1
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا قانون منظور،سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن میں نئی دفعہ 15-A کا اضافہ کر دیا گیا، وفاقی کابینہ نے سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 15 اے کی ترمیم کی توثیق کر دی، سرکاری ملازم کے طرز عمل کو قواعد میں تبدیلی کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔
حکومت سرکاری ملازم کے مالی طرز عمل کو ریگولیٹری اور مانیٹر کرے گی، معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت سرکاری افسران کے اثاثوں کی تفصیل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگی، گریڈ 17 سے 22 تک کے سرکاری افسران اثاثے پبلک کرنے کے پابند ہوں گے۔
سرکاری افسر اپنے اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیل بھی دینے کے پابند ہوں گے، سرکاری افسر ملکی اور غیر ملکی اثاثے اور مالی حیثیت سے آگاہ کرے گا، سرکاری افسران کو ایف بی آر کے ذریعے اپنے اثاثے ظاہر کرنا ہوں گے۔
اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کو بھی افسران کے اثاثوں کی تفصیلات تک رسائی حاصل ہو گی، افسر کی رازداری اور سلامتی کے لیے عوامی مفاد کے درمیان توازن کو مدنظر رکھا جائے گا، عوامی طور پر قابل رسائی ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
2
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی حلف برداری کل ایوان صدر میں ہوگی۔صدر مملکت آصف علی زرداری جسٹس سرفراز ڈوگر سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب کیلئے ایوان صدر نے ہائیکورٹ سے تفصیلات مانگ لیں۔
3
آرمی چیف کل ’’گرین پاکستان انیشیٹو‘‘ کے مختلف پراجیکٹس کا دورہ کریں گے۔دورے میں جی پی آئی کے ’’سمارٹ ایگری فارم‘‘، ’’گرین ایگری مال‘‘ اور ’’تحقیقی سہولت مراکز‘‘ کا افتتاح بھی شامل ہے، دورے کے دوران شرکاء کو جی پی آئی کی زرعی ترقی سے متعلق اہم کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔جی پی آئی کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ میں استعمال ہونے والی زرعی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش ہوگی، زرعی شعبے کی ترقی و جدت سے آگاہی کیلئے حکومتی شخصیات کا ماڈل فارمز کے دورے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔پیرووال اور مظفرگڑھ میں تیار کئے گئے ماڈل فارمز کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں سے روشناس کرائیں گے، آرمی چیف اور وفاقی و صوبائی حکام کے دورے سے جی پی آئی کے زرعی ترقیاتی منصوبوں کو مزید فروغ ملے گا۔
4
گھریلو ملازمہ قتل کیس، مرکزی ملزم راشد، ملزمہ ثنا کا جسمانی ریمانڈ منظور،دونوں ملزموں کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا ہے، عدالت نے ملزموں کو 17 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، پولیس نے ملزموں کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔مقدمہ میں گرفتار ملزمہ روبینہ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا گیا، عدالت نے ملزمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور ملزمہ کو 27 فروری کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔
5
ایشین جونیئر ٹیم سکواش چیمپئن شپ، پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔پاکستان نے آخری گروپ میچ میں مکاؤ کو 0-3 سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ نواز، انس شاہ اور سخی ترین نے میچز جیتے۔
6
چارسدہ میں فائرنگ کے واقعہ میں خواجہ سرا گلالئی جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت فضل واحد عرف گُرگُرہ کے نام سے ہوئی، خواجہ سرا کو کمر میں گولی مار کر اور گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا۔
چارسدہ پولیس نے نامعلوم ملزموں کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
7
سابق ڈیموکریٹک کانگریس وومن تلسی گبارڈ امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر بن گئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ نے 52 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے تلسی گبارڈ کی توثیق کی جبکہ صرف ایک ریپبلکن نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیا۔
تلسی گبارڈ نے بدھ کو بطور امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔اوول آفس میں حلف برداری کی تقریب کے بعد انہوں نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس کو دوبارہ قومی سلامتی پر مرکوز کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ انٹیلی جنس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔