1
انتظار کی گھڑیاں ختم! چیمپئنز ٹرافی کا آج سے آغاز، شاہین اور کیویز مدمقابل ,کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں، طبل جنگ بج گیا، کون کس پر بھاری ہوگا؟ سب نے بہترین تیاری کر لی، چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن کون بنے گا؟ معرکہ آرائی کا آج سے آغاز ہوگا۔
پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہے، اپ گریڈیشن کے بعد تینوں اہم سٹیڈیمز کی حالت بدل چکی ہے، اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہو گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں آج پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہے، میچ دوپہر 2 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔گزشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح کی بدولت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں البتہ میزبان سائیڈ نے بھی بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرنے کا ارادہ کر لیا۔
2
بارکھان میں مسلح افراد نے بس سے اتار کر 7 مسافروں کو قتل کر دیا .سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے شہر بارکھان کے علاقے رڑکن میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے مسافر کوچ کا روکا اور 7 مسافروں کو اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا، مسافر بس کوئٹہ سے فیصل آباد جا رہی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کو شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر لیویز اور ایف سی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقہ کی ناکہ بندی کر دی گئی، قتل عام کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔
3
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔کرم کا مسئلہ 130 سال سے چل رہا ہے، پاکستان بننے سے پہلے اور بعد میں ہمیں اس خطے میں مختلف قسم کی چیزوں میں الجھایا گیا، اندرونی اور بیرونی قوتیں مسائل میں پھنسانے کیلئے کردارادا کرتی ہیں۔
کرم میں زمینی تنازع کا مسئلہ نہیں، فرقہ واریت ایک اہم مسئلہ ہے، بیرونی اور غیر ملکی قوتیں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، بیرونی قوتیں پورے پاکستان میں فرقہ واریت کی چنگاری سے آگ لگانا چاہتی ہیں۔ ہم اب ٹھوس اقدامات کی طرف جا چکے ہیں، بارڈر صوبائی حکومت کی ذمہ داری نہیں، ہم بارڈر پر 2 ارب روپے سے کیمرے لگا رہے ہیں، ہم نے بارڈرز پر کام شروع کر دیا ہے، مطلوب دہشتگردوں کی ہیڈ منی بھی ہم نے رکھ دی ہے، فرقہ واریت پھیلانے والوں کو آج یا کل ضرور سزا ملے گی۔تقریب سے خطاب
4
حکومت نے محض 7 ماہ میں 4 ارب 58 کروڑ ڈالرز قرض لے لیا .ای اے ڈی کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 تا جنوری 2025 تک پاکستان نے مجموعی طور پر 4 ارب 58 کروڑ ڈالرز قرض لیا، مختلف مالیاتی اداروں سے 2 ارب 32 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کی مد میں ایک ارب 12 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔
وزارت اقتصادی امورکا کہنا ہے کہ بجٹ میں رواں مالی سال کے دوران 19 ارب 39 کروڑ ڈالرز قرض ملنے کا تخمینہ ہے، رواں مالی سال کے 7 ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 30 فیصد کم قرض لیا گیا۔ای اے ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز قرض لیا گیا تھا، جولائی سے جنوری تک اے ڈی بی سے ایک ارب 4 کروڑ 86 لاکھ ڈالرز قرض ملا۔
رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے جولائی سے جنوری کے دوران 57 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز کا قرض دیا، چین سے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز جبکہ فرانس سے 10 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی فنانسنگ ہوئی۔
5
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہو رہے ہیں۔مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔
مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اس کے لوگ مسلسل غلط الفاظ استعمال کر رہے ہیں، پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا، اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے۔
خط بازیاں کرنا آپ کے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں، بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر ہی وزیراعلیٰ کے پی اور ان کے ترجمان مریم نواز کے بارے میں ایسی گفتگو کرتے ہیں، ان کی باتوں، خاندانی اقدار اور ان کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے۔
6
خیبرپختونخوا اسمبلی میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں و اسناد کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی۔اسمبلی سیکرٹریٹ میں گریڈ 3 سے 20 تک 794 ملازمین کی ڈگریوں کو چیک کیا جائے گا۔
ڈگری چیک کروانے والوں میں 22 ملازمین گریڈ 19 اور7 گریڈ 20 کے افسران شامل ہیں، ڈگریوں کی چیکنگ میں 47 ملازمین گریڈ 18 اور99 گریڈ 17 کے افسران بھی شامل ہیں، اسمبلی ملازمین کی تعلیمی اسناد متعلقہ حکام کے سپرد کی گئی ہیں۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کی نشاندہی اور شفاف بھرتیوں کو یقینی بنایا جائےگا، اسمبلی سیکرٹریٹ میں میرٹ اورشفافیت اولین ترجیح ہے، اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں کی فوری اور شفاف تصدیق یقینی بنائی جائے۔