1
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہےکہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا۔مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے اور بینکوں کا مارک اپ ریٹ بہتر ہوا ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہوگا۔
حکومت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی، معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے بھی دن رات محنت کی ہے لیکن ابھی مزید محنت درکار ہے۔آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔
2
مصطفیٰ قتل کیس: عدالت نے مقتول کی قبر کشائی کی درخواست منظور کرلی۔کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کی جانب سے دائر مقتول مصطفیٰ عامر کی قبر کشائی کی درخواست منظور کی اور عدالت نے قبر کشائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ سیکرٹری صحت قبر کشائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیں، قبر کشائی مکمل کرکے 7 روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔
3
عالمی بینک کے 9 ایگزیکٹوڈائریکٹرز کی 20 سال بعد پاکستان آمد، ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا وفد (جو ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں 88 رکن ممالک کی نمائندگی کرتا ہے) اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اہم بات چیت کرے گا اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لینے اورحکمت عملی بنانے کیلئے مختلف صوبوں کا دورہ کرے گا۔
اپنے دورے کے دوران، یہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز وزیر اعظم، وزیر خزانہ، وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن، وزیر منصوبہ بندی اور وزیر توانائی سے ملاقات کریں گے، یہ بات چیت ملک کے اقتصادی ترقی کے منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور 40؍ ارب ڈالرز کی سی پی ایف کو آئندہ دہائی کیلئے موثر انداز سے عملدرآمد کرنے کی حکمت عملی پر مرکوز ہوگی۔
وفد اسلام آباد کے علاوہ خیبرپختونخوا (کے پی)، سندھ اور پنجاب کا دورہ کرے گا جبکہ بلوچستان کے نمائندوں سے بھی بات چیت کرے گا۔ ان دوروں کا مقصد ملک کے ہر خطے میں پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے عالمی بینک کے عزم کے مطابق مقامی ترقیاتی چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں ویژن فراہم کرنا ہے۔یہ گروپ کاروباری لیڈرز، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کرے گا۔
4
نامورسندھی شاعر آکاش انصاری کے بیٹے نے والد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر آکاش انصاری کے زیرحراست بیٹے لطیف آکاش نے والد کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنے کے بعد کمرے میں آگ لگائی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات کے تمام شواہد اکھٹا کر لیے ہیں، ڈاکٹر آکاش کا بیٹا نشے کا عادی ہے اور آئے روز والد سے رقم کا تقاضہ کرتا رہتا تھا۔تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ فارنزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔
5
بیسویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی زین محمود نےجیت لی۔سابق چیمپئن نادر مگسی دوسرے نمبر پر رہے جبکہ میر جعفر مگسی تیسرے اور صاحبزادہ سلطان چوتھے نمبر پر رہے۔خواتین کی پری پیئرڈ کیٹیگری میں بھی زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دینہ پٹیل نے سلمیٰ مروت کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر آبپاشی کاظم علی پیر زادہ تھے۔ کاظم علی پیرزادہ نے کہا جیپ ریلی کی وجہ سے صحرا میں رونقیں لگی ہوئی ہیں، منافرت پھیلانے والوں کے بنائے گئے ماحول پر بہت مشکل سے قابو پایا ہے۔


