1
لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 پاکستانیوں کی شناخت اور سفری تفصیلات سامنے آگئی۔ان پاکستانی مسافروں میں سے ایک نے تافتان بارڈرسے جب کہ بقیہ چھ مسافر کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور فیصل آباد ایئر پورٹس سے الگ الگ تاریخوں میں روانہ ہوئے تھے۔
مسافر شعیب حسین 10 جنوری 2025ء کو تافتان بارڈرسے ایران گیا تھا جب کہ مسافر ثقلین حیدر 9 فروری 2024ء کو کراچی ایئر پورٹ سے سعودی عرب پہنچا تھا۔اسی طرح عابد حسین 25 نومبر 2024ء کو کوئٹہ سے مصر، سراج الدین 31 دسمبر 2022ء کو پشاور سے سعودی عرب، سید شہزاد حسین اسلام آباد سے سعودی عرب پہنچا۔
مسافر شعیب علی 19 نومبر 2024ء کو فیصل آباد سے سعودیہ عرب اور مسرت حسین نے 20 ستمبر کو 2024ء کوئٹہ سے متحدہ عرب امارات کا سفر کیا تھا۔امیگریشن ذرائع
2
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے وفاق اور متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے ممبر قومی اسمبلی شیر علی ارباب، ارباب عامر ایوب، فضل محمد خان، یوسف خان، خاتون رہنما فلک ناز اورحمیدہ شاہ کی مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے بعد ان کی درخواستیں نمٹادی جب کہ ان کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں شبلی فراز، فیصل جاوید، فلک ناز، صوبائی صدر اور ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور ممبر قومی اسمبلی عاطف خان، ایم این اے محبوب شاہ کی حفاظتی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔
3
اوگرا نے ایل پی جی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خیرپور، گھوٹکی، پنو عاقل، رانی پور میں غیر قانونی اسٹیشنز سیل کردیے، گوجرانوالہ میں غیر معیاری سلنڈر بنانے والی فیکٹریاں بند کردیں۔
اوگرا کے مطابق اوگرا نے خیرپور، گھوٹکی، پنو عاقل، رانی پور میں غیر قانونی اسٹیشنز سیل کردیے، گوجرانوالہ میں غیر معیاری سلنڈر بنانے والی فیکٹریاں بند کردی گئیں، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں دھماکوں پر مقامی عملے کی غفلت کی رپورٹ تیار کرلی۔
اوگرا کے مطابق گیس چوری اورغیر قانونی ڈی کینٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی، چیف سیکرٹریز اور کسٹمز حکام کو غیر قانونی فروخت روکنے کا مراسلہ بھی لکھ دیا ہے، ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سنگین ماحولیاتی اور جانی خطرہ ہے۔
4
راولپنڈی کےتھانہ بنی کے علاقے میں کم سن 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد کیا گیا، بچی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ رپورٹ کے مطابق تشدد کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی اور ڈی ایس پی وارث خان کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
واقعہ کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث میاں بیوی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق تشدد کا واقعہ 4/5 روز قبل پیش آیا جبکہ بچی کو آج ہسپتال لایا گیا، متاثرہ بچی کی حالت تشویشناک ہے جس کا علاج جاری ہے۔
5
آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، یہ سمٹ انسانیت کے بہتر مستقبل کے چیلنجز اور مواقع کے لیے اجتماعی غور کا موثر فورم ہے، 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے خطاب، کہا غزہ میں نسل کشی کے دوران 50 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جس میں آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ممکن ہے۔
6
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے درمیان ابو ظہبی میں ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی، تجارتی اور ترقی و دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین موجود اشتراک و تعاون پر گفتگو کی گئی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدرعزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان نے استقبال کیا۔
ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے وزیراعظم متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔ یہ سربراہی اجلاس آج سے دبئی میں شروع ہے۔
ابوظہبی میں قصر الشاطی میں ملاقات کے دوران، وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفادات کی تکمیل کے لائحہ عمل و تعلقات کی مضبوطی پر گفتگو کی۔
7
حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ، پینشن اور دیگر مالی معاملات کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ملازمین کے مسائل کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مسائل کے حل کے لئے قابل عمل تجاویز پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا ۔ وفاقی مشیررانا ثناءاللہ
8
پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ہائیکورٹ میں درخواست بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ 9 مئی 2023 کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا جو لاہور ہائیکورٹ سے ختم ہوا، ایم پی او ختم ہونے پر 9مئی کے جعلی اور بوگس مقدمے میں گرفتاری ڈال دی گئی۔
لاہور جیل میں قید ہوں، سینیٹر ہوں اور اجلاس میں شرکت حق ہے۔اعجاز چوہدری نے درخواست میں استدعا کی کہ ہر سینیٹ اجلاس اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا حکم دیا جائے۔
9
حکومت کا ​​​​رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمت پرفراہم کرنے کا اعلان،وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں چینی کی تقسیم کے لیے مائیکرو پلان رواں ہفتے سامنے لایا جائے گا۔
اجلاس میں پی ایس ایم اے نے عوامی استعمال کے لیے کم از کم قیمت پر چینی فروخت کا عزم کیا، ​​رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوگی، ​​رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔​​چینی کے اسٹالز پر وافر مقدار میں چینی دستیاب ہوگی، ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، ​​رعایتی قیمتوں پر چینی کی قیمت کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا۔؛
10
آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی ۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) تکنیکی وفد کی کابینہ ڈویڑن، پی ایم آفس، وزارت خزانہ اور وزارت قانون کے حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جس میں آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئریشن کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کی گئی ہے۔
سرکاری افسران کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کیلئے مسودے پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے، سول سرونٹ ایکٹ سے ترمیمی ڈرافٹ فروری میں ہی آئی ایم ایف کو فراہم کیا جائے گا۔
11
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کو پیش کرنے کے لیے ایک ڈوزئیر تیار کرلیا ہے جس میں پی ٹی آئی پر ڈھائی سال میں ہوئے مظالم سے متعلق بتایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف وفد سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور جوڈیشل کمیشن ارکان کو رابطے کی اجازت دے دی، ہم آئی ایم ایف وفد سے رابطہ کریں گے اور اپوزیشن لیڈر ان سے ملاقات بھی کریں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو
12
8فروری کو احتجاج نہ کرنے والے پی ٹی آئی ارکان کے نام عمران خان کو بھیجنے کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر پنجاب نے 8 فروری احتجاج سے متعلق رپورٹ مرتب کر لی ہے، جن ٹکٹ ہولڈرز اور عہدے داران نے احتجاج نہیں کیا رپورٹ بانی تحریک انصاف کو دی جائے گی۔احتجاج اور پارٹی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے مستقبل کا فیصلہ عمران خان کی ہدایات کے پیش نظر کیا جائے گا۔چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ یونین کونسل سطح پر پارٹی مہم چلائیں گی جبکہ مختلف شعبوں میں فوکل پرسنز بھی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوکل پرسنز کی تقرری کے لیے چیف آرگنائزر نے مشاورت شروع کر دی۔
13
مزنگ کے علاقے میں اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے کے دوران ملزمان کے ساتھیوں کے مبینہ تشدد سے پولیس کا اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق شادباغ انویسٹی گیشن پولیس کے اے ایس آئی شاہد اور جمیل نے اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ دھاوا بول دیا، تشدد کے باعث تھانیدار شاہد کی حالت غیر ہوگئی اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ ملزمان تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔