1
پنجاب حکومت نے 125 سال پرانے پریزن رولز میں ترامیم کردیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 138 جیل رولز تبدیل کر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیے گئے ہیں، جیل رولز میں ترامیم انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی قوانین کی پاسداری کیلئے کی گئیں۔
رولز میں جدت اور تبدیلی سے قیدیوں، انکے اہل خانہ اور انتظامیہ کو سہولت ہوگی ، جیل رولز میں ترامیم کی منظوری کیلئے سمری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترامیم میں خواتین قیدیوں اور بچوں کے حقوق پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ذہنی امراض کے شکار قیدیوں کیلئے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، قیدیوں کیلئے سزا و جزا کے نظام کو سسٹم اور ڈسپلن کا پابند بنایا گیا ہے ، قیدیوں کو سزا کے خلاف اپیل کا حق دینے کیلئے نظام وضع کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نئے رولز میں عالمی قوانین کے مطابق غیر ملکی قیدیوں کو قونصلر کی مدد فراہم کی گئی ہے ، رولز میں تبدیلی کے بعد اب غیر ملکی قیدی اپنی زبان میں کیس کی کارروائی سن سکیں گے ، ترامیم میں قیدیوں کو صاف پانی، متوازن خوراک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
2
پاک بھارت ٹاکرا: چیئرمین پی سی بی کا شائقین کیساتھ میچ دیکھنے کا فیصلہ،چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میچز کیلئے محسن نقوی کو وی وی آئی پی باکس ملا، چیئرمین پی سی بی نے متعلقہ حکام سے باکس فروخت کرنے کا کہہ دیا، باکس کی 30 نشستیں، مالیت 4 لاکھ امریکی ڈالرز ہے۔
3
امریکی وزیر خارجہ روسی حکام سے ملاقات کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی ثالثی میں روس ،یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچے ہیں، امریکی وزیر خارجہ اور دیگر امریکی حکام کی روسی وفد سے ملاقات منگل کو طے ہے۔
خیبر ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی وفد میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز اور مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف شامل ہیں تاہم روسی وفد میں شامل حکام کے نام منظر عام پر نہیں آئے۔
4
ڈیفنس سے اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کی والدہ ایس پی انویسٹی گیشن علی حسن کے خلاف پھٹ پڑیں ۔ذرائع کے مطابق ڈیفنس سے اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کی والدہ نے ایک اورویڈیو بیان جاری کردیا، مصطفی عامر کی والدہ ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ علی حسن کے خلاف پھٹ پڑیں۔
مقتول نوجوان کی والدہ کا کہنا تھا کہ20 روز تک ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ علی حسن نے کچھ نہیں کیا، 20 دن پولیس میرے بچے کی کردار کشی کرتی رہی، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایس پی انویسٹی گیسن ساؤتھ علی حسن پر پرچہ کٹوائیں گی ایس پی علی حسن پر پرچہ کٹنا چاہیے۔
5
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ایک ماہ کے دوران سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے ایک ارب 68 کروڑ روپے کی بجلی خرید لی۔سی پی پی اے کے مطابق سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے دسمبر میں چھ کروڑ 24 لاکھ یونٹس خریدے گئے، سب سے زیادہ بجلی لیسکو میں خریدی گئی، لیسکو میں 2 کروڑ 17 لاکھ یونٹس خریدے گئے۔حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ میپکو میں 1 کروڑ ساٹھ لاکھ ، آئیسکو میں 9 لاکھ ، پیسکو میں 47 لاکھ اور گیپکو میں 49 لاکھ یونٹس خریدے گئے،
6
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی، 400 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 524 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی، 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار 847 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔