1
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل رولینڈ والکر کی دعوت پر وار منسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو برٹش فوج اور ڈیپ ریس اسٹرائیک بریگیڈ کو جدید بنانے کے امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران برٹش آرمی کے مختلف سسٹمز،اے آئی ٹیکنالوجی کا بھی مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر 2 روز قبل برطانیہ پہنچے تھے
2
قصور میں کیری ڈبہ نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔حادثہ رائے ونڈ روڈ پر کھارا موڑ کے قریب پیش آیا، حادثہ کیری ڈبے کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ہوا، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مقصود، سنی، سلیم، عمران، لبا شامل ہیں، 3 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ریسکیو عملے نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو اور دونوں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔
3
وزیر دفا ع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کو خط پر خط لکھ کر ترلے کررہے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر ان دنوں دورہ برطانیہ پر ہیں، آرمی چیف کے خلاف منفی مہم چلائی جارہی ہے، یہ اپنے دور میں کہا کرتے تھے آرمی چیف قوم کا باپ ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے لوگ آرمی چیف کے خلاف غلط زبان استعمال کررہے ہیں۔
یہ فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے، یہ فوج کو پی ٹی آئی کا ذیلی ادارہ بنانا چاہتے تھے، اس وقت پی ٹی آئی اپنے زخم چاٹ رہی ہے، انہوں نے 9مئی اور26نومبر برپا کیا، انہوں نے شہدا ءکی یادگاروں پر حملے کیے، ایسا وطیرہ کسی سیاسی پارٹی کا نہیں جو پی ٹی آئی نے اپنایا ہوا ہے۔
4
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور افواجِ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں بھارتی ایجنٹس اور خوارج ملوث ہیں، محتاط رہیں۔یہ سوشل میڈیا پر پاکستان بمقابلہ بھارت ہے جہاں بھارت ہمارے معاشی و معاشرتی نظام کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہا ہے ، سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ خبریں پھیلانے سے اجتناب کریں، غلط خبروں سے پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔
پاکستان کی عزت اور وقار ہم سب کی ذمہ داری ہے اس کیلئے مثبت کردار ادا کریں، میں یہاں کسی کی حمایت کے لیے نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کی بات کرنے آیا ہوں ،پاکستان ہم سب کا ہے، اسے مضبوط بنانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا برمنگھم میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب
5
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تا رڑ سے بحرین کے وزیر برائے اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی نے ملاقات کی ہے۔سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونیوالی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ میڈیا تعاون کو وسعت دینے، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں، میڈیا کے شعبے میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے میڈیا وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بحرین اور پاکستان کے اسٹیٹ میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور بحرین کی نیوز ایجنسی بی این اے اور پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے درمیان خبروں کے اشتراک کی تجویز دی ۔دونوں اطراف نے حالیہ سالوں میں اعلیٰ سطح کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں کا خیرمقدم کیا ۔
6
سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان فتنہ الخوارج کے دہشتگرد عزیز اللہ خاں خٹک کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گرد کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد، جزوی تیار شدہ ایک آئی ای ڈی ، آہنی ڈبہ، 2 ہزار 42 گرام دھماکہ خیز مواد وغیرہ برآمد کر لیا، دہشت گرد عزیز اللہ خاں خٹک کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔حکام کے مطابق دہشتگرد کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی ساہیوال میں مقدمہ درج کرلیا گیا
7
لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کا میلہ کل سجے گا .صدر کے عہدے سمیت تین نشستوں پر سات امیدوار مد مقابل ہیں۔صدر کے عہدہ کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل اور حامد خان گروپ کے آصف نسوانہ میں مقابلہ ہوگا ، سیکرٹری کی نشست پر 2 امیدواروں فرخ الیاس چیمہ اور قاسم اعجاز سمرا میں جوڑ پڑے گا۔نائب صدر کی نشست پر 3 امیدوار شیخ حسیب بن یوسف، عبد الرحمان رانجھا اور عبدالرزاق چدھڑ مد مقابل ہیں جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پرحسام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد احمد منڈ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں ، لاہور ہائیکورٹ بار کے کل ممبران کی تعداد 44 ہزار 232 ہے جبکہ انتخابات میں 30 ہزار 763 رجسٹرڈ ووٹرز بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔چیئرمین الیکشن بورڈ نے مزید کہا کہ پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
8
عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر عالیہ حمزہ نے الیکشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عالیہ حمزہ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔عالیہ حمزہ نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ میرے حلقہ میں دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل تبدیل کیا جائے، میرے انتخابی عذرداری کیس کی سماعت حاضر سروس جج کے ٹریبونل میں بھیجی جائے۔
9
گوجرانوالہ میں سٹیل مل میں پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقہ ایمن آباد کے قریب دیوان روڈ پر واقعہ سٹیل مل میں خوفناک حادثہ پیش آیا، سٹیل مل کی بھٹی میں انتہائی درجہ حرارت پر پگھلایا جانے والا لوہا بوائلر کےعدم توازن کے باعث مزدوروں پر گر گیا، حادثے میں چار مزدور جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں وکیل،ندیم ،عاطف اور صدام شامل ہیں، حادثے میں جھلسنے والے مزدوروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،
10
سندھ حکومت کا ذہین اور ضرورت مند طلبہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی سکالر شپ دینے کا اعلان ,لندن میں بھٹو سکالر شپ پروگرام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک ہوئے۔ 3 سکالر شپ طلبا اور 3 طالبات کے لیے ہوں گی، طلبا کے انتخاب کیلئے آکسفورڈ پاکستان پروگرام ہماری مدد کرے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میڈیا سے خصوصی گفتگو
11
پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے تعمیر نو منصوبے میں تاخیر سے لاگت میں مزید ایک ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔محکمہ کھیل کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھیجی گئی سمری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 7 سال گزرنے کے بعد بھی سٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل نہیں ہوئی۔2021 میں منصوبے کی لاگت بڑھ کر ایک ارب 94 کروڑ تک پہنچ گئی، 2024 میں منصوبے کی لاگت تیسری دفعہ بڑھا کر 2 ارب 31 کروڑ کر دی گئی۔
12
ای سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیلئے ٹیکس چھوٹ کی منظوری دیدی .وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزارت خزانہ ای سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کیلئے ٹیکس چھوٹ کی منظوری دیدی، انکم ٹیکس چھوٹ کی منظوری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں دی گئی، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کوئی چھوٹ نہیں ہوگی۔پاکستان ایل این جی لمیٹڈ اور سوکار ٹریڈنگ کے ایل این جی معاہدے میں مزید تین سال کی توسیع منظور کر لی گئی، توسیع موسمی طلب کی بنیاد پر ایل این جی کی خریداری کیلئے پاکستان کی حکمت عملی کے مطابق ہے۔
13
بھارتی نژاد کیش پٹیل ایف بی آئی کے نئے ڈائریکٹر بن گئے .بھارتی نژاد امریکی کیش پٹیل کو 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے کامیابی کے بعد ڈیمو کریٹس کے شکوک و شبہات کے باوجود ملک کی سب سے بڑی وفاقی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے سربراہ بن گئے ہیں۔کیش پٹیل بھارتی نژاد امریکی ہیں اور ان کا پورا نام کشیپ پرمود ونود پٹیل ہے، سینیٹ سے ان کی توثیق کے بعد پٹیل ایف بی آئی کے نا صرف پہلے بھارتی بلکہ پہلے ایشیائی نژاد ڈائریکٹر بن گئے ہیں، ان کا تعلق نیویارک سے ہے۔صدر ٹرمپ نے کیش پٹیل کی نامزدگی کے وقت کہا تھا کہ وہ ایک شاندار وکیل اور تفتیش کار ہیں جنہوں نے اپنا کیریئر بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے، انصاف کا دفاع کرنے اور امریکی عوام کا تحفظ کرنے میں گزارا ہے۔


