1
انٹراپارٹی انتخابات کیس: پیپلز پارٹی کو 12 مارچ تک جواب جمع کرانے کی مہلت،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔سماعت کے دوران وکیل پیپلز پارٹی ساجد تنولی نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی چیئرمین امریکا میں ہیں اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک اپنی سینیٹ کی مصروفیات کی وجہ سے دستیاب نہیں اس لئے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔
ممبر سندھ نثار درانی نے نشاندہی کی کہ پیپلزپارٹی نے 6 جنوری 2021 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے تھے، ان کے انتخابات چار سال کیلئے ہوتے ہیں، چار سال میں الیکشن نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری ہوا ہے۔ممبر پنجاب نے استفسارکیا کہ جواب جمع کرانے کیلئےکتنا وقت درکار ہے جس پر وکیل پیپلز پارٹی نے مزید ایک ماہ کی مہلت کی درخواست کی۔الیکشن کمیشن نے 12 مارچ تک جواب جمع کرانے کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
2
عمران خان کیخلاف شہبازشریف کے ہرجانے کی درخواست قابل سماعت قرار،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا اور درخواست گزار کے وکیل کو 20 فروری کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے پیش کئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ڈسٹرکٹ جج کو 10 ارب روپے کے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کا اختیار نہیں کیونکہ وہ صرف 5 کروڑ روپے تک کے دعوے کی سماعت کر سکتا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ کے دائرہ اختیار کی تشریح اعلیٰ عدالتوں نے کی ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ہی ڈسٹرکٹ کورٹ کو سماعت کیلئے نوٹیفائی کر سکتے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈسٹرکٹ جج کو اس ہتک عزت کیس پر سماعت سے روکا جائے اور دعوے کی سماعت کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹ تشکیل دی جائے، عدالت نے تمام نکات سننے کے بعد وکیل کو مزید دلائل کیلئے 20 فروری کو طلب کر لیا ہے۔
3
سپیکر قومی اسمبلی سے ہنگری کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنگری پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کو مزید متحرک اور فعال بنایاجائے گا، انہوں نے کہا کہ ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف کا اجراء قابل تحسین ہے۔ ہنگری کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ سپیکر قومی اسمبلی کے متوقع دورہ ہنگری سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،
4
رومینہ خورشید عالم کا ماحولیاتی اقدامات کیلئے کلائمیٹ ٹاسک فورس بنانے کا اعلان،وزیراعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے یوتھ لیڈرز سوسائٹی پاکستان کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ رضاکاروں کی زیر قیادت یہ نیا اقدام موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور ملک بھر کی آبادی کو ماحولیاتی پائیداری کے لئے مؤثر اقدامات اٹھانے کے لئے طاقتور بناتا ہے۔رضاکار عالمی موسمیاتی سفارتکاری میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے رضاکاروں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آگاہی بڑھانے اور موسمیاتی اقدامات کے لئے وکالت کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں رضاکاروں کو سب سے زیادہ جو سرگرمیاں اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں ان میں ماحولیاتی منصوبے، صحت کی دیکھ بھال، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، کھیل، قدرتی آفات سے بحالی کی سرگرمیاں و امداد اور نوجوانوں اور رضاکاروں کی ترقی کے پروگرام شامل ہیں۔
5
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان شاہینز کے تین سکواڈز کا اعلان کردیا جو 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے وارم اپ میچز میں حصہ لیں گے۔14 فروری کو افغانستان کے خلاف قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے لیے پاکستان شاہینز کی کپتانی شاداب خان کریں گے جبکہ منصورامجد کوچ کم منیجر کے طور پر کام کریں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 17 فروری کو ہونے والے میچ کے لیے محمد ہریرہ ٹیم کی قیادت کریں گے اور اعجاز احمد جونیئر کوچ کم منیجر ہوں گے۔اسی دن (17 فروری) کو دبئی میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا جس میں محمد حارث کپتان اور عمر گل کوچ کم منیجر ہوں گے۔
6
پی ایف ایف کی کانگریس کا غیر معمولی اجلاس 27 فروری کو طلب کرلیا گیا۔اجلاس میں فیفا اور اے ایف سی کی تجویز کردہ آئینی ترامیم پر ووٹنگ ہوگی، کانگریس اجلاس فیفا کی جانب سے پی ایف ایف کی معطلی کے بعد بلایا گیا ہے، اجلاس میں کانگریس کی جانب سے آئینی ترامیم منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
7
برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، حکومت برآمدات کی ترقی کے ساتھ معاشی ترقی کی کوششیں کر رہی ہے۔برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں پبلک سیکٹر کے اداروں کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔