ا سلام آباد(ای پی آئی)استور میں برفباری جاری ہے اور اب تک 2فٹ تک برف پڑ نے سے بالائی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

چلاس، دیامر، بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگا پربت میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہستان میں شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔

ملک کی حسین ترین وادی مالم جبہ میں ہر طرف سفیدی پھیل گئی ہے اور برفباری کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔اس کے علاوہ شوگران،کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی جب کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی اور مظفر آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم گیا۔ سردی کے سبب کوئٹہ کے گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے۔ کوئٹہ بھر میں گیس پریشر کم ہے، کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔

بلوچستان کے دیگر اضلاع زیارت، قلات، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللہ میں بھی سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ قلات اور زیارت میں گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔