1
ملتان:عدالت نے پیپلز پارٹی کے4 ممبران اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ملتان کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نےکورونا وبا کے دوران حکومتی آرڈیننس کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کےکیس میں پیپلز پارٹی کے 4 ممبران اسمبلی اور وکلا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد حسن مغل نے پولیس تھانہ چہلیک کو حکم دیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، علی قاسم گیلانی اور ممبر صوبائی اسمبلی علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔اس کے علاوہ سابق ایم پی اے عثمان بھٹی سمیت متعدد ضلعی عہدیداران و وکلا رہنماؤں کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
2
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہاور 100 انڈیکس 360 پوائنٹس کم ہوکر 112564 پر بند ہوا۔آج 100 انڈیکس آج ایک موقع پر ساڑھے 500 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 13 ہزار 478 تک گیا جو رواں ہفتے انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے لیکن یہ پیش رفت کاروبار کے اختتام تک برقرار نہ رہ سکی اور ر 100 انڈیکس 360 پوائنٹس کم ہوکر 112564 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 937 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں 59 کروڑ شیئرز کے سودے 30.96 ارب روپے میں ہوئے۔
3
حماس کا قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر عمل کا اعلان، جنگ بندی ڈیل برقرار،حماس کا کہنا ہے کہ اس کے نمائندوں نے قاہرہ میں مصری اور قطری ثالث کاروں سے جنگ بندی شرائط سے متعلق بات چیت کی جس دوران فلسطینیوں کےلیے رہائش، خیمے، طبی سامان، ایندھن اور دیگر امداد کی مسلسل فراہمی پربات چیت بھی ہوئی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حماس نے کہا کہ مصری اور قطری ثالث کاروں سے بات چیت مثبت رہی اور ثالث کاروں نے معاہدے پرعملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔
4
امریکی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرسکتا ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملہ رواں سال کے وسط تک ہوسکتا ہے اور اس سے ایران کا جوہری پروگرام ہفتوں یا مہینوں پیچھے چلا جائےگا اور خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خطرات بڑھ جائیں گے۔
امریکی انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق اسرائیل ایران کی فردو اور نطنز ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔امریکی اخبار کی رپورٹ پر وائٹ ہاؤس اور اسرائیلی حکومت نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
امریکی انٹیلیجنس کی رپورٹ پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن جوہری تنصیبات پر حملہ کرسکتا ہےلیکن جوہری صلاحیتوں کو تباہ نہیں کرسکتا۔


