1
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز کی سنیارٹی بدلنے کے خلاف 5 ججز کی ری پریزنٹیشن مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے وجوہات کے ساتھ ججز کی سنیارٹی بدلنے کے خلاف 5 ججز کی ری پریزنٹیشن مسترد کرنے کا 8 صفحات پر متشمل فیصلہ جاری کیا۔
ججز کی ری پریزنٹیشن مسترد کرنے کے فیصلے میں بھارتی سپریم کورٹ میں ججز کے تبادلے کا حوالہ بھی شامل ہے جبکہ ججز کی تعیناتی، تبادلے اور ججز کے حلف سے متعلق آئین کی متعلقہ شقیں بھی فیصلے کا حصہ ہیں۔
2
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے سول جج مبشر حسن نے متعدد بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر زرتاج گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
تاہم زرتاج گل ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہو گئیں اوران کی جانب سے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ زرتاج گل خود عدالت میں پیش ہوئیں ہیں اس لیے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتا ہوں، ساتھ ہی عدالت نے زرتاج گل کے خلاف کیس کی سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔
3
پختونخوا اسمبلی کے ممبران پر کرپشن کے الزامات، تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ کو خط ارسال،اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ممبران صوبائی اسمبلی پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کیلئے خط ارسال کیا ہے۔
بابر سلیم سواتی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق سابق سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے مانسہرہ کے عوامی نمائندگان پر کرپشن کے الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی جائے۔
4
مظفر گڑھ: اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مزید 2 خواتین کے خلاف مقدمات درج،پولیس کے مطابق خواتین نے 2 ملزمان کے خلاف زیادتی کے مقدمات درج کروائے تھے، خواتین نے عدالت میں بیان دیا کہ غلط فہمی پر ملزمان کو نامزد کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور دونوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
5
ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے معاملے پر تمام ایوان یکجا ہو گیا، تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والے اپوزیشن ارکان کے نام سامنے آگئے۔پاکستان تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل اور آزاد ارکان نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا لکھ کر دیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی سمیت تمام ارکان تنخواہ بڑھانے کے حامی ہیں۔
پیپلزپارٹی، ن لیگ،جے یو آئی، نیشنل پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے ارکان تنخواہ بڑھانے پر متفق ہو گئے، اپوزیشن ارکان نے پہلے اضافے کا مطالبہ کیا، ایوان میں تنقید کرنے لگے تنخواہوں میں اضافے کو حرام قرار دینے والے شاہد خٹک دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔حمید حسین، شیر علی ارباب، مبین عارف، سہیل سلطان نے بھی تنخواہوں میں اضافے کے لیے دستخط کیے۔
تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والوں میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، انور تاج، عبدالطیف، شاہ احد علی کا نام بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ عادل بازئی، شفقت عباس، امجد علی خان، یوسف خان، سلیم الرحمان بھی اضافے کے حامی نکلے۔
6
امارات، سعودیہ سمیت 7 ملکوں سے مزید 34 پاکستانی بے دخل،امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے 3 بلیک لسٹ سمیت 5 افراد کو بے دخل کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں امیگریشن سے انکار کرکے ایک کو واپس بھیج دیا گیا۔ 11 کو جیلوں سے رہا کرکے، 4 کو زائد المیعاد قیام پر ڈی پورٹ کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق بے دخل 2 پاکستانی آئی بی ایم ایس میں بلیک لسٹ تھے۔ ایتھوپیا اور قطر سے 2 بلیک لسٹ 2 رہائشی قوانین کی خلاف ورزی اور 2 مفرورین کو پاکستان واپس بھیجا گیا۔ تنزانیہ میں بغیر پاسپورٹ، عمان میں غیرقانونی داخل ہونے پر 3 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔امیگریشن نے تینوں ڈی پورٹیز کو مردان، مالاکنڈ اور گوجرانوالہ انتظامیہ کے حوالے کیا۔
7
آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ، اہم کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار،مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی بنیاد پر 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار ہوئے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک کے فیصلے کو سپورٹ کرتے ہیں ۔ اسٹارک نے میڈیا سے پرائیویسی کی درخواست کی ہے۔ اسٹارک اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
8
میچ فکسنگ کے الزام میں بنگلادیشی خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد،بنگلا دیشی کرکٹر سہیلی اختر پر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے دوران میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے36 سالہ کھلاڑی نے الزامات کو قبول کرتے ہوئے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔
سہیلی پر پابندی کی مدت 10 فروری 2025 سے شروع ہو چکی ہے۔رپورٹس کے مطابق 2023 میں ڈھاکا کے نیوز چینل نے ایک آڈیو جاری کی تھی، جس میں 2 کرکٹرز کے درمیان مبینہ گفتگو سنی گئی۔
9
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں پائیدار امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کرم کے 121 سال پرانے تنازع کےمستقل حل کے لیے کوششیں جاری ہیں، جرگے کے فیصلے کے مطابق بنکرز گرانے کا عمل بھی جاری ہے۔ کرم میں پائیدار امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور امن دشمنوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو
10
اسرائیلی فوج غزہ سے پسپا ہونے سے پہلے جاسوسی آلات چُھپا گئی، کئی فلسطینیوں کے ہاتھ لگ گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک طرف فلسطینیوں کا اپنے تباہ حال گھروں میں لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا جبکہ اسرائیلی فوج غزہ سے پسپا ہونے سے پہلے جاسوسی آلات چُھپا گئی، کئی مقامات پر چُھپے اسرائیلی جاسوسی آلات گھروں کو واپس آنے والے فلسطینیوں کے ہاتھ بھی لگ گئے۔ادھر یمن کے حوثیوں نے غزہ پر دوبارہ حملوں کی صورت میں اسرائیل کو دوبارہ نشانہ بنانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔