اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان کے معروف ڈیجیٹل آپریٹر زونگ فورجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا، اسلام آباد کے ایک وفد کے مابین زونگ آفس میں ملاقات ہوئی۔یہ دورہ 37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے مقامی وزٹ کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا جس نے سینئر سول افسران کو نجی شعبے کے آپریشنل فریم ورک، پالیسی سازی اور پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کی۔

ڈی جی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن و سینئر مینجمنٹ کورس کی چیف انسٹرکٹر ثمرین زہرہ کی قیادت میں دورہ کرنے والے وفد نے زونگ فورجی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہوو جونلی(Huo Junli)کے ساتھ ملاقات کی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز سید نوید اختربھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

اس موقع پر شرکاء کو کمپنی کے اسٹریٹجک اقدامات، تکنیکی ترقی اور پاکستان کے ٹیلی کام و ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس دوران نیٹ ورک کی توسیع، کسٹمر سینٹرک اور پائیدار اقدامات کا احاطہ کیا گیا، جس میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈی آئی سی ٹی، اور اے آئی جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔وفد کوانفارمیشن سیکورٹی اور ڈیٹا گورننس کی اہمیت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔


شرکاء نے زونگ فورجی کے نئے تیار کردہ ٹیئرتھری(Tier III) کے سرٹیفائیڈ ڈیٹا سینٹر کا دورہ بھی کیا جس کے اختتام پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی جانب سے زونگ کی سی ای او کے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ زونگ فورجی کی جانب سے ڈی جی اور وفد کو تحائف دیے گئے۔

زونگ فورجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز، سید نوید اختر نے کہا کہا،”زونگ فورجی پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تمام شعبوں میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منسلک رہنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے مستقبل کی تشکیل کے لیے تعاون کو مضبوط کرنا، مہارت کا اشتراک اور جدت کو فروغ دینا ہے۔“