1
آئی ایم ایف وفد نے وقت لیا ہوگا، چیف جسٹس نے دیا ہوگا، خواجہ آصف کا ملاقات بارے سوال پر جواب،قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے رکن نور عالم خان نے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے وفد کی ملاقات پر سوال اٹھا دیا۔
بدھ کے روز ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت اجلاس میں جے یو آئی رکن نور عالم خان نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے آئی ایم ایف کا وفد کس حیثیت میں اور کس سے پوچھ کر چیف جسٹس سے ملا؟ جس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے جواب دیا کہ ضرور دونوں فریقوں کی رضا مندی سے ملاقات ہوئی ہوگی۔
2
پنجاب کابینہ نے پولیس میں بھرتیوں اوررمضان پیکج کی منظوری دیدی۔صوبائی کابینہ نے پنجاب پولیس میں تقریبا 6 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے اور 30 ارب کے رمضان پیکج کی منظوری دیدی۔طلبہ کیلئے خصوصی سٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کروانے سمیت دیگر اہم منصوبوں پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انڈسٹریلائزیشن کیلئے اہم فیصلے کر لیئے گئے ہیں جبکہ اس موقع پر مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ سرمایہ کار آئیں، انڈسٹری لگائیں،کام کریں،کارروائی بعد میں ہو گی۔ اجلاس میں سپیشل اکنامک زون انڈسٹریل سٹیٹ،سمال انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے ”زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی“کی منظوری دیدی گئی ۔
پنجاب میں صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں ، جتنی انڈسٹری لگاسکتے ہیں لگائیں،فوری طورپر این او سی ملے گا، انڈسٹری لگانے کیلئے مشکل پراسس کو آسان اور بزنس فرینڈلی بنائیں گے۔
3
خیبرپختونخوا: رمضان المبارک میں مستحق گھرانوں کو 10، 10 ہزار روپے دینے کا اعلان، ہر صوبائی حلقے کے 5، 5 ہزار خاندانوں کی معاونت کی جائے گی، یہ اعلان وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس کے دوران کیا۔
پشاور سول سیکرٹریٹ میں خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس سے وزیراعلیٰ کا خطاب، انہوں نے رمضان المبارک کے مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے منتخب عوامی نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کو مل کر کام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تمام کابینہ اراکین اپنے متعلقہ ڈویژنز اور اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کریں، صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں پہلے ہی تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو تحریری احکامات جاری کئے ہیں۔ صوبائی حکومت اس رمضان میں بھی مستحق خاندانوں کی بھرپور معاونت کرے گی، صوبائی حلقے کی سطح پر 5 ہزار مستحق گھرانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
4
سیمابیہ طاہر کو اڈیالہ جیل گیٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔پی ٹی آئی رہنماء سیمابیہ طاہر کو اڈیالہ جیل گیٹ سے حراست میں لے لیا گیا، سیمابیہ طاہر کو پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سیمابیہ طاہر تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں ملزمہ ہیں، پیشی پر عدالت آئی تھیں۔
5
عالمی مارکیٹ کے زیر اثر ملک میں سونے کی قیمت میں کمی ہوگئی۔ مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونا 1372 روپے جبکہ فی تولہ سونا ایک ہزار 600 روپے سستا ہو گیا۔اس کمی کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 58 ہزار 487 روپے ہو گئی جبکہ فی تولہ سونا 3 لاکھ ایک ہزار 5 سو روپے پر آ گیا۔
6
میچ فکسنگ کے الزام میں خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد،بنگلہ دیشی کرکٹر سہیلی اختر پر ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2023ء کے دوران میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 5 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی 36 سالہ کھلاڑی نے الزامات کو قبول کرتے ہوئے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا، سہیلی پر پابندی کی مدت 10 فروری 2025ء سے شروع ہوچکی ہے۔رپورٹس کے مطابق 2023ء میں ڈھاکا کے نیوز چینل نے ایک آڈیو جاری کی تھی، جس میں 2 کرکٹرز کے درمیان مبینہ گفتگو سنی گئی۔
7
بابر اعظم نے مداحوں کو بیوقوف بنادیا، موبائل فون کی گمشدگی ڈرامہ نکلی۔بابراعظم نے اپنا موبائل کھونے یا چوری ہوجانے کی اطلاع سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پراسٹوری کی صورت میں شیئر کی تھی۔
انہوں نے مداحوں کو اپنے ساتھ پیش آئی پریشانی کے حوالے سے بتایا کہ میرا موبائل فون کھوگیا جس کے بعد سارے رابطے کے نمبر بھی چلے گئے ہیں تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ یہ ایک مارکیٹنگ اسٹنٹ تھا۔
8
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 9 پیسے کی تنزلی سے 279.26 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو ڈالر 279.17 روپے پر بند ہوا تھا۔بدھ کی صبح ڈالر 0.3 فیصد مضبوط ہوا اور ایک ہفتے میں پہلی بار 153 ین سے اوپر پہنچا لیکن دوسری جگہوں پر اس میں معمولی کمی دیکھی گئی اور یورو کے مقابلے میں 1.0357 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
یورپی یونین، میکسیکو اور کینیڈا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کے فیصلے کی مذمت کی اور یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیئن نے کہا ہے کہ جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔
9
فرانسیسی صدر میکرون نے غزہ سے متعلق ٹرمپ کے پلان کو مسترد کردیاامریکی ٹی وی کو انٹرویو میں صدرمیکرون نےکہاکہ غزہ میں رئیل اسٹیٹ آپریشن کی نہیں سیاسی آپریشن کی ضرورت ہے،وہ کوئی خالی زمین کا ٹکڑا نہیں،بیس لاکھ لوگوں کا مسکن ہے،جو وہاں رہنا چاہتے ہیں۔
عالمی قوانین اورمعاہدوں کےمطابق غزہ فلسطینیوں کا ہے،کوئی بھی اٹھ کر بیس لاکھ لوگوں کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ آپ یہاں سے چلے جائیں۔ہمیں فلسطینیوں کےدو ریاستی حل کےمطالبے اور ہمسایہ ملکوں اردن اور مصر کے تحٖفظات کا احترام کرنا چاہیے۔