1
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد نے ملاقات کی اور نئے کنٹری فریم ورک پراظہار تشکر کیا ، وفد کو سعودی عرب کانفرنس میں شرکت سے متعلق آگاہ بھی کیا ۔ بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا اس بار کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا ، ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر سالانہ ریونیو ہدف پورا کیا جائے گا ۔
اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب نے اقتصادی اور ترقیاتی حکمت عملی کے لیے عالمی بینک کی معاونت کو سراہا اور کہا نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت عالمی بینک ترقیاتی ترجیحات کے لیے بیس ارب ڈالر کی غیرمعمولی مالی معاونت دے گا ، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور نجکاری پر بھی کام جاری ہے ۔ وزیر خزانہ نے ترقی پذیر معیشتوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور عالمی اداروں کی معاونت پر زور بھی دیا ۔
2
اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروادی گئی ۔جیل ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی جو کہ تقریبا آدھا گھنٹہ جاری رہی ، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا کے بعد بانی اور بشریٰ بی بی کی یہ تیسری ملاقات تھی، ملاقات میں زیر سماعت مقدمات،صحت کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
3
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس ہاؤس میں جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے چیف جسٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اورانہوں نے چیف جسٹس کے دور دراز علاقوں کے دوروں کو سراہا جبکہ انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ملکی معاشی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی اور مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے چیف جسٹس سے زیرالتوا ٹیکس کیسز کے میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی جبکہ چیف جسٹس نے وزیراعظم سے نظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز مانگیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے نظام انصاف کی بہتری کیلئے وزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کیا گیا اور وزیراعظم کی جانب سے چیف جسٹس کو لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔
4
دورہ برطانیہ کے پہلے دن آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق دورہ برطانیہ پر پہنچنے پر آرمی چیف کو تاریخی رائل ہارس گارڈز پریڈ گراونڈ میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ، گارڈ آف آنر کے دوران برطانوی ملٹری بینڈ کی طرف سے پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا، دورہ برطانیہ کے دوران آرمی چیف برطانوی عسکری اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے ۔
5
وکلاء کو دھمکیاں دینے کے الزام میں حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا کے بیٹے کیخلاف 2 مقدمات درج کرلیے گئے۔رپورٹ کے مطابق حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا کے بیٹے عثمان شاہ راشدی کیخلاف پہلا مقدمہ سٹی کورٹ پولیس نے امتیاز شاہ ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا جبکہ دوسرا مقدمہ سچل تھانے میں غلام رسول ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔وکلاء نے الزام عائد کیا کہ عثمان شاہ کی جانب سے زمینوں پر قبضے کے مقدمات بغیر فیس کے لڑنے کا کہا جاتا ہے اور بات نہ ماننے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، عثمان شاہ نے مسلح افراد کے ساتھ گھر پر آکر بھی دھمکایا۔
6
فخر زمان کو آئی سی سی کے قوانین کے تحت زیادہ اوورز تک میدان سے باہر رہنے کے باعث اوپننگ کرنے سے روک دیا گیا ۔قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان فیلڈنگ کے دوران گرنے سے کمر کی تکلیف کا شکار ہو ئے تھے جس کے باعث وہ گراونڈ سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ فہیم اشرف نے فیلڈنگ کی ، فیلڈنگ کے دوران بیشتر اوورز باہر رہنے پر آئی سی سی قوانین کے تحت فخر زمان اننگز کے بیس منٹ تک بیٹنگ نہیں کر سکیں گے ۔


