1
کے پی حکومت کا چیف سیکرٹری کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، تین نام زیرغور، خیبر پختونخوا حکومت نے نئے چیف سیکرٹری کے لیے وفاق کو تین نام ارسال کردیے جن میں شہاب علی شاہ، شہزاد بنگش اور فخر عالم کے ناموں پر غورکیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ شہاب علی شاہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی خیبرپختونخوا رہ چکے ہیں اور بلوچستان میں اے سی ایس کے طور پر کام کررہے ہیں۔
2
چیئرمین ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر تنظیمی امور سے متعلق نوٹیفکیشن جاری،ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی تمام تنظیمی اورپالیسی امورکی نگرانی کریں گے، سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی فاروق ستار، انیس قائم خانی اور امین الحق دیکھیں گے جب کہ تنظیمی کمیٹی کی ذمہ داریاں انیس قائم خانی، امین الحق اور رضوان بابرکے پاس ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مصطفیٰ کمال، فیصل سبزواری اور رضوان بابرلیبرڈویژن کی نگرانی کریں گے، شعبہ خواتین کی ذمہ داریاں نسرین جلیل، انیس قائم خانی اورکیف الوریٰ کے پاس ہوں گی جب کہ یوتھ فورم کی ذمہ داری فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور فیصل سبزواری کے پاس ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق نسرین جلیل اور فیصل سبزواری ترقیاتی پیکج کے لیے ڈیولپمنٹ کمیٹی میں شامل ہیں۔
3
انٹربورڈ کراچی کے سابق سیکرٹری امیر قادری 3گاڑیاں ساتھ لے گئے۔ذرائع کے مطابق بورڈ کی جانب سے امیر قادری سے گاڑیاں واپس کرنے کے حوالے سے کئی بار رابطہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود انہوں نے گاڑیاں واپس دینے سے انکار کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق سیکرٹری بورڈ کو اس حوالے سے خط بھی لکھا گیا لیکن انہوں نے گاڑیاں بورڈ کو واپس نہیں کیں۔امیر قادری کو بغیر اجازت بیرون ملک دورے کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا تھا اور انہوں نے بیرون ملک دورے کے اخراجات بھی واپس نہیں کیے۔
4
کراچی: پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر جھگڑا، 4 افراد گرفتار،پولیس کے مطابق گلشن اقبال میں بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر مبینہ ٹاؤن تھانے میں 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مقدمے کے اندراج کے بعد 4 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 3 بھائی بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
5
کراچی: تھانے میں پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق، وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس کے مبینہ تشدد سے جاں بحق شہری کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پولیس کانسٹیبل کی بائیک سے ٹکرانے کے بعد وقاص کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے تھانے میں رات بھر تشدد کیا جس سے وقاص جاں بحق ہوا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے پولیس نے رات کو بائیک ٹکرانے اور اشیاء گم ہونے کی ایف آئی آر کاٹی، 3 افراد کو لاک اپ کیا گیا، تھانے میں تینوں پر رات بھر تشدد کیا گیا، صبح وقاص کے اچانک انتقال کا بتایا گیا، اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں۔متاثرہ فیملی نے بتایا کہ وقاص کی ہلاکت کے بعد باقی افراد کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے رہا کر دیا گیا۔


