1
الیکشن کمیشن کا پنجاب حکومت کو بلدیاتی الیکشن کرانے میں بار بار تاخیر پر نوٹس جاری،الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکرٹری بلدیات کو نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے کئی اقدامات کیے۔
نوٹس کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے باربار پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اجلاس کیے اور یاد دہانی کرائی لیکن تاحال معلوم نہیں ہے پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے کیا اقدامات کیے؟الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی قانون چار بار تبدیل ہوا الیکشن کمیشن نے تین مرتبہ حلقہ بندیاں کرائی، پنجاب حکومت کی درخواست پرپنجاب لوکل گورنمنٹ قانون کومکمل کرنےکے لیے چار ہفتے کا وقت دیا گیا، الیکشن کمیشن کو یونین کونسل کی حلقہ بندیاں بھی روکنا پڑی۔
نوٹس کے مطابق پنجاب حکومت کوکہا تھا ایک ماہ میں قانون سازی مکمل کرے مزید توسیع نہیں دی جائے گی، پنجاب حکومت نے پنجاب بلدیاتی حکومت قانون الیکشن کمیشن سے 26 دسمبر کو شیئرکیا، الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو 23 جنوری کو اپنا فیڈ بیک بھجوا دیا لیکن ابھی تک پنجاب حکومت نے بلدیاتی حکومت قانون سازی کے لیےکوئی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی پنجاب حکومت نے الیکشن کرانے کے لیے کوئی اقدامات کیے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا معاملہ سماعت کے لیے مقرر کردیا اور 26 فروری صبح 10 بجے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی۔
2
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس 1344 پوائنٹس اضافے سے 113088 پر بند ہوا۔کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1610 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا،بازار میں 54 کروڑ شیئرز کا کاروبار 20.74 ارب روپے میں طے ہوا۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 161 ارب روپے بڑھ کر 13948 ارب روپے ہے۔
3
کراچی: نوجوان مصطفیٰ عامرکواغوا کے بعد قتل کرنے والا ملزم ارمغان انسداد دہشتگردی عدالت میں بے ہوش ہوگیا۔کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے ملزم ارمغان کو عدالت نمبر 2 میں پیش کیا تاہم سماعت کے دوران ملزم ارمغان عدالت میں بے ہوش ہوگیا۔
دوران سماعت عدالت نے سوال کیا ملزم کی طرف سے کون آیا ہے؟ اس پر وکیل صفائی نے کہا ملزم سے وکالت نامہ دستخط کروانا ہے مگر ارمغان نے وکالت نامے پر دستخط سے انکار کردیا۔ عدالت نے ملزم سے سوال کیا پولیس نے جب پکڑا اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ اس پر ملزم ارمغان نے کہا کہ مجھے مارا گیا ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ لاش مل گئی ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ باڈی مل گئی ہے اور قبر کشائی کا آرڈر بھی ہوگیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرنا ہے ریمانڈ دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے تفتیش کے لیے ملزم ارمغان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
4
مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی میں بلوچستان لیجاکر جلایا: ملزم شیراز کے دوران تفتیش انکشافات،تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم شیراز اور ارمغان بچپن کےدوست ہیں اور اسکول میں ساتھ پڑھتے تھے، اسکول کے بعد اب ڈیڑھ سال قبل ارمغان سے شیراز کی دوبارہ دوستی ہوئی، ارمغان کے بنگلے پر شیر کے 3 بچے بھی موجود تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارمغان بنگلے میں اکیلے رہتا تھا اور کال سینٹر چلاتا تھا، کال سینٹر میں خواتین سمیت 30 سے 35 افراد کام کرتے تھے، ملزم شیراز کے مطابق ارمغان کو اسلحے کا شوق تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ مصطفیٰ پر تشدد کے بعد ارمغان نے پھر ایک رائفل اٹھائی اوردیوار پر 2 فائر کیے، دھمکانے کے بعد مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی میں ڈال دیاگیا، مصطفیٰ کو بلوچستان لے جاکر گاڑی سمیت جلا دیاگیا، ارمغان کے گھر پر خون کے نشانات کو ملازمین سے صاف کروایاگیا، شیراز نے بتایا مصطفیٰ کی والدہ کو تاوان کی کال کس نے کی اسکا اسےعلم نہیں۔
5
ملک کے 40 ہزار میگا ریٹیل اسٹورز کی سیلز معلومات ایف بی آر کو دینا لازمی قرار،فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز میں ترامیم متعارف کرادیں جس کے تحت میگا ریٹیل اسٹورز کو سیلز کی معلومات ایف بی آر کو فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیاگیا گیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق بڑےاسٹورز کی فروخت کا ڈیٹا24گھنٹوں کے اندر ایف بی آر کو موصول ہوجائے، بروقت درست ڈیٹا موصول نہ ہونے پر مذکورہ ٹیئرون ریٹیلرز کو سیل کیاجاسکے گا اور اسٹورز کو ڈی سیل کرنےکا اختیار کمشنر ان لینڈ ریونیو کو دیا گیا ہے۔


