1
خیبر پختونخوا حکومت نے صحت انصاف کارڈ میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل کردی ہے یہ اسکیم بطور پائلٹ پراجیکٹ ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں ضلع چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ اسکیم شروع کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحت کارڈ کے تحت او پی ڈی سروسز کا باضابطہ اجرا کردیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں صحت کارڈ کے تحت او پی ڈی سروسز کے اجرا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس مفت او پی ڈی سہولت سے ضلع مردان کے پچاس ہزار مستحق خاندان مستفید ہونگے۔
اس اسکیم کے تحت او پی ڈی میں ادویات، ٹیسٹس اور میڈیکل سروسز مفت دستیاب ہونگی۔ یہ پائلٹ پروجیکٹ جرمن تنظیم کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جسے بعد میں توسیع دی جائے گی۔
2
چیمپئنز ٹرافی؛ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔پاکستان نے 37 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا لیے ہیں۔اس سے قبل نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر320 رنز بنائے۔میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور 73 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ڈیون کونوے اور ڈیرل مچل 10، 10 جبکہ کین ولیمسن ایک رن بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔
چوتھی وکٹ پر ول ینگ اور ٹام لیتھم کے درمیان 118 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کے بعد ول ینگ 107 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ول ینگ کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹام لیتھم اور گلین فلپس کے درمیان بھی 125 رنز کی لمبی شراکت داری قائم ہوئی۔ گلین فلپس 49.4 اوورز پر 61 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو، دو، ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
3
ٹرمپ انتظامیہ کا مشترکہ مقاصد کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان،پاکستان میں امریکی ناظم الامور نتالی بیکر نے گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کا پیغام پہنچایا ۔
صدر ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد موجودہ حکومت سے ان کی انتظامیہ کا یہ پہلا رابطہ ہے۔وزیر اعظم آفس سے اس ضمن میں جاری ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک امریکا تعاون کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بڑی خواہش رکھتے ہیں۔
اس ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں جن میں آئی ٹی، زراعت ، صحت، تعلیم اور انرجی کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے اس ملاقات میں انسداد دہشتگردی خاص طور پر داعش اور فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے بھی قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔


