1
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججزسنیارٹی کے معاملے پر قانونی جنگ کا آغاز ہوگیا، عدالت عالیہ کے 5 ججز نے سنیارٹی کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی جانب سے سنیارٹی کے خلاف ریپریزنٹیشن درخواست دائر کی گئی ہے۔
49 صفحات پر مشتمل درخواست آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت منیر اے ملک اور بیرسٹر صلاح الدین کے ذریعے دائر کی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ قرار دے کہ صدر کو آرٹیکل 200 کی شق ایک کے تحت ججز کے تبادلے کے لامحدود اختیارات نہیں ہیں، مفاد عامہ کے بغیر ججز کو ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ ٹرانسفر نہیں کیا جا سکتا۔
دائر درخواست میں تبادلے والے 3 ججز کو کام سے روکنے کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ جسٹس سرفراز ڈوگر کو بھی قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر کام سے روکا جائے۔
2
لوئر کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران 18 دہشتگردوں اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ لوئر کرم کے علاقوں بگن، مندورئی اوچھت و دیگر ملحقہ علاقوں میں دہشتگروں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔
صوبائی حکومت نے جن دہشت گردوں کے سر کی قیمت مقرر کی ہے ان کی گرفتاری کے لئے کرم، ہنگو اور کوہاٹ میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ،علاقے میں گھر گھر تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔ مطلوب دہشدت گردوں کی گرفتاری کے لیے ضلع کرم اور ہنگو کے سرحدی پہاڑی علاقوں میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے، گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔آر پی او کوہاٹ کی پریس کانفرنس
3
اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (IPRI) میں گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے نئے صوبوں کی ضرورت پرایک گول میز نشست کا انعقاد کیا گیا۔
گول میز نشست میں سیاستدانوں، عوامی پالیسی کے ماہرین، سکالرز اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی، گول میز نشست سے خطاب کرنے والوں میں سابق گورنر خیبرپختونخوا اور بلوچستان اویس احمد غنی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر SOPREST شکیل درانی، سابق وفاقی سیکرٹری اشتیاق احمد خان، سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز، مینجنگ ڈائریکٹر دنیا ٹی وی نوید کاشف شامل تھے۔
سابق سفیر محمد حسن، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، افغانستان کے لیے سابق خصوصی نمائندہ آصف درانی، کارپوریٹ اور قانونی وکیل حافظ احسن احمد، ممتاز قانون دان ڈاکٹر شعیب سڈل اور سابق نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی نے بھی نشست سے خطاب کیا۔نشست کے دوران شرکا نے ملک میں موجودہ انتظامی اور گورننس کے مسائل کے حل کے لیے ایک قدرتی طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور شرکا کے مطابق نئے صوبوں کا قیام عوامی بھلائی اور قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
4
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب بھر میں جاری تمام ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات طلب کر لیں۔صوبائی الیکشن کمشنر نے محکمہ مواصلات کو مراسلہ جاری کر دیا، جس میں صوبہ بھر میں سول ورکس کے حوالے سے پراگریس رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی سول ترقیاتی سکیم کے حوالے سے رپورٹ ارسال کریں، 2 دسمبر 2024 سے 31 جنوری 2025 کی تفصیلات جمع کروائی جائیں۔
5
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔دبئی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے اور بھارت کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے بیٹنگ شروع کی تو ابتدا میں ہی بیٹرز پویلین واپس لوٹنے کی جلدی میں نظر آئے، بنگلہ دیش کے خلاف شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیںمحمد شامی نے اس شان دار کارکردگی کے دوران بھارت کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے والے بولر کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور اجیت اگرکار کو اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔
6
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے آئندہ 5 سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر کے تک لے جانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کے لیے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ”اڑان پاکستان“ ویژن کا اہم جزو ہے۔اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت تجارت میں اصلاحات کی پیشرفت اور آئندہ 5 سال میں برآمدات کا ہدف 60 بلین ڈالر تک لے کر جانے کے لیے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔