1
پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجا نے پارٹی قیادت کے بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے وضاحت کردی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں آئیں گے۔عمران خان بنی گالہ جیسی آفرزکو مسترد کر چکے ہیں۔ عمران خان آئین اور قانون کی سربلندی کے لیے جیل میں ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کا الائنس خوش آئند ہے۔ پوری قوم بھی ایسا ہی چاہتی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت
2
لاہور ہائیکورٹ بار کا وزیر داخلہ کو خط، وکلا کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا مطالبہ، لاہور ہائیکورٹ بار ایشیا سے سب سے بڑی اور پرانی بار ایسوسی ایشن ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے 45000 ممبران ہیں۔ وکلا انصاف کی فراہمی میں کلیدی کرداد ادا کرتے ہیں۔
وکلا کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں سکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی طرح وکلا کو بھی اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں۔ میڈیا کوآرڈینیٹر لاہور ہائی کورٹ چوہدری احمد شیر جٹ،بار کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وکلا کے لیے اسلحہ لائسنس کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔
3
26 نومبر احتجاج: پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی ضمانتوں میں توسیع،انسداد دہشت گردی عدالت میں شہریار آفریدی کیخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، شہریار آفریدی اپنے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ، ترنول، مارگلہ، اور آبپارہ میں مختلف مقدمات درج ہیں، عدالت نے تمام مقدمات میں شہریار آفریدی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔ تھانہ آبپارہ اور سیکریٹریٹ کے مقدمات کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
تھانہ مارگلہ کے مقدمے کی سماعت 8 اپریل تک اور تھانہ ترنول و دیگر مقدمات کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے فیصلہ کیا کہ تمام ضمانتوں کو دیگر ملزمان کی ضمانتوں کے ساتھ اکٹھا سنا جائے گا۔
4
سوشل میڈیا کے ذریعے فعال بین الاقوامی سمز فروخت کرنے والے 5 افراد گرفتار،ایف آئی اے ترجمان مطابق غیر قانونی بین الاقوامی سمز کی فروخت میں ملوث 5 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عامر، محمد مدثر ، محمد ذکریا، سید نور اور وجیہہ محمود کے نام سے ہوئی۔
ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ ان سے 335 غیر قانونی سمز اور 5 عدد موبائل فون برآمد کر لئے گئے۔ چھاپہ مار کارروائی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
5
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ امریکا کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ دورہ امریکا میں امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں۔
ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی براداری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امید ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔
6
بھکر: غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات،نواحی علاقہ چک نمبر 12 میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی، جہاں 35 سالہ سمیرا بی بی کو اس کے 25 سالہ پڑوسی آفاق کے ہمراہ قتل کر دیا گیاپولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مقتولہ کے بھانجے کیس علی کے ہاتھوں پیش آیا۔
ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی کلور کوٹ نصراللہ خان، ایس ایچ او تھانہ چاندی چوک منظور جسکانی اور بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قاتل کیس علی کو گرفتار کر لیا اور واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ سمیرا بی بی تین بچوں کی ماں تھیں جبکہ مقتول آفاق غیر شادی شدہ تھا۔ ابتدائی تحقیقات مکمل کر کے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش کے لیے سرگودھا سے فرانزک ٹیم کو بھی بلا لیا گیا ہے۔
7
خاتونِ اول، پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری 314 اراکینِ اسمبلی میں سے واحد ایم این اے ہیں جو ماہانہ تنخواہ نہیں لے رہیں، مسلم لیگ ن کے بانی نواز شریف سمیت 313 قانون ساز حکومت سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی این اے 207 پر بلا مقابلہ منتخب ہونے والی آصفہ بھٹو تنخواہ نہیں لے رہیں۔گزشتہ سال ایم این اے کے طور پر حلف اٹھانے کے 2 ماہ بعد آصفہ نے گزشتہ سال جون میں اعلان کیا تھا کہ وہ تنخواہ یا کوئی الاؤنس نہیں لیں گی۔
8
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اہلیہ کے ہمراہ یتیم بچوں سے ملنے پہنچ گئے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حیات آباد پشاور میں واقع ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ہمراہ تھیں۔ چیف جسٹس پاکستان کی آمد پرانہیں ولیج کی ڈائریکٹر کوکب بتول قریشی نے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی۔
دورے کے دوران چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ نے بچوں سے ملاقات کی اور ان کی روزمرہ سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لی۔ دونوں نے بچوں کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا اور ان کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ چیف جسٹس پاکستان اور ان کی اہلیہ نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم میں بہترین کارکردگی دکھائیں تاکہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ معاشرے کے لیے بھی مفید ثابت ہوں۔
چیف جسٹس نے ایس او ایس ولیج کی ڈائریکٹر کی خدمات کو سراہا اور ان کی جانب سے ادارے میں نظم و ضبط، اعلیٰ تعلیمی معیار اور عمدہ دیکھ بھال کو برقرار رکھنے کی کوششوں کی تعریف کی۔چیف جسٹس نے بچوں اور ایس او ایس ولیج کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ جب بھی ضرورت محسوس کریں، ان کے لیے دستیاب ہوں گے۔


