اسلام آباد (ای پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سینئر صحافی نصرت جاوید کو نجی ٹی وی پروگرام میں مذاق اڑانے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے….

سینئر صحافی نصرت جاوید نے نجی ٹی وی کے شو میں کہا تھا کہ شیر افضل مروت کو میں روز محشر کا واسطہ دیتے ہوئے کہتا ہوں کہ ثابت کر دیں کہ آپ عوام میں کتنے مقبول ہیں، استعفیٰ دیں اور اسی حلقے میں آزاد حیثیت میں جائیں اور کہیں کہ تحریک انصاف کے گھس بیٹھے سازشیوں نے مجھے نکالا ہے، آؤ میرا ساتھ دو مجھے دوبارہ منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجو۔ اگر یہ ہمت نہیں کرنی تو آپ کا وہی انجام ہو گا، مختار رانا 1970 میں فیصل آباد سے منتخب ہوئے تھے، پورے پاکستان میں انفرادی سیٹ میں شیخ مجیب نے سب سے زیادہ ووٹ لیے تھے اور تعداد کے اعتبار سے پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر مختار رانا نے ووٹ حاصل کئے تھے یہ ووٹ ذوالفقار علی بھٹو سے بھی زیادہ تھے۔ پھر وہ فارغ ہو گئے تھے۔

نصرت جاوید کایہ ویڈیو بیان ٹوئٹر پر شیئر ہوا تو شیر افضل مروت نے جوابی وار کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھائے ہیں کہ

نصرت جاوید صاحب برائے مہربانی وضاحت کریں کہ کیا میں نے آپ سے مشورہ طلب کیا تھا؟ کیا آپ نے میرے بارے میں خیالات اور خبریں نشر کرنے سے پہلے میری رائے مانگی تھی؟ کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ اپنے طنز میں میرا مذاق اڑا رہے ہیں؟ آپ نے کس قانون یا اخلاقیات سے یہ حق حاصل کیا کہ میرا سرعام مذاق اڑائیں؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں آپ کو قانون سکھاؤں؟ میں آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔