1
سینیٹ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام سمیت 3 اہم بلز منظور کر لئے۔سینیٹر شیری رحمان کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے تینوں بلز پیش کئے، تینوں بلز متفقہ طور پر منظور کر لئے گئے جبکہ کسی رکن نے مخالفت نہیں کی۔
بل پیش کرنے سے قبل وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن لے جانے والی کشتیوں کے مسلسل حادثات ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان سے عمرہ زائرین کی آڑ میں بھکاری بیرون ملک جا کر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، ان واقعات کی روک تھام کیلئے بلز پیش کرنے جا رہا ہوں جن کا مقصد ان جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینا ہے۔
پہلا بل تارکین وطن کی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل 2025، دوسرا بل روک تھام ٹریفیکنگ ان پرسنز ترمیمی بل 2025 اور تیسرا ایمیگریشن آرڈنینس 1979 میں مزید ترمیم کا بل شامل ہے، ان قوانین کے تحت ان جرائم میں ملوث افراد کو 3 سے 10 سال قید و جرمانے کی سزائیں دی جائیںگی جبکہ بیرون ملک بھیک منگوانے میں ملوث سرغنہ کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
2
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جشن بہار اں میلے کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا ہے۔اسلام آباد کے شہری 25، 26 اور 27 فروری کو جشن بہاراں سے محظوظ ہو سکیں گے، جشن بہاراں میں پاکستان بھر کے روایتی اورمشہور کھانوں کے سٹالز لگائے جائیں گے ، جشن بہاراں میں رینجرز کا دستہ مشعل پریڈ اور اسلام آباد پولیس کا دستہ شمع پریڈ کا مظاہرہ کرے گا۔
میلے میں پاک فوج کے بینڈز بھی پرفارم کریں گے، جشن بہاراں کے دوران آتش بازی کا زبردست مظاہرہ ہو گا جبکہ خٹک، کیلاش اور کتھک سمیت روایتی رقص کے شوز بھی پیش کئے جائیں گے ، رینجرز کی کیمل پلٹون اور نیزہ بازی کی ٹیمیں بھی مظاہرہ کریں گی ۔
3
فائنل معرکہ: نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی۔ شاہین 16 رنز پر ہی پہلی وکٹ گنوا بیٹھے، اوپنر بلے باز فخر زمان 15 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ نئے آنیوالے بلے باز سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پرنہ ٹھہر سکے اور محض 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔
قومی ٹیم کا تیسرا نقصان 54 رنز پر ہوا جب سابق کپتان بابراعظم 34 گیندوں پر 29 رنز کر نیتھن سمتھ کی گیند پر باؤلر کو ہی کیچ تھما بیٹھے۔
4
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، ایف بی آر سے اہم اختیارات واپس،وزارت خزانہ کی جانب سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی کابینہ نےوزارت خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس قائم کردیا، ٹیکس پالیسی سازی اورٹیکس وصولی کو الگ الگ کردیا گیا، اب ایف بی آرصرف ٹیکس وصولی کے کام کی حد تک محدود رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آرریونیو بڑھانے کیلئے ٹیکس تجاویز پرعمل درآمد پر توجہ دے گا، ٹیکس پالیسی آفس براہ راست وزیر خزانہ وریونیو کو رپورٹ کرے گا، ٹیکس پالیسی آفس حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا بنانے پر کام کرے گا، ٹیکس پالیسی آفس ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ کرے گا۔
5
ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ، پاکستان کی سیمی فائنل میں انٹری،کوارٹر فائنل میں انس علی شاہ نے پاکستان کے لیے پہلا میچ جیتا، انہوں نے رینشی ماکینو کو 53 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں 4-11، 6-11، 11-7 اور 8-11 سے ہرایا۔تاہم سخی اللہ خان ترین کو شو تاکاشی کے ہاتھوں 57 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 9-11، 6-11، 11-2، 11-7 اور 8-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصلہ کن میچ میں عبداللہ نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شنساکو کاریازونو کو صرف 30 منٹ میں 7-11، 5-11 اور 10-12 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔