1
وزیر اعظم سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات، پروگرام اور میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو،آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (ڈبلیو جی ایس) 2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت (EEF) کے تحت ہونے والی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔شہباز شریف نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیشرفت کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کیلئے حکومت کے عزم کا یقین دلایا جو پاکستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اہم اجزاء ہیں۔
2
آئی ایم ایف کا پاکستان کے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا اعتراف،منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنے والے قرض پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں افراط زر میں کمی کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان معاشی بحالی کے حصول کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔کرسٹالینا جارجیوا نے ملک کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ذاتی عزم کی بھی تعریف کی، جنہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کیلئے آئی ایم ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔
3
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلنز کے ملٹری ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پارلیمنٹ نے بڑی گرم جوشی کے ساتھ آرمی ایکٹ سے متعلق قانون سازی کی۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلنز کے ملٹری ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ کر رہا ہے۔سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا کہ اگر بنیادی حقوق دستیاب نہ ہوں اور کسی ایکٹ کے ساتھ ملا لیں تو کیا حقوق متاثر ہوں گے؟ملٹری کورٹ سے سنائی گئی سزا پر اپیل کنندہ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آرمی ایکٹ ایک بلیک ہول ہے، کوئی بھی ترمیم ہوئی تو بنیادی حقوق ختم ہو جائیں گے، قانون کے مطابق جرم کا تعلق آرمی ایکٹ سے ہونا ضروری ہے۔
4
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے معاشی ترقی اور اصلاحات پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت میکرواکنامک استحکام خوش آئند ہے۔ آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے اہم ملاقات رہی، ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے، ٹیکسیشن، انرجی، ایس اوایز میں اصلاحات پر بھی گفتگو ہوئی، ایم ڈی آئی ایم ایف سے معاشی ترقی اور جاری اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سب اچھے کی خبریں آ رہی ہیں، کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا، حکومتی کاوشوں کی بدولت میکرواکنام استحکام خوش آئند ہے، زراعت کے سیکٹر میں کچھ جدت آئی ہے۔کراچی میں سکیورٹی ایکسچینج کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب
5
عرب ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کا ٹرمپ کا منصوبہ مسترد کر دیا۔ سعودی عرب، عرب لیگ، اردن، مصر، شام اور دیگر ممالک برہم ہوگئے۔مصر نے فلسطینیوں کو بے دخل کئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا جامع منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، مصری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں جامع اور منصفانہ امن تک پہنچنے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔
اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے امریکا اور سٹیک ہولڈرز کی طرف دیکھتے ہیں۔اردن کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عرب مصر منصوبہ فلسطینی عوام کو بے دخل کئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ نے بھی فلسطینیوں کی جبری بے دخلی مسترد کردی، کابینہ نے اسرائیلی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو خطے کے مستقل امن کی بنیاد قرار دیا۔
6
ترک صدر رجب اردگان 2 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ترک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، دورے کےدوران متعدد اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ارگان پاک ترک اعلیٰ سطح اسٹریٹجک کو آپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
7
راولپنڈی کے علاقے اصغر مال میں تشدد کا شکار ہونے والی گھریلو ملازمہ علاج کے دوران دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق 12 سالہ ملازمہ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی، لڑکی کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بچی کے ہاتھ، پاؤں، چہرے اور سر پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ تشدد کے الزام میں مالک مکان اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ مقدمے میں قتل سمیت دیگر 7 دفعات شامل کی گئی ہیں، واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
8
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی شدت پسندانہ سوچ کو پنپنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندانہ رویئے اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ہر سطح پر انتہاپسندی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کریں گے، سر زمین پاک پر کسی بھی شدت پسندانہ سوچ کو پنپنے کی اجازت نہیں دیں گے، انتہاپسندانہ نظریات اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پنجاب حکومت امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو انتہاپسندی کے بجائے علم، ترقی اور مثبت سوچ کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کی پالیسیوں کا بنیادی مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو برداشت، محبت اور یکجہتی پر قائم ہو، ایک ایسا محفوظ، ترقی یافتہ اور پرامن پنجاب بنائیں گے جو دنیا کیلئے برداشت اور امن کی مثال بنے گا۔انتہاپسندانہ تشدد کے انسداد کے عالمی دن وزیراعلیٰ مریم نواز کاپیغام
9
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل عدالت میں پیش، وارنٹ گرفتاری منسوخ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کمرہ عدالت پہنچیں۔پی ٹی آئی رہنما کے وکلاء نے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست عدالت میں جمع کروائی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ زرتاج گل کی دوسرے کیس میں اڈیالہ جیل پیشی تھی اس لئے پیش نہیں ہوسکی تھی، اب پیش ہوگئی ہیں۔جس پر عدالت نے زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے، جج نے ریمارکس دیئے کہ زرتاج گل خود عدالت میں پیش ہوگئی ہیں، اس لئے وارنٹ منسوخ کرتا ہوں۔عدالت نے زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 مارچ تک ملتوی کر دی۔
10
سنیارٹی تبدیل کرنے کیخلاف 5 ججز کی ریپریزنٹیشن مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریپریزنٹیشن مسترد کی تھی، رجسٹرار کو فیصلے کی کاپی متعلقہ ججز کو بھیجنے کی ہدایت کر دی گئی۔جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اور جسٹس ثمن رفعت کی ریپریزنٹیشن مسترد کی گئی ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق تین صوبائی ہائیکورٹس سے ججز کے تبادلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبدیل کی گئی سنیارٹی لسٹ برقرار رہے گی جبکہ لاہور ہائیکورٹ سے ٹرانسفر ہو کر اسلام آباد ہائیکورٹ آنے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر پیونی جج برقرار رہیں گے۔صوبائی ہائیکورٹس سے ٹرانسفر ہونے والے ججز کو دوبارہ نیا حلف اٹھانے کی ضرورت نہیں، ججز کی تعیناتی اور ٹرانسفر میں فرق ہے، دونوں مختلف باتیں ہیں۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ سرحد پار بھارت میں تو ججز کا ٹرانسفر عام بات ہے، بھارت کی طرح پاکستان میں ٹرانسفر پالیسی نہیں لیکن صدر پاکستان قانون کے مطابق ٹرانسفر کر سکتے ہیں، بھارتی ہائی کورٹس کے ججز کے حلف کا متن بھی فیصلے میں شامل کیا گیا۔فیصلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ججز کو دوبارہ حلف لینے کی ضرورت نہیں، ججز کے حلف کا متن بھی فیصلے کا حصہ ہے۔
11
جناح ہاؤس حملہ کیس: پولیس نے علیمہ اور عظمیٰ خان کو بے قصور قرار دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔پولیس نے 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور ظمی خان کو بے قصور قرار دے دیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ علیمہ خان اور عظمی خان کے خلاف تفتیش مکمل ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں جناح ہاؤس کیس میں بے قصور ہیں، ان کی جناح ہاؤس کیس میں گرفتاری درکار نہیں۔تفتیشی افسر کے بیان کے بعد علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے جناح ہاؤس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس لے لیں، عدالت نے عبوری ضمانتیں واپس لینے کی بنا پر کیس خارج کر دیا۔
12
علی امین گنڈاپور کی بانی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس ہدایت کیساتھ نمٹا دیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے بیان پر عدالت نے درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں بیان دیا کہ معمول کے مطابق ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں، فیملی کے بعد علی امین گنڈاپور کی ہی ملاقاتیں کرائی گئیں اور تین ملاقاتیں ہوئیں، فوکل پرسن کے ذریعے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کروائی جاتی ہیں، فوکل پرسن جس کا نام دے ملاقات کرائی جاتی ہے۔
عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ فوکل پرسن کے ذریعے علی امین گنڈاپور کا نام بھی بھجوایا جائے اور اگر بانی پی ٹی آئی ملاقات کرنا چاہیں تو ملاقات بھی کرائی جائے، عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی۔
13
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 11:45 بجے ہوگا، اجلاس میں ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
14
رہنما تحریک انصاف حامد خان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم نے آئین کو مسخ کر دیا ہے۔آئی ایم ایف وفد دیکھ رہا ہےعدالتی نظام کا کیا حال ہے۔وکلا تحریک سے پی ٹی آئی کا تعلق نہیں ہے، میں بطوروکیل وکلا موومنٹ میں شریک ہوا، تحریک کامیابی سےجاری ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کےججز کی تعداد بڑھانا نامناسب ہے، سپریم کورٹ کےججزکی تعداد 17بالکل ٹھیک تھی، رات کےاندھیرےمیں اس طرح کی قانون سازی کی جارہی ہے، ججزکی تعداد بارے وکلا تنظیموں سےبھی مشاورت نہیں کی گئی۔ ایک ادارہ عدلیہ رہ گیا تھا جسےبرباد کیا جا رہا ہے، جو کچھ ہو رہا ہےعدالتی نظام کو تباہ وبرباد کیا جا رہا ہے، 26ویں ترمیم سےپہلے والا فل کورٹ ہمارا مطالبہ ہے۔
15
کراچی میں زمینوں کا مسئلہ بہت بڑا، جلد ایکشن لیا جائے گا: چیئرمین نیب کا اعلان،سندھ کی زمینوں میں بہت بڑا دھوکہ چل رہا ہے، کراچی کی 7500 ایکڑ زمین کی فائلیں کھول دیں تو دنگل مچ جائے گا، کشمیر کی زمین سے زیادہ کراچی میں زمینوں کا مسئلہ ہے۔سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کا کوئی سسٹم نہیں، بلڈرز کے بے شمار مسائل ہیں تمام نکات نوٹ کرلئے ہیں، نیب کا ادارہ بلڈرز کے ساتھ کھڑا ہے، بلڈرز کے ڈی اے، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے کی کرپشن کے ثبوت دیں سو موٹو لے کر ایکشن لوں گا۔
گوادر میں بھی زمینوں میں کرپشن ہورہی ہے، گوادر میں تقریباً 3 کھرب روپے مالیت کی زمینوں پر مقدمات درج ہیں، چیئرمین نیب نے کراچی چیمبر آف کامرس کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کا تقریب سے خطاب
16
چیمپئنز ٹرافی: افغانستان کی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔افغانستان کرکٹ ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا، افغانستان کرکٹ ٹیم آج آرام کے بعد کل سے لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔افغانستان کے سپنر اے ایم غضنفر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے، افغانستان کرکٹ بورڈ نے سپنر کے انجرڈ ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
17
اربوں ڈالرز سے بننے والا نیلم جہلم پن بجلی ڈیم تاحال غیر فعال ہے۔وزارت آبی وسائل حکام کا جواب دینے سے انکار ،3 سال بعد بھی ڈیم کا فالٹ دور نہ ہو سکا، وزارت آبی امور معلومات چھپانے لگی، 969 میگاواٹ کا منصوبہ تین سال میں ایک یونٹ بھی پیدا نہ کر سکا، ڈیم بندش سے قومی خزانہ کو یومیہ 27 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
سال 2022 میں ڈیم کی ٹنل میں فالٹ پیدا ہوا، پی ڈی ایم حکومت کے نوٹس پر فالٹ ہنگامی بنیادوں پر دور کیا گیا، ڈیم کو آزمائشی بنیاد پر چلایا گیا مگر پھر بجلی پیداوار روک دی گئی۔نیلم جہلم پن بجلی ڈیم کے نام پر صارفین سے بلوں میں سر چارچ بھی وصول کیا جاتا رہا ہے، ڈیم کی غیر فعالیت، نقصان، تعمیراتی شرائط، ناقص پلاننگ پر احتسابی عمل کے سوالات پر وزارت خاموش ہے۔