1
تحریک انصاف کا 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف کیس جلد سننے کا مطالبہ،بیرسٹرگوہرکا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ سے بنی حکومت نے 26ویں ترمیم پاس کرائی، پی ٹی آئی کا اصولی مؤقف ہے 26ویں ترمیم کیس کی سماعت جلد سے جلد ہو، تمام جج صاحبان بیٹھیں اور 26ویں ترمیم کا فیصلہ کریں۔
ہمارے مینڈیٹ کا تحفظ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری تھی، ہمارا آج بھی یہی مؤقف ہے مینڈیٹ واپس لینے کا حق رکھتے ہیں، جمہوریت کیلئے عوام کا مینڈیٹ اور ووٹ بنیاد ہے۔بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی، ہم آگے بڑھنا چاہ رہے تھے، حکومت نے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کی، ابھی بھی وقت ہے دانشمندانہ فیصلے کریں،وہ فیصلے کریں جس میں سب کی فلاح ہو۔
2
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ملاقات ہوئی۔سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان سے ملاقات اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں لیاقت خٹک، مولانا اسعد محمود، محمد اسلم غوری بھی شریک ہوئے۔
3
پیکا ترمیمی ایکٹ کے لیے دائر کی گئی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے پیکا ترمیمی ایکٹ کیخلاف دائر درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی، جس میں عدالت نے کیس جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت میں زیر التوا دیگر کیسز کے ساتھ منسلک کر دیا۔
دورانِ سماعت ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وکیل نے درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کردی۔جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ جسٹس انعام امین منہاس ہی لارجر بینچ بنانے کی درخواست پر فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف کیس کب مقرر ہے ؟۔پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ پیکا ترمیمی ایکٹ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، عدالتی جائزہ لیا جائے۔
4
ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں: ایران کی امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ، ایران این پی ٹی کا رکن ہونے کے ناطے جوہری ترقی کا مکمل حق رکھتا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران پرامن ایٹمی پروگرام جاری رکھے گا اوراس حوالے سے کسی بھی دھمکی یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا۔
یہ ردعمل ایسے وقت میں آیا جب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد بیان دیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے جوہری عزائم کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایران نے واضح کر دیا کہ وہ اپنے دفاعی حقوق پر کسی بھی قسم کی ناجائز مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔
5
مرحلہ وار سرکاری اداروں کی نجکاری کریں گے، رواں سال پہلے مرحلے میں 10 سے زائد سرکاری اداروں کی نجکاری کا ہدف ہے۔عالمی بینک کے وفد کی وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احد چیمہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی بینک کا تیسرا بڑا وفد آنا خوش آئند ہے۔
پہلے مرحلے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کریں گے، پی آئی اے اور باقی اداروں کی نجکاری اگلے مرحلے میں ہوگی۔اگلے 3 سے 4 برسوں میں تقریباً 50 سرکاری اداروں کی نجکاری کا پلان ہے، عالمی بینک کے تعاون سے پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔
6
تھانہ کینٹ کی حدود میں خاتون پولیس اہلکار اپنے سرکاری کوارٹر میں مردہ پائی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون گھر میں موجود تھی کہ اچانک گولی چلنے کی آواز آئی، جانبحق خاتون نجف بی بی تھانہ کینٹ میں تعینات تھی۔ خاتون پولیس اہلکار کو قتل کیا گیا یا خودکشی کی، تحقیقات کی جا رہی ہیں، جانبحق خاتون کا شوہر بھی پولیس کانسٹیبل ہے۔