1
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے اپوزیشن کے 5 ارکان نے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی نے شکوے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان کی ملاقات چیف جسٹس کے گھر پر ہوئی ، اپوزیشن ارکان کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، اپوزیشن ارکان کی ملاقات کا باقاعدہ اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔
اپوزیشن وفد سے پہلے گزشتہ دنوں وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی وفد بھی ملاقات کرچکا ہے۔ چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے آج چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی اور مسائل کے حوالے سے انہیں تفصیلی آگاہ کیا،ہم نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی انکی اہلیہ سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی،ہم نے انہیں بتایا کہ آپ کے کورٹ آرڈرز کو نہیں مانا جا رہا۔
2
حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین 23 فروری کو بیروت میں کی جائے گی۔سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم کے مطابق حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی نمازِ جنازہ بڑے اجتماع میں ہو گی، پاکستانی وقت کے مطابق جنازے کا اجتماع شام 4 بجے بیروت سپورٹس سٹیڈیم میں ہو گا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اجتماع سے حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم خطاب کریں گے، سول ایوی ایشن کے مطابق بیروت ایئر پورٹ جنازے اور تدفین کے دن دوپہر 12 سے شام 4 بجے تک بند رہے گا۔ حسن نصراللہ 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
3
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد مندی چھا گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 444 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔
بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھاگئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی، 938 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 800 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
4
9 مئی کے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کیلئے دائر اپیلیں سماعت کیلئے مقرر،چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 27 فروری کو سماعت کرے گا،جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب بنچ کا حصہ ہوں گے، ضمانتیں منسوخی کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
سانحہ 9 مئی بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری بحال کرنے کے خلاف اپیل جبکہ بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔
5
مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے پر شرائط بارے خبریں بے بنیاد قرار،ں ترجمان جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے اور سربراہی حاصل کرنے کیلئے کسی قسم کی کوئی شرائط نہیں رکھیں۔
یہ اپوزیشن اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، حکومت جان لے کہ آئندہ چند دنوں کے اندر اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے۔اخونزادہ حسین یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے خبر نشر کی جو درست نہیں، تحریک تحفظ آئین کا حصہ بننے کیلئے جے یو آئی ف نے نہ کوئی شرط رکھی نہ خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ بننے کی۔


