1
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط ججز آئینی کمیٹی کو بھجوایا ہے، کمیٹی طے کرے گی یہ معاملہ آرٹیکل 183 کی شق تین کے تحت آتا ہے، آئینی بنچ نے ہی اس معاملے کو دیکھنا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے خصوصی وفد سے سپریم کورٹ میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی ملاقات پر بریف کروں گا، بانی پی ٹی آئی کے خط پر بات کروں گا، نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی پر بھی بات کروں گا۔
میں نے آئی ایم ایف وفد کو جواب دیا ہم نے آئین کے تحت عدلیہ کی آزادی کا حلف اٹھا رکھا ہے، میں نے وفد کو بتایا یہ ہمارا کام نہیں ہے آپکو ساری تفصیل بتائیں، میں نے وفد کو نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے ایجنڈے کا بتایا۔
2
آئی ایم ایف وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات، عدالتی نظام واصلاحات پر مشن کو بریفنگ، ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی، چیف جسٹس نے آئی ایم ایف وفد کو عدالتی نظام اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی، ججز تقرری اور آئینی ترمیم پر بھی وفد سے بات چیت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کا 6 رکنی وفد سپریم کورٹ سے روانہ ہوگیا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، قبل ازیں آئی ایم ایف تکنیکی وفد نے کابینہ ڈویژن، پی ایم آفس، وزارت خزانہ اور وزارت قانون میں ملاقاتیں کیں جس میں آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئریشن کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کیلئے مسودے پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے
3
غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کا فیصلہ،سیکرٹری خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، امید ہے اس مہینے میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے گا۔
اوآئی سی کے اجلاس کے لیے تاریخوں اور مقام کا تعین کیا جارہا ہے، اجلاس میں غزہ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، عرب لیگ نے اپنا اجلاس فائنل کردیا ہے، عرب لیگ کا اجلاس مصر میں بلایا گیا ہے۔
4
ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کیخلاف درخواست پر صنم جاوید ذاتی حیثیت میں عدالت طلب،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے صنم جاوید کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ صنم جاوید ایک سماعت پر 9 مئی کے دو مقدمات میں اے ٹی سی لاہور میں پیش نہ ہوسکیں، اے ٹی سی لاہور نے صنم جاوید کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی، عدالت نے صنم جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے صنم جاوید کے ضامن جاوید اقبال کی جانب سے دیئے گئے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم کالعدم قرار دے، اے ٹی سی لاہور کی جانب سے صنم جاوید کے والد کے خلاف جاری کردہ شوکاز نوٹس کو بھی کالعدم قرار دیاجائے۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
5
سندھ ہائیکورٹ کا سپیشل جوڈیشل الاؤنس فوری طور پرغیرمنجمد کرنے کا حکم،جوڈیشل الاؤنس کی عدم ادائیگی سے متعلق جوڈیشل عملے کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سپیشل جوڈیشل الاؤنس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جوڈیشل الاؤنس دینے کے عدالتی فیصلے پر تاحال عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟سرکاری وکیل نے بتایا کہ یہ صرف ایک الاؤنس کا معاملہ نہیں ہے، سرکاری ملازمین کے 100 سے زائد الاؤنسز ہیں، سندھ حکومت کے پاس اتنی رقم موجود نہیں، عدالت نے ریمارکس دیے یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، آپ نے حکم کے مطابق واجبات ادا کرنے ہیں۔
عدالت نے سپیشل جوڈیشل الاؤنس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سیکرٹری فنانس ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔