1
اسرائیلی فوج نے مغوی خاتون شیری بیباس کی لاش کی شناخت ہونے کی تصدیق کردی.یرغمالی شیری بیباس کی لاش کی شناخت کرلی گئی ہے، شیری غزہ میں ممکنہ طور پر اپنے بچوں کےساتھ ہلاک ہوئیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق غزہ سے مزید انسانی باقیات اسرائیل پہنچنےکے بعد اسرائیلی فوج نے شیری بیباس کی لاش کی شناخت کی تصدیق کی۔خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ ریڈکراس نے دونوں فریقین کی درخواست پر غزہ سے مزید انسانی باقیات اسرائیل کےحوالےکیں۔
2
برطانوی ٹینس اسٹارایما راڈوکانو کے ساتھ نازیبا حرکت کرنیوالا شخص گرفتار,برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو کو میچز کے دوران گھورنے والے شخص کو دبئی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایما کے کوچ نے بتایا کہ وہ شخص ٹینس اسٹار کا 4ممالک میں پیچھا کرتا رہا، ابتدا میں ہم سمجھے کہ یہ محض مداح ہے مگر رفتہ رفتہ وہ شخص خاتون کھلاڑی کے جسمانی طورپر قریب آیا، سیلیفیاں لیں اور سکیورٹی گارڈ نہ ہونے کا موقع پا کر نوجوان کھلاڑی کو گلے لگالیا۔
3
چیف جسٹس کا پی ٹی آئی کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ سے گریز کا مشورہ، بیرسٹر گوہر کی تصدیق, جمعہ کو چیف جسٹس سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل ایک ذریعے نے بتایا کہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو سپریم جوڈیشل کمیشن کے آخری اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ اجلاس سپریم کورٹ میں عدالتی تقرریوں پر غور کیلئے طلب کیا گیا تھا۔
وفد کو بتایا گیا کہ اگر پی ٹی آئی کے ارکان اجلاس میں شریک ہوتے تو کچھ تقرریاں مختلف ہو سکتی تھیں۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے تصدیق کی کہ چیف جسٹس نے واقعی پی ٹی آئی کو نظام میں رہنے اور ججوں کی تقرری کے عمل کے بائیکاٹ سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
ملاقات میں شامل پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی اجلاس میں شریک ہوتی تو سپریم کورٹ کی بعض تقرریوں پر فرق پڑتا۔
4
یوکرینی صدر معدنیات امریکا پر قربان کرنے کو تیار ہوگئے: برطانوی میڈیا کا دعویٰ,برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہےکہ صدر زیلنسکی امریکا سے معاہدہ کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں جس کے تحت ملک کے اہم ترین معدنی ذخائر تک امریکا کو رسائی دے دی جائے گی۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اوریوکرین جنگ بندی کیلئے یوکرین سے 500 ارب ڈالرمعاوضہ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ پر ہم نے اپنا خزانہ خرچ کیا تھا۔صدر ٹرمپ کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے پہلے زیلنسکی نے کہا تھا کہ وہ یوکرین کا دفاع کریں گے،ملک بیچ نہیں سکتے۔رپورٹس کے مطابق زیلنسکی نے ملک کا بڑا حصہ پہلے گنوایا اور اب معدنیات بھی دینے پر راضی ہوگئے۔
5
حسن نصراللہ کی عوامی اجتماع میں تدفین کی تیاریاں، بغداد سے بیروت کی پروازوں کے تمام ٹکٹ فروخت,خبررساں ایجنسی کے مطابق جنازےکا اجتماع پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے بیروت کے مضافات میں اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جنازےکے اجتماع سےحزب اللہ سربراہ نعیم قاسم خطاب کریں گے۔
گزشتہ برس 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والےحسن نصر اللہ کو بیروت میں ائیرپورٹ روڈ کےقریب سپرد خاک کیا جائے گا۔حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد منتخب ہونے والے سیکرٹری جنرل شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ساتھ ادا کی جائےگی۔
6
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئررہنما بیرسٹرعلی ظفر نے بتایا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ملاقات میں ہمارا مؤقف سنا لیکن کوئی جواب نہیں دیا۔جمعہ کو اپوزیشن رہنماؤں کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے پابند سلاسل پارٹی سربراہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ کیا۔
سپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ملاقات میں عمر ایوب، شبلی فراز، بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ،ڈاکٹر بابر اعوان نے شرکت کی۔رجسٹرار محمد سلیم خان اورسیکرٹری قانون و انصاف کمیشن تنزیلہ صباحت نے چیف جسٹس کی معاونت کی۔پی ٹی آئی وفد کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی۔
7
بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ میں 4 ارب سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف,آڈیٹرجنرل رپورٹ کے مطابق مالی بے ضابطگیاں 2017 سے 2022 کے دوران ہوئیں اور 38 کروڑ 22 لاکھ 6 ہزار روپے کے اخراجات کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پوسٹ گریجوایٹس اسکالرشپ کی مد میں ایک ارب 16کروڑ کی بے ضابطگیاں ہوئیں جبکہ کتے کے کاٹے سے بچاؤ کی ویکسین مہنگے داموں خریدی گئیں۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق مقامی سطح پر ادویات کی خریداری میں 95 لاکھ سے زائد اور ایکسرے فلمز کی خریداری میں 73 لاکھ روپے سے زائد کی اضافی ادائیگی کی گئی۔


