1
پاکستان کا او آئی سی پر فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے اقدامات پر زور،نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں او آئی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کو اپنا ’بنیادی حلقہ‘ سمجھتا ہے اور فلسطین کا مسئلہ پاکستان اور مسلم دنیا دونوں کے لیے اولین ترجیح ہے،پاکستان او آئی سی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں،غزہ میں سیز فائر پر عملدرآمد کیلئے ڈپلومیٹک راستے اپنانا ہوں گے،غزہ کی بحالی کیلئے سب کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا، اسرائیل لبنان میں مسلسل مسلح کارروائیاں جاری رکھےہوئے ہے، مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ مسئلہ فلسطین کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، غزہ کے حوالے سے اسرائیل سیز فائر معاہدے کی پاسداری یقینی بنائے، غزہ کی جنگ نے فلسطینی عوام کے لیے تبا ہ کن نتائج پیدا کیے ہیں، فلسطین کے مفادات اورعرب ومسلم امہ کے مقاصد کو محفوظ رکھنے کیلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان غزہ میں جنگ بندی معاہدے کےتحفظ کیلئے سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے وتیسرے مرحلے کے نفاذ کیلئے سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں غزہ کے عوام کو مناسب انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی تجاویز کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے، مغربی کنارے میں اسرائیل کی پر تشدد،بےدخلی کی مہم کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔
ہمیں دوریاستی حل کے حصول کے لیے ٹھوس اقدامات کا آغاز کرنے چاہئیں، سعودی عرب کے جاری کردہ بیان کی توثیق کرنی چاہیے، سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام کو لازمی شرط قراردیتا ہے، او آئی سی کو اجتماعی طور پر اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے، ہمیں دوریاستی حل کو ناگزیر بنانا چاہیے۔
2
سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس میں جسٹس نعیم اخترافغان نے ریمارکس دیئے کہ بین الاقوامی اصولوں میں کہیں نہیں لکھا کہ سویلینز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا۔سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ کر رہا ہے۔
9 مئی کے واقعہ میں ملوث مجرم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجا نے اپنے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج گیارہ بجے تک اپنے دلائل مکمل کر دوں گا جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آدھے گھنٹے میں دلائل مکمل کریں تو زیادہ اچھا ہو گا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ اگر بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کیا جائے تو نتیجہ کیا ہو گا؟ جس پر سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کرنے کا مطلب ہے کہ ٹرائل شفاف نہیں ہوا۔
3
مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان کو آج ہی اے ٹی سی میں پیش کرنے کا حکم،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو اے ٹی سی ٹو کے جج کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے آج ہی اے ٹی سی ٹو میں پیش کیا جائے۔
بعدازاں پولیس ملزم ارمغان کو سندھ ہائی کورٹ سے لے کر اے ٹی سی روانہ ہو گئی۔قبل ازیں سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ کسٹڈی کہاں ہے؟ جس پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے مصطفیٰ عامر کے اغواء کی ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ 6 جنوری کو مصطفیٰ عامر کو اغواء کیا گیا، تحقیقات کے دوران مغوی کی والدہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا، مغوی کی والدہ نے بتایا کہ انہیں 2 کروڑ روپے کے تاوان کی کال موصول ہوئی ہے، تاوان کی کال کے بعد کیس کی انویسٹی گیشن اے وی سی سی پولیس کو منتقل ہو گئی، 8 فروری کو ڈیفنس کے ایک بنگلے میں ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔
عدالت عالیہ نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ سی آئی اے کی جانب سے کون تفتیش کر رہا تھا؟ جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انسپکٹر امیر سی آئی اے کے تفتیشی افسر تھے، 4 بج کر 40 منٹ پر کارروائی کی گئی جو 9 بجے تک جاری رہی، ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی۔
سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ ملزم کے گھر سے کونسا اسلحہ برآمد ہوا ہے؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسلحہ برآمدگی سے متعلق الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ملزم ارمغان کو 10 فروری کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کو 3 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
4
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورسابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی کم ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے بہاولپور، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، لیہ، ڈی جی خان، راجن پورڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔
اللہ تعالیٰ آسانیاں فرما رہا ہے، معاشی ٹرن آراؤنڈ ہوتا نظر آ رہا ہے، پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھایا ہے، سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔الحمدللہ تعمیراتی کام پھر سے شروع ہوگئے ہیں، شہبازشریف کی محنت اور جانفشانی کا عالمی مالیاتی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔نواز شریف کی ارکان اسمبلی سے گفتگو
5
گیلپ پاکستان نے ملک کی معاشی سمت کو درست قرار دے دیاحالیہ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے،سروے کے اعداد و شمار اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے ، 55فیصد پاکستانی کاروبار میں بہتری کی اطلاع دے رہے ہیں ، پاکستان پر کاروباری اعتماد پچھلے چھ ماہ میں 10فیصد بڑھا ہے۔
سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مستقبل کے حوالے سے کاروباری توقعات میں 19فیصد اضافہ ہوا جو مثبت رجحان کی نشاندہی کرتا ہے، پاکستان میں کاروباری صورتحال غیر یقینی ہونے کا تاثر 7 فیصد تک کم ہو چکا ہے ، مستقبل کے حوالے سے کاروباری اعتماد میں 36 فیصد اضافہ ہوا جو کاروباری برادری کے لئے مثبت اشارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی کاروباری اعتماد میں اضافے کے اہم عوامل ہیں، کاروباری طبقے نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی جبکہ 56فیصد نے لوڈشیڈنگ نہ ہونے کی اطلاع دی، حالیہ گیلپ سروے اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ تجارتی شعبے میں کاروباری افراد کا اعتماد بحال ہوا۔
یہ تازہ ترین سروے سہ ماہی کاروباری اعتماد کے سروے کا 14 واں ایڈیشن ہے ، گیلپ پاکستان نے حالیہ سروے ملک کے 30 سے زائد اضلاع میں کیا جس کے دوران 482 چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاروباروں کا سروے کیا گیا۔
6
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی کارکردگی سے پیپلز پارٹی کو پریشر محسوس ہوتا ہے۔گورنر پنجاب تو بہت کچھ کہتے رہتے ہیں، ان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیا کریں، ان کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، گورنر پنجاب کے کہنے سے کوئی وزیرِ اعظم بنے گا اورنہ ہٹے گا۔
سندھ کے تاجروں نے مریم نواز کی انتظامی کارکردگی کی تعریف کی تو ان کی شامت آ گئی تھی، مجھے معلوم ہوا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے اپنے ترجمانوں کو کہا ہے کہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
7
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی عمرایوب نے کہا ہے کہ حکومت میں آ کر 26 ویں آئینی ترمیم کو ختم کریں گے۔ پی ٹی آئی ورکرز اور رہنماؤں پر بے شمار جعلی کیسز درج کئے گئے ہیں، حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوشش کر رہے ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے بھی عدلیہ سے بات کی ہے، رولز آف لاء پاکستان میں نہیں ہے، لوگ زمین فروخت کر کے ملک چھوڑ رہے ہیں، نوجوان لاکھوں روپے دے کر بیرون ملک جا رہے ہیں، پاکستان میں قوت خرید کم ہو رہی ہے۔
کل اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کے عمل کو روکا گیا ، پاکستان میں تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئی ہیں، رمضان کے بعد ایک بھرپور مہم چلائیں گے، 26 ویں آئینی ترمیم کو جب حکومت آئے گی تو ختم کریں گے۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو
8
لاہور ہائیکورٹ: نظربندی قانون کی شق معطل کرنے کے حکم میں توسیع، لاہور ہائیکورٹ میں نظر بندی کے قانون کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس امجد رفیق نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب میں نظربندی کے قانون کو سیاسی انجینئرنگ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔بعدازاں عدالت نے نظر بندی کے سیکشن کو معطل کرنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔
9
لاہور بورڈ نے میٹرک سالانہ امتحانات کی رولنمبر سلپس جاری کر دیں۔لاہور بورڈ نے امتحانات میں نقل روکنے کیلئے منفرد قدم اٹھایا ہے، جعلی امیدواروں کی روک تھام کیلئے پہلی مرتبہ رول نمبر سلپس پر خصوصی کیو آر کوڈ لگا دیا گیا۔
کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ کے مطابق کیو آرکوڈ سے رول نمبر سلپ آن لائن کھل سکے گی، کیو آر کوڈ کی مدد سے جعلی امیدواروں کا تعاقب ہو سکے گا، خصوصی کیو آر کوڈ سے کوئی جعلی رول نمبر سلپ نہیں بنے گی۔امتحانات میں جعلی امیدواروں کے خاتمے کیلئے تمام رول نمبر سلپ آن لائن کر دی گئیں۔
10
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک اور شہری کی ڈمپر سے موت انتظامیہ کے ماتھے پر داغ ہے، سندھ حکومت سمجھے شہریوں کا غصہ قابو میں رکھنا مشکل ہو گیا۔ ڈمپر مافیا کی بے جا طرف داری شہریوں کی مزید اموات کا سبب بن رہی ہے، پسماندہ اور متوسط طبقے کے افراد ڈمپروں اور ٹینکروں کی زد میں آتے ہیں۔
بڑی گاڑیوں اور محافظوں کے ساتھ گھومنے والے عوام کے درد کو محسوس کریں، سمجھ سے بالاتر ہے کہ صوبائی وزراء ڈمپر مافیا کے خلاف بولتے کیوں نہیں۔ شہری پرامن احتجاج کریں، ٹینکروں اور ڈمپروں کو جلانا درست نہیں، سندھ حکومت بھی سمجھے کہ شہریوں کا غصہ قابو میں رکھنا اب مشکل ہو گیا ہے۔ڈمپر مافیا کے خلاف احتجاج پر گرفتار افراد اور سیاسی رہنماؤں کو ضمانت پر رہائی ملنی چاہیے، ڈمپر اور ٹینکر مافیا کو لگام دی جائے ورنہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھوں گا۔
11
وزیراعظم، وزیر داخلہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست، ایس ایچ او نے جواب کیلئے وقت مانگ لیاوزیراعظم، وزیر داخلہ اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوئی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی و دیگر کیخلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے 22 اے کی درخواست پر سماعت کی جس میں ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ نے رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔عدالت نے طلب کیے جانے پر ایس ایچ او کو مزید وقت دیتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔
12
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ای الیون چلڈرن پارک میں غیر قانونی تعمیرات روکنے اور پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔جسٹس محمد آصف نے ای 11 چلڈرن پارک میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ای 11 کے رہائشیوں نے چلڈرن پارک پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، پٹیشنرز کی جانب سے ایڈووکیٹ کاشف علی ملک دیگر وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گرین ایریا یا پبلک پارک کو کمرشل ایریا میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، مسلح افراد ہیوی مشینری کے ساتھ پارک میں داخل ہوئے اور بچوں کے جھولے اکھاڑ دیئے جس سے ای الیون کے رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہوئے اور ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔وکیل کاشف علی ملک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متاثرین میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک سینئر جج بھی شامل ہیں، معاملہ سی ڈی اے کے علم میں لانے کے باوجود اتھارٹی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ختم کرانے میں ناکام رہی۔
13
اسلام آباد ہائیکورٹ کا القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی درخواست پر سماعت سے انکار،قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی چیریٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کی درخواست پر سماعت کی، القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے وکیل جہانزیب سکھیرا عدالت پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں تو سزائیں ہو چکی ہیں ، ٹرسٹ ضبط ہوچکا ہے، ٹرسٹ پنجاب حکومت کی تحویل میں چلا گیا ہے، ضبط ہے، اب اس کیس میں کچھ نہیں۔
عدالت کے استفسار پر وکیل جہانزیب سکھیرا نے بتایا کہ یہ درخواست القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی جانب سے دائر کی گئی ہے، اس درخواست کے علاوہ دیگر درخواستیں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، مجھے وقت دے دیں میں اپنے مؤکل سے معاونت حاصل کر لوں۔جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ نے یہ بھی بتانا ہے کہ ٹرائل کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد یہ درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟،بعد ازاں عدالت نے وکیل درخواست گزار کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔
14
پشاور ہائیکورٹ کا اسد قیصر کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبدالفیاض نے اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، سابق سپیکر قومی اسمبلی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے ہر رمضان المبارک میں عمرہ کیلئے جا رہا ہوں، اس رمضان میں بھی عمرہ کے لئے جانے کا ارادہ ہے، اس لئے تاریخ رمضان المبارک کے بعد دی جائے۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس سے پوچھتے ہیں کہ رپورٹ آئی ہے کہ نہیں، جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہمیں ٹائم دیا جائے، رپورٹ جمع کرائیں گے۔بعد ازاں عدالت نے اسد قیصر کو 8 اپریل تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے انہیں درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کرم میں کل جو واقعات ہوئے اس کی مذمت کرتا ہوں، 5 لوگ شہید ہوگئے ہیں، اگر آپ ایسی پالیسی بنائیں کہ اس سے ایک صوبہ متاثر ہو تو پھر ایسی صورتحال پیش آتی ہے، امن و امان کی بحالی سٹیٹ کا کام ہے۔ افغان پالیسی نئے سرے سے بنانی چاہیے، تمام سٹیک ہولڈر کو مل کر نئی پالیسی بنانا ہوگی، اس وقت ملک میں قانون نہیں ہے،
15
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد دانیال صالح اور محمد امین شامل ہیں ، ملزمان کو ہری پور اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔اشتہاری ملزم دانیال صالح انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے ، ملزم نے شہری کو قطر کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے ، ملزم سال 2023 سے مطلوبہ ملزمان کی فہرست میں شامل ہے ۔


