1
وزارت صنعت و پیداوار نے رمضان پیکیج کیلئے ملک بھر میں لگائے جانے والے چینی کے اسٹالز کی تفصیلات جاری کر دیں۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر کی زیرصدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو میونسپل سطح پر چینی کے سٹالز لگانے کی ہدایت کر دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سندھ میں صوبائی حکومت کے تعاون سے مقامی انتظامیہ کی زیر نگرانی سستی چینی کے 230 شوگر اسٹالز لگائے جائیں گے جبکہ خیبرپختونخوا میں چینی کے سٹالز کے لیے 405 سیلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور پنجاب اور بلوچستان میں بھی چینی کے سینکڑوں سٹالز لگائے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے صوبائی حکومتوں کو میونسپل سطح پر سیکورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
2
چیف جسٹس کی پی ٹی آئی رہنماؤں کو معاملات حل کرنے کی یقین دہانی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے آج پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی، پی ٹی آئی رہنمؤں نے چیف جسٹس ہاؤس اسلام آباد میں جسٹس یحیٰی آفریدی سے ملاقات میں نظام انصاف میں بہتری سے متعلق تجاویز دیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی وفد بھی چیف جسٹس سے ملاقات کرچکا ہے۔
تحریک انصاف رہنماؤں چیف جسٹس سے ملاقات میں کئی مطالبات بھی پیش کیں۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کرانے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں میں عمرایوب، بیرسٹرگوہر، علی ظفر، لطیف کھوسہ، بابراعوان،شبلی فراز اور سلمان اکرم راجا شامل تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ چیف جسٹس سے کہا آپ کی عدالت کے حکم کو کوئی آرڈر نہیں سمجھتا۔
ارکان اسمبلی اور اہلخانہ پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ جیل مینوئل اور قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ بانی اور بشریٰ بی بی کے مقدمات کی تاریخیں نہیں بتائی جاتیں۔ بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹر کی سہولت نہیں دی جا رہی ۔۔ سینیٹ الیکشن سمیت عدالتی احکامات پر بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ چیف جسٹس کو کہا عدلیہ کو پروٹیکٹ کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
3
سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔پی ٹی آئی کےسابق رہنما پرویزخٹک نے اپنےبیان میں کہامولانا فضل الرحمان سےصرف معمول کی ملاقات ہوئی،ابھی تک کسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا۔مزید کہا کل آزاد حیثیت سے جلسہ کرنے جارہا ہوں،جے یو آئی ایف میں شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
4
پنجاب میں کنٹری بیوشن پنشن اسکیم کا اطلاق ہوگیا، نوٹیفکیشن جاری،محکمہ خزانہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کنٹری بیوشن پنشن کا اطلاق کر دیا، اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین اور حکومت دونوں مل کر پینشن فنڈ چلائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد ملازم اس فنڈ سے ماہانہ آمدنی یا مخصوص شرائط پررقم نکال سکے گا، پنجاب پنشن فنڈ اوراکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اس اسکیم کی نگرانی کریں گے۔
پنجاب سول سرونٹس ترمیمی آرڈیننس24-2023کے بعد بھرتی ہونےوالےملازمین پر اطلاق ہوگا، ملازم کی تنخواہ سے مخصوص رقم کاٹ کر پنشن اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی، حکومت بھی مساوی رقم پنشن اکاؤنٹ میں جمع کرائے گی۔
5
عالمی و مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2000 روپے کی بڑی کمی ہوگئی ہے۔آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اس کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کے دام 3 لاکھ 7 ہزار روپے ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ ایک ہزار 714 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 63 ہزار 203 روپے ہوگیا۔


