں۔تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو اور زاہد بہار ہاشمی کو احتجاج کرنے پر متعدد کارکنوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ مہربانو اور زاہد بہار ھاشمی احتجاجی ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔
2
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم چوری شدہ مینڈیٹ عوام کو واپس مل گیا۔بانی پی ٹی آئی کیلئے آج یوم سیاہ ہوگا لیکن سارا پاکستان آج جشن اور یومِ تعمیر و ترقی منایا جا رہا ہے۔
2018 میں آر ٹی ایس سسٹم بند کر کے مینڈیٹ چوری کیا گیا، جبکہ 8 فروری 2024 کو عوام کو ان کا حق واپس ملا۔ گزشتہ چار سال میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے گئے، جس کے باعث ملک معاشی بحران اور مہنگائی کی لپیٹ میں آ گیا۔
پی ٹی آئی دور میں کرپشن کے باعث ملک اندھیروں میں چلا گیا، ترقی کرتی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، مہنگائی عروج پر تھی اور عوام ریلیف سے محروم تھے۔ لیکن وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو مستحکم کیا گیا اور مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد پر آ گئی۔لاہور میں پریس کانفرنس
3
پشاور: اسپتال کے قریب ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 12 افراد زخمی،رپورٹ کے مطابق ریسکیو1122 نے حکام نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 ایمبولینس اور فائر ویکل موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو1122 کے مطابق فائر فائٹرز نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
4
قیدیوں کے تبادلے کا 5واں مرحلہ: حماس نے مزید 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا۔الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے تحت پانچویں تبادلے کے دوران غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں ایک مقام سے ایلی شرابی، اور لیوی اوراوہاد ببن امی کو رہا کر دیا گیا۔
یرغمالیوں کو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ارکان نے اپنی تحویل میں لے لیا۔اس موقع پر حماس نے یرغمالیوں کو رہائی کے سلسلے میں ایک اسٹیج بنایا جہاں ں درجنوں نقاب پوش جنگجو موجود تھے۔
5
سہ ملکی سیریز؛ نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف 2 وکٹیں گر گئیں۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا، ابتدائی جھٹکا ول ینگ کی صورت میں محض 4 رنز پر ہوا جبکہ اوپنر راچن رویندرا بھی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اورابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
قبل ازیں کیوی ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انکا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، کوشش ہوگی میچ میں فتح کیساتھ شروعات کریں۔
6
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں عالمی ایونٹ چیمپئنز ٹرافی ہونے والا ہے دوبارہ 9 مئی اور 26 نومبر برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پی ٹی آئی احتجاج اور فساد کی سیاست کررہی ہے، جب بھی پاکستان کی عزت کا موقع آتا ہے تو فسادی ٹولہ آسمان سر پر اٹھالیتا ہے، ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی پی ٹی آئی والوں نے فساد برپا کرنے کی کوشش کی، آج یوم تعمیر و ترقی منایا جارہا ہے اور پی ٹی آئی آج بھی فساد اور احتجاج کی سیاست کررہی ہے کسی بھی عالمی ایونٹ کی توقیر میں کمی کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔
آج کے پی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہے، صوابی میں سرکاری مشینری اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، سیاسی روایات کے مطابق جلسے کیے جائیں تو کسی کو اعتراض نہیں مگر اسلام آباد پر چڑھائی کرنا پی ٹی آئی قیادت کا وطیرہ ہے، پی ٹی آئی کی اصل قیادت ان کی جماعت میں موجود مخصوص ٹولے کی سازشوں کا شکار ہوکر مصلحت کا شکار ہوگئی۔پی ٹی آئی والوں کا رویہ پاکستان کے مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے، جس دن چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہے انہوں ںے اس دن احتجاج رکھا، دوبارہ 9 مئی اور 26 نومبر برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس
7
پی ٹی آئی و دیگرنے پیکا ایکٹ 2025 لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد بچھر سمیت دیگرنے پیکا ایکٹ 2025 کے خلاف اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں صوبائی حکومت ،چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت صحافیوں کو خبر کا سورس بتانا پڑے گا۔ صحافی سے خبر کا سورس نہیں پوچھا جا سکتا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت کارروائیاں روکنے کا حکم دے۔
8
کراچی میں تیز رفتار ڈمپر نے ایک موٹر سائیکل پر 3 نوجوانوں کو کچل دیا۔رپورٹ کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچلا جس کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔حادثے کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہوگئے، اور ڈمپر کو آگ لگا دی، جاں بحق افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیاگیا۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور مشتعل افراد کو موقع سے ہٹانے کی کوشش کی، ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہوگیا، جس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔