1
کنزیومر کورٹ نے عید کے دنوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر بس سروس پر جرمانہ عائد کردیا۔کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ میں عید کے دنوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے بس سروس انتظامیہ پر 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ بس سروس انتظامیہ درخواست گزار کو 50 ہزار معاوضہ ادا کرے، انتظامیہ درخواست گزار کو قانونی چارہ جوئی کی مد میں 25 ہزار روپے بھی ادا کرے اور درخواست گزار سے کرائے کی مد میں وصول کیے گئے 600 روپے بھی واپس کیے جائیں۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ اس نے جون 2024 کو عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی سے خیر پور کا ٹکٹ کرایا تھا اور کراچی سے خیر پور کا کرایہ 1600روپے ہے لیکن اس سے 2200 روپے وصول کیے گئے۔
2
حکومت نے سی ایس ایس کے نظام میں تبدیلی کی تیاری کرلی.سی ایس ایس کے نظام میں تبدیلی کیلئے اصلاحاتی کمیٹی نے مشاورت مکمل کرلی۔
عمومی افسران کی جگہ ماہرین کی بھرتیوں کو فروغ دینے کے لیے جنرلائزڈ سی ایس ایس فریم ورک کی جگہ کلسٹرز پرمبنی امتحانی نظام لایا جائے گا۔معاوضے اور پنشن اسکیم میں تبدیلی کیلئے کمیٹی کا مزید صرف ایک اجلاس ہوگا اور پیشہ ور افراد تکنیکی اور خصوصی کیڈرز پر بھرتی ہوسکیں گے۔
3
مصطفیٰ قتل کیس: ارمغان کا جعلی شناختی کارڈ بھی پکڑا گیا، اصل شناختی کارڈ بلاک نکلا تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ارمغان نے ثاقب ولد سلمان علی کے نام سے شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا اور جعلی شناختی کارڈ پرارمغان کے اصلی شناختی کارڈ کی تفصیلات شامل کی گئی تھیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق یہ کارڈ چونکہ جعلی ہے اس لیے اس کا نادرا میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے،کارڈ کی کلر فوٹو کاپی موجود ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کارڈ خود ڈیزائن کر کے پرنٹنگ کی دکان سے ملزم نے اس کا کلر پرنٹ حاصل کیا ہے۔
4
ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان اسٹیڈیم رکھنے پر تنازع,ایک اہم اقدام کے تحت وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شاہی باغ میں واقع اس اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے “عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم” رکھنے کی منظوری دے دی ہے، خیبرپختونخوا کی کابینہ آج (جمعہ) کو اس فیصلے کی منظوری دے گی۔
دریں اثنا، غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں نہیں ہوں گے کیونکہ فرنچائزز نے شہر میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ارباب نیاز کے صاحبزادے، ارباب شہزادسابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سابق مشیر عمران خان نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
5
پاکستان میں آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ چیف نے قرضوں کے بوجھ کو پاکستان کے لیے چیلنج قرار دیا ہے۔جمعرات کو پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ چیف ماہیر بنجی نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادیات کو جن سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ان میں سرفہرست قرضوں کا بوجھ ہے جس کی بنیادی وجہ ٹیکس اکٹھا کرنے کی صلاحیت میں کمی اور آمدن پیدا کرنے میں ناکامی ہے۔ ٹیکسوں کا بڑا دباؤ روایتی شعبے پر ہے، رسمی شعبے پر مالی بوجھ کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ کئی مخصوص سیکٹرز قومی خزانے میں اپنا حصہ نہیں ڈال رہے۔
6
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس کی چھوٹ دیدی.جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس کی چھوٹ منظور کی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ انکم ٹیکس کی چھوٹ آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان مشترکہ معاہدوں کے تحت ہوگی۔ انکم ٹیکس چھوٹ کا ٹیکس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اعلامیے کے مطابق آئی سی سی، پی سی بی اور پی سی بی، آئی سی سی کو انکم ٹیکس میں چھوٹ دیں گے، انکم ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق چمپئنز ٹرافی کے انعامات اور آمدن پر ہوگا۔
7
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ ,صوبے کے تمام بڑے شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کے نئے سسٹم بنائے جائيں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب انکلوسِو سٹیز پروگرام کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے نفاذ اور تمام بڑےشہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کا نیا سسٹم بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ان شہروں میں سیوریج، واٹر ڈرینج، بارشی پانی کےنکاس اور گلیوں کی فرش بندی سمیت دیگر ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔شہروں میں سیوریج بائی پاس اور ڈسپوزل اسٹیشن بنانے کے علاوہ بارش کے پانی کے فوری نکاس کیلئے اسٹوریج ٹینک بنانے کا فیصلہ کیاگیا،ان ٹینکوں میں ذخیرہ شدہ پانی آبپاشی اور دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیاجائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر صوبائی حلقے میں 30، 30 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی بھی کی جائے گی۔
8
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے صرف ہوئی، والدہ نے بدلہ لینا نہیں سکھایا،اسی لیے کہتا ہوں جمہوریت بہترین انتقام ہے۔بلاول بھٹو نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ عورتوں پر عائد پابندیوں کے باوجود بے نظیر بھٹو ملک کی وزیراعظم بنیں، آج پنجاب کی وزیر اعلیٰ بھی ایک خاتون ہیں۔پاکستان اب ایک اور مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کا مستقبل آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور صحافت سے وابستہ ہے۔
9
26 نومبر کے احتجاج میں گرفتار 120 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانتیں منظور,اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے جمعرات کو 26 نومبر کے احتجاج میں گرفتار پی ٹی آئی ورکرز کی ضمانت درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل علی بخاری ، بابر اعوان اور مرتضیٰ طوری ایڈوکیٹ سمیت دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت درخواستوں منظور کر لیں اور تمام ورکرز کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار پی ٹی آئی ورکرز متعلقہ پولیس اسٹیشن میں بیان حلفی جمع کرائیں کہ آئندہ ایسا جرم نہیں کریں گے۔
10
پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی.رہنما واپس لوٹ گئے۔جمعرا ت کو جیل کے باہر میڈيا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے رہنما جنید اکبر نے کہاکہ آج انہيں پھر عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔لوگوں کی نفرت بڑھتی جارہی ہے جوملک،آئین اور جمہوریت کیلئے خطرناک ہے۔اس کے علاوہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کو حساب دینا پڑے گا۔


