1
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت طلب کرلیا گیا۔عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے 27 فروری کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے فیصل فرید چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے اسٹیٹ کونسل سے استفسار کیا کہ کیوں اس عدالت کے حکم پر عمل نہیں ہوا؟ لا افسر اس آرڈر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ بعد ازاں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔
2
اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الٰہی کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے 20 فروری کو ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی طلب کر لیا جبکہ شریک ملزم محمد جبران کی گرفتاری پر بھی رپورٹ مانگی ہے۔
اسپیشل سینٹرل عدالت نے مونس الٰہی سمیت اشتہاری نو ملزمان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کے دورانیے میں بھی توسیع کر دی ہے۔عدالت مزید کیس کی سماعت 20 فروری کو کرے گی۔
3
نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات کی، جس میں سرحد پار دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امن و سلامتی، ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور اس کے لیے پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اقوام متحدہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان کی عالمی ادارے میں فعال شمولیت اور عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے امن مشن میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔
4
ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں مانگا منڈی پولیس نے کارروائی کرکے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق خاتون کو خفیہ اطلاع پر منشیات سمیت گرفتار کیا گیا، خاتون منشیات فروشی کے مکروہ دہندے میں متعدد بار جیل بھی جا چکی ہے۔ملزمہ فاخرہ بی بی کے قبضے سے 1420 گرام چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
5
سویلینز ملٹری ٹرائل کیس میں سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں، جج کا لطیف کھوسہ سے مکالمہ,جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کر رہا ہے، اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ روسٹم پر آ گئے اور کہا کہ آج عذیر بھنڈاری نے دلائل دینے تھے، بھنڈاری صاحب سے بات کر لی ہے، آج میں دلائل دوں گا۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ لوگ آپس میں طے کر لیں، ہمیں اعتراض نہیں کہ دلائل کون پہلے دے کون بعد میں، اعتزاز احسن نے سلمان اکرم راجا کے گزشتہ روز کے دلائل پر اعتراض کیا اور کہا کہ سلمان اکرم راجا بھی میرے وکیل ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کل جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، میں نے سلمان اکرم راجہ کو ایسی کوئی ہدایت نہیں دی تھی، جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔
6
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو بہت سخت قیمت چکانی ہوگی۔بلوچستان کے شہر بارکھان میں دہشت گردوں کی بس میں فائرنگ سے نہتے مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرواستقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ معصوم شہریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
7
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مکمل کمپرومائزڈ ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں یہ انہیں پی ٹی آئی کو کچھ چاہیے۔پارٹی فنڈ میں خورد برد کرکے پارٹی رہنماؤںکے گھر چلتے ہیں۔ علیمہ خان کی چیٹ کے پی میں لوٹ مار کا بتا رہی ہے۔ میں پی ٹی آئی میں واپس نہیں جانا چاہتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پارٹی گراف گر گیا ہے، سب سمجھ گئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے لیے کوئی بھی مخلص نہیں ہے،ان کی جماعت میں غدار بیٹھے ہیں،سب ٹوپی ڈرامہ ہو رہا ہے،سب عہدوں اور اقتدار کے لیے لڑ رہے ہیں۔جو کچھ شیر افضل مروت کے ساتھ ہوا ہے وہی علی امین گنڈاپور کے ساتھ بھی ہوگا,میری خواہش ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی ٹیم جیتے میرے لیے کوئی فیورٹ نہیں ہے سب سے پہلے پاکستان مجھے مقدم ہے۔
8
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیارٹی ایشو پر خط لکھنے والے پانچ ججز سے کوئی تنازع نہیں، یہ قانونی ایشو ہے جسے عدالت نے طے کرنا ہے۔قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کا تمام فوکس کیسز جلد نمٹانے پر ہو گا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے۔ٹیکس کیسز ، کیسز کا بیک لاگ ختم کرنے اور مسنگ پرسنز کے کیسز ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ ضمانت کے کیسز میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
9
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کیساتھ ملاقات میں جنوبی پنجاب سے ارکان صوبائی اسمبلی نے مقامی بیوروکریٹس کے منفی رویہ کی شکایات جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے گن گائے.گزشتہ روز نواز شریف نے مریم نواز کے ہمراہ بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، لیہ ، راجن پور اور ڈی جی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی سے دو الگ الگ اجلاس کیے، جس کا مقصد نوجوان ارکان کو اپنے تحفظات اور شکایات سے پارٹی صدر کو آگاہ کرنے کا موقع دینا تھا مگر انھوں نے پارٹی صدر کو پنجاب حکومت کی کارکردگی سراہنے کے علاوہ کچھ نہ کیا.
ذرائع کے مطابق اجلاس کا آغاز پارٹی صدر کے خطاب سے ہواجس میں انھوں نے پارٹی کو درپیش سیاسی چیلنجز اور موجودہ صورتحال پرکھل کر بات کی جس کے بعد ایم پی ایز کو اپنے بات کہنے کا موقع دیا گیا. ایک اور ایم پی اے نے کہا کہ نواز شریف کے بعد ایم پی ایز نے صوبائی صدر رانا ثنااللہ سے ملاقات کی جس میں انھوں نے ضلعی افسران کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔
رانا ثنااللہ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی تشویش سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کریں گے، نوازشریف نے کہاکہ معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، شرح سود میں کمی سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے، مہنگائی کم ہو ئی ہے جس میں مزید کمی سے عوام کو زیادہ ریلیف ملے گا۔
10
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بات یہ ہے کہ جب یہ لوگ اپوائنٹ ہوئے ہیں تو ان لوگوں کو شاید اس لیے اپوائنٹ کیا گیا ہوکہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات ہی کرلیں اور معاملات کو آگے بہتر کرنے کی کوشش کر لیں کیونکہ اس کے علاوہ ان کی اپوائنٹمنٹ کی کوئی اور لاجک سمجھ نہیں آتی ہے، کیونکہ یہ سارے پی ٹی آئی میں 9مئی کے بعد آئے ہیں، ان کا توکوئی تعلق ہی نہیں ہے تحریک انصاف سے. جب سے لوگ آئے ہیں ان کے اوپر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، آپ کے سامنے ہے کہ جیسے یہ مجھے کہہ رہے ہیں کہ میں پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہوں تو پھر میں اڑتالیس مقدمات کا سامنا کیوں کر رہا ہوں؟ میں اس وقت ای سی ایل پر کیوں ہوں؟ہمارا جو اس وقت معاشی قتل عام کیا گیا جن تکلیفوں سے میں، میرا خاندان ، ہم لوگ گزرے ہیں اور گزر رہے ہیں اس کی کیا وجہ ہے؟ ہماری تو یہی خواہش اور کوشش ہو گی کہ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنے اور ان سب کو ساتھ لے کر چلا جائے، ساتھ لے کر چلتے ہوئے، عید کے بعد تحریک میں شدت آنی چاہیے، اس بار ہمارا مطالبہ نئے انتخابات ہو گا۔
11
رہنما تحریک انصاف فلک ناز کا کہنا ہے کہ آپ نے مریم نواز کی جو بات کی ہے کہ خطوط کے ذریعے وہ این آر او مانگ رہے ہیں، لیکن انھوں نے جو لیٹر لکھا ہے یہ اوپن لیٹر ہے، اوپن لیٹر کا کوئی جواب نہیں ہوتا، یہ ایک میسج ہے۔عمران خان اس وقت ایک سب سے بڑی جماعت کے ملک کے مقبول لیڈر ہیں، اس ملک کے وزیراعظم بھی رہے ہیں، اس کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ چیف آف آرمی اسٹاف کو بھی خط لکھ سکتے ہیں، وہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی خط لکھ سکتے ہیں، پاکستانی عوام کو بھی کھلا خط لکھ سکتے ہیں۔کیونکہ وہ اس وقت جیل میں ہیں، ان کے لیٹر کی بڑی اہمیت ہے۔


