1
خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اورسابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اب احساس ہوگیا ہے کہ یہ سسٹم ٹھیک کرنا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس صوبے میں جو سسٹم میں نے بنایا تھا پی ٹی آئی نے سب ختم کردیا ہے اور میں جیل میں بیٹھے بانی پی ٹی آئی سے پوچھتا ہوں میری پانچ سال کی محنت کو کیوں ضائع کیا جو لوگ کہتے تھے کہ کام پی ٹی آئی نے کیا ہے اور پرویز خٹک نے کچھ نہیں کیا تو ابھی بھی صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ کام کر کے دکھادیں۔ پولیس ریفارمز ، صحت کا نظام اور رشوت کیخلاف جنگ سب ختم ہوگیا ہے اور آج اس صوبے میں کیوں ترقی نہیں ہورہی؟ کیوں رشوت بڑھ رہی ہے؟، اسپتالوں میں ادویات نہیں مل رہی اور لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو
2
مصطفیٰ عامر کیس، پولیس کی ریمانڈ رپورٹ میں مزید انکشافات ،پولیس نے کیس میں مزید دو سہولت کاروں اور ایک لاپتہ لڑکی کا نام ظاہر کر دیا جبکہ ملزم ارمغان کی غیر قانونی سرگرمیوں اور منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا۔ریمانڈ رپورٹ کے مطابق ملزموں نے وقوعہ سے ایک روز قبل زوما نامی لڑکی پر بھی تشدد کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم ارمغان کے بنگلے سے 5 خون کے نمونے اور 4 کارپیٹ کے ٹکڑوں کے ڈی این اے کروایا گیا ہے جس میں سے ایک کارپیٹ کے ٹکڑے پر لگا خون مدعیہ کے خون سے میچ ہوا ہے اور دوکار پیٹ کے ٹکڑوں پر لگا خون کسی نامعلوم عورت کے ہونے کا سامنے آیا۔رپورٹ کے مطابق ملزموں نے دوران تفتیش ایک لڑکی کو مار پیٹ کر کے زخمی کرنے کا اعتراف کیا ہے اور لڑکی کا بیان لینا ہے اور اسکے بلڈ سیمپل کا ڈی این اے بھی کرانا ہے۔
3
پاک بحریہ کی مشق سی گارڈ کا انعقاد 24 سے 28 فروری تک ہو گاجس کا مقصد پاکستان کی سمندری حدود میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ذریعے سیکیورٹی کے موجودہ طریقہ کار کو جانچنا اورمشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔اس موقع پر کمانڈر کوسٹ، رئیر ایڈمرل فیصل امین نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ایک ہزار کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی بیش بہا قدرتی وسائل سے مالامال ہےگزشتہ سال 2024 میں مشق سی گارڈ سیریز کا انعقاد کیا گیا، جس میں 50 سے زائد اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جو کہ پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی کے مشترکہ مقصد میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر ان کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
4
پشاور پولیس لائن حملے میں ملوث سہولت کار ملزم کی درخواست ضمانت خارج،پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے کے مطابق ملزم امتیاز (عرف تورہ شپہ) نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا کہ ملزم اپنی بے گناہی ثابت نہ کرسکا۔پولیس لائن دھماکے میں 86 قیمتیں جانیں ضائع ہوئی ہیں جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔درخواست گزار کا تعلق افغانستان سے ہے اور درخواست گزار کے فیملی ممبران کا تعلق بھی کلعدم تنظیموں سے رہا ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزم کو رہا کیا گیا تو ایسی سرگرمیوں میں دوبارہ ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
5
نوجوانوں میں کینسر بڑھنے لگا، ڈاکٹرز حتمی وجہ کے تعین میں ناکام، ڈاکٹرز اس کی وجہ اینٹی بایوٹک کے غیر ضروری استعمال، کھانے میں غیر معیاری رنگ، موٹاپا اور گوشت کا زیادہ استعمال کو قرار دیتے ہیں، تاہم حتمی وجہ کا تعین اب تک نہ ہوسکا۔کراچی کے نوجوانوں میں کینسر کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں، کینسر رجسٹری میں 5 سال کے دوران ایک لاکھ مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، نوجوان مَردوں میں منہ اور خواتین میں چھاتی کے کینسر میں اضافہ ہورہا ہے، دو بڑے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ سال 8 ہزار کے قریب نئے مریض آئے۔
6
آصف نسوانہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب،ہفتے کے روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کا انعقاد ہوا جس میں حامد خان گروپ کے امیدوار آصف نسوانہ اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل صدر کے عہدے کے لئے مدمقابل تھے۔انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے امیداور آصف نسوانہ 7050 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے ثاقب اکرم گوندل 6460 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
7
پاکستان کی مقامی صرافہ اورعالمی مارکیٹ میں سال 2025 کے آغاز کے بعد مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے اور تین لاکھ روپے سے تجاوز کر چکاہے تاہم آج ایک مرتبہ پھر سے سونا ایک ہزار روپے فی تولہ مہنگا ہو گیا ہے ۔مقامی صرافہ بازاروں میں ہفتے کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 1000 روپے کا اضافہ ہوا، جس سے نئی قیمت 3 لاکھ 8 ہزار روپے ہو گئی۔اسی طرح ملک میں فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 857 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 64 ہزار 60 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔