1
اقتصادی و تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے جو پاکستان میں معاشی ترقی اور استحکام لائے گا۔پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں میں سفارت کاروں، ماہرین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شرکا نے سی پیک کو ایک گیم چینجر منصوبہ قرار دیا، اجلاس کے دوران ماہرین نے زور دیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے علاقائی معاشی خوشحالی کا ممکنہ ذریعہ بناتی ہے۔
پاکستان کی سٹریٹجک لوکیشن مشرق اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے بہترین ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے شمار نئے مواقع جنم لے رہے ہیں۔
2
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں اور منتیں کی جارہی ہیں کہ مجھے بچا لو۔جس نواز شریف کو مارنے اور گرانے کی کوشش کی گئی آج مرکز میں اس کے بھائی اور پنجاب میں بیٹی کی حکومت ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے۔
نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکال دیا ہے، اڈیالہ جیل کے علاوہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، ہم دن رات محنت کرکے عوام کی زندگیوں کو تبدیل کرکے رہیں گے۔ بتایا جائے کہاں ہے وہ پاکستان جس کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں، آج پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیا۔نارووال میں جلسہ سے خطاب
3
حکومت ڈمپرزحادثات کے خلاف کمیشن بنائے: فاروق ستار کا مطالبہ،کراچی میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ انصاف کے لیے متعلقہ فورمز سے رابطہ کریں۔
حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں کی بھی ذمے داری ہے کہ دن میں ڈمپرز اور کنٹینرز کے سبب جہاں حادثات ہو رہے ہوں وہاں فوری کارروائی ہو اورمتاثرین اور لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے، ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا اس حوالے سے ایک کمیشن بنائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ حادثات لسانی نہیں اور نہ ہی انہیں لسانی معاملہ بننا چاہیے جبکہ تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات مناسب نہیں ہیں۔
4
الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات کا معاملہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکرٹری بلدیات پنجاب کو 26 فروری کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ پنجاب بلدیاتی انتخابات کےلئے قانون سازی کے متعدد مواقع دیئے گئے، پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹس کے مطابق پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی مدت 31 دسمبر 2021 میں ختم ہوئی۔
5
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے سیکرٹری کو تبدیل کردیا گیاگریڈ 21 کے ایڈیشنل رجسٹرار مقصود احمد کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس تعینات کر دیا گیا۔قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے رجسٹرارآفس نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
6
جائیداد کے تنازع پر ملزم نے بھابھی کو 2 بیٹیوں سمیت قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم کا بھائی کی موت کے بعد بھابھی سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، آج تلخ کلامی پر چھریوں کے وار کرکے بھابھی قمر بتول، 15 سالہ مریم اور 21 سالہ علیشبا کو قتل کیا۔
22 سالہ نمرہ، 17 سالہ زینب اور 19 سالہ مافیا چھریوں کے وار سے زخمی ہیں، ملزم قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
7
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ ماہانہ بنیادوں پر سرپلس کے بعد جنوری میں خسارے میں چلا گیا اور جنوری 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 42 کروڑ ڈالرز ہوگیا۔مرکزی بینک نے رپورٹ میں بتایا کہ جنوری 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ 40 کروڑ 40 لاکھ ڈالرزخسارے میں تھا جب کہ گزشتہ سال جولائی تا جنوری کرنٹ اکاؤنٹ 1 ارب 80 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز خسارے میں تھا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر میں 68 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے بڑے سرپلس کے بعد دسمبر میں بھی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا، کرنٹ اکاؤنٹ میں دسمبر 2024 میں 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا ایک اور سرپلس ریکارڈ کیا گیا جس سے رواں مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی کے لیے مجموعی سرپلس 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔