اسلام آباد، ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے حکومت پاکستان خصوصاً وزارت منصوبہ بندی،
ترقی و اصلاحات کے تعاون سے ایسٹرو لیبز ڈیٹا سینٹر کا آغاز کر دیا ، جو ملکی تعلیمی نظام کیلئے انقلابی اقدام ہے۔
یہ جدید ترین سہولت اسٹریٹیجک طور پر این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی اور یو ای ٹی، لاہور میں قائم کی گئی ، جس کا
مقصد طلبہ، محققین اور تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل تعلیمی خدمات مہیا کرنا ہے۔ یہ ڈیٹا سینٹر ہائی پرفارمنس
کمپیوٹنگ کا ایک جدید نظام مہیا کرے گا جو پاکستان بھر کے تعلیمی شعبے کے لیے نہایت سود مند ثابت ہوگا۔
کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم ڈیٹا سینٹر کا افتتاح وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات جناب
احسن اقبال نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا سینٹر پاکستان کے وژن 2025 کے اہداف کے عین مطابق
ہے ، جس کا مقصد ملک کو عالمی تکنیکی ترقی کے ہم پلہ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ای سی نے یہ جدید ڈیٹا سینٹر
عالمی بینک کے تعاون سے قائم کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا، ماضی میں صنعتی ترقی کا ایندھن پٹرول تھا، اور اب معلوماتی اور علمی معیشت کا ایندھن ڈیٹا ہے۔ یہ
ڈیٹا سینٹر مستقبل کے لیے بنیادی ایندھن فراہم کرے گا۔
چیئرمین ایچ ای سی، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا،ایسٹرو لیبز ڈیٹا سینٹر کے ذریعے ہم پاکستان میں ایک جدید، ڈیٹا
پر مبنی تعلیمی نظام کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ یہ اقدام تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت(اے آئی )، کلاؤڈ
کمپیوٹنگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز تک آسان رسائی فراہم کرے گا، جس سے تحقیق اور جدت کو
بے مثال فروغ ملے گا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ یہ ڈیٹا سینٹر پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے
لیے ایک ڈیجیٹل ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا۔ یہ یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں اور سرکاری اداروں کو مسلسل ڈیٹا تک
رسائی، اساتذہ اور طلبہ کے مابین بہتر تعاون، اسمارٹ لرننگ اور اسسمنٹ ٹولز، کم لاگت اور مؤثر تعلیمی خدمات، اور
کلاؤڈ پر مبنی تحقیق اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تجزیات فراہم کرے گا۔
یہ منصوبہ ایچ ای سی کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ پاکستان کے تعلیمی شعبے کو عالمی معیار کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر
سے لیس کر رہا ہے۔ ایسٹرو لیبز ڈیٹا سینٹر نہ صرف روایتی تعلیمی ماڈلز کو جدید خطوط پر استوار کرتا ہے بلکہ ایک
تکنیکی طور پر ماہر اور عالمی مسابقتی مستقبل کے لیے راہ ہموار کرتا ہے۔